مکرم لامین نیابلی صاحب ایریا مشنری فرافینی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے فرافینی ریجن کو اپنا ریجنل اجتماع مجلس انصار اللہ مورخہ ۲۰؍جون ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک ریجن کے مرکز فرافینی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ اجتماع کی صدارت مکرم ناصر گاساما صاحب معلم سلسلہ و نمائندہ نیشنل مجلس انصاراللہ نے کی۔ پروگرام کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ سے ہوا جو تمام احباب نے مسجد میں بیٹھ کر ایم ٹی اے کے ذریعہ براہ راست سنا۔ اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ مکرم فوڈے گاساما صاحب ریجنل صدر انصار اللہ نے افتتاحی تقریر میں تمام شاملین کو خوش آمدید کہا اور انصار اللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم سمباہ سو صاحب معلم سلسلہ نے ’’مالی قربانی‘‘ کی اہمیت پر تقریر کی۔ نماز جمعہ و نماز عصر کی ادائیگی کے بعد دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر اوّل و مبلغ انچارج نے آنحضرت ﷺ کی سیرت طیبہ پر تقریر کی۔ آخر پر صدر مجلس مکرم ناصر گاساما صاحب نے مکرم کیمو سونکو صاحب صدر مجلس انصار اللہ گیمبیا کا پیغام پڑھ کر سنایا اور مذہبی و تنظیمی ذمہ داریوں کے بارے میں توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا جس کے بعد تمام شاملین کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔ اس اجتماع میں ۳۱؍انصار، ۱۱؍خدام اور دو اطفال شامل ہوئے۔ یوں اجتماع کی کل حاضری ۴۴؍رہی۔ الحمدللہ (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: کوپیلا(Koupela)، برکینافاسو میں احمدیہ میڈیکل سنٹر کا بابرکت افتتاح نیز دیگر فلاحی منصوبہ جات کا اجرا