محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مورخہ ۲۵؍فروری ۲۰۲۵ء کو مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر(نمائندہ خصوصی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز) نے برکینافاسو کے کوپیلا (Koupela)ریجن میں احمدیہ میڈیکل سنٹر کا بابرکت افتتاح کیا۔ الحمدللہ اس سنٹر میں ۲۰؍کمروں پر مشتمل دو عمارتیں موجود ہیں۔ ایک عمارت میں شعبہ گائناکالوجی، زچہ و بچہ وارڈ، ڈیلیوری روم، الٹرا ساؤنڈ وارڈ اور فارمیسی وغیرہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اسی عمارت میں ان ڈور مریضان کے ليے ایک جنرل وارڈ اور دوپرائیویٹ کمرے بھی موجودہیں۔ دوسری عمارت میں جنرل میڈیکل اور لیبارٹری کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر اور ان کا عملہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے ليے ۲۴؍گھنٹے موجود ہوتے ہیں۔ لیبارٹری میں اس وقت ۳۰؍سے زائد مختلف اقسام کے Testکیے جارہے ہیں۔ فری میڈیکل کیمپ:۲۰؍بستروں پر مشتمل اس میڈیکل سنٹر نے اپنی تکمیل کے فوری بعد جولائی ۲۰۲۴ء سے ہی مقامی حالات کے پیش نظر ایک فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے ساتھ ا ہل علاقہ کی خدمت کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں اداکرنی شروع کردی تھیں۔ مورخہ۱۱ و ۱۲؍جولائی ۲۰۲۴ء کو منعقدہ اس فری میڈیکل کیمپ کے ذریعے ۶۳۰؍مریضوںکا طبی معائنہ کیا گیااور ابتدائی طبی معلومات فراہم کی گئی تھیں۔ بفضل اللہ تعالیٰ میڈیکل سنٹر کے افتتاح کے دن ہی ایک بچی کی پیدائش ہوئی۔ ایک سے دو ہفتے کے دوران ۷؍سے زائد مختلف میڈیکل سپیشلسٹ اس سنٹر میں مشورے کے ليے آتے ہیں جن میں امراض نسواں، دل، جلد، ہڈی اور ذیابیطس وغیرہ کے ماہرین شامل ہیں۔ جولائی ۲۰۲۴ء سے جنوری۲۰۲۵ء کے دوران تین ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ ان میں سے ۵۰؍سے زائد مستحق افرادکا مفت علاج کیا گیا۔ اس وقت ۲۰؍سے زائد افراد اس ادارے میں خدمت بجالانے کی توفیق پارہے ہیں۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء IAAAEکے تحت بننے والی نئی ٹینکی کا افتتاح: میڈیکل سنٹر کے افتتاح کے بعد IAAAEکے تعاون سے بنائی جانے والی پانی کی نئی ٹینکی کا افتتاح بھی ہوا۔ اس ٹینکی کو سولر پینل کے ساتھ انسٹال کیا گیا ہے۔ اہل علاقہ کی ضروریا ت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک حصہ لوگوں کے مفت پانی لینے کے ليے مختص ہے جبکہ ایک چھوٹا سا حصہ جانوروں کے پانی پینے کے ليے بھی بنایا گیا ہے۔ ریڈیو اسلامک احمدیہ کوپیلا کی عمارت کا سنگ بنیاد: اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریڈیو اسلامک احمدیہ کوپیلا نے اپنی نشریات کا آغازجولائی ۲۰۲۴ء سے کرلیا تھا لیکن باقاعدہ طورپر اس کی عمارت موجود نہیں تھی۔ اسی دن ۲۵؍فروری ۲۰۲۵ء کومکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب اور دیگر مقامی انتظامیہ نے عمارت کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ مسجد بیت اللطیف، کوپیلا کا باقاعدہ افتتاح: اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مسجد کی تعمیر تو چند سال قبل مکمل ہوگئی تھی لیکن باقاعدہ افتتاح عمل میں نہیں آیا تھا۔ چنانچہ اسی روز مورخہ۲۵؍فروری کو مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب نے اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور نماز ظہر و عصر کی امامت کروائی۔ اتھارٹیز کی شرکت اور ظہرانے کا اہتمام: ان سارے پروگرامز میںکوپیلا کے بادشاہ، مقامی و ریجنل انتظامیہ(دو صوبوں کے ہائی کمشنرز، ریجنل ڈائریکٹرکے نمائندے، صوبائی ڈائریکٹرز اور مختلف مذہبی و سماجی نمائندے) کے علاوہ محکمہ صحت سے تعلق رکھنے والے احباب و خواتین اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ابتدائی اندازے کے مطابق ۲۰۰؍احباب متوقع تھے لیکن افتتاح کے دن یہ تعداد ۳۰۰؍سے زائد ہو گئی۔ تمام احبا ب کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ پروگرامز میں شریک مہمانوں کے تاثرات: کوپیلا کے بادشاہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور جماعت احمدیہ کی خدمت میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت احمدیہ کی تعلیمی اور فلاحی کاوشیں جماعت احمدیہ کو دوسری مذہبی جماعتوں سے ممتاز کرتی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر احمدیہ میڈیکل سنٹر اور پانی کی ٹینکی کے حوالے سے ذاتی طورپر اور اہل علاقہ کی طرف سے شکریہ اداکیا اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ پر برکات نازل فرماتا چلاجائے۔ آمین اس صوبے کے ہائی کمشنرنے ہسپتال و ریڈیو اسلامک احمدیہ اور مفت صاف پانی مہیا کرنے پر جماعت احمدیہ کو مبارکباد پیش کی اور حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں برکینافاسو کے ليے خصوصی دعا کی درخواست کی۔ نیز گذشتہ کچھ عرصہ سے کوپیلا ریجن میں ہونے والی مختلف جماعتی سرگرمیوں کے بھرپور انعقاد پر بھی مسرت اور خوشنودی کا اظہار کیا۔ پریس اینڈ میڈیا: مقامی اور نیشنل سطح پر سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا نے بھرپور طریقے سے ان سارے پروگرامزکی کوریج کی جس کی بدولت اسلام کا حقیقی اورمثبت چہرہ جماعت احمدیہ کی وساطت سے لاکھوں لوگوں تک پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ اس میڈیکل سنٹر، پانی کی سہولت، ریڈیو سٹیشن اور دیگر فلاحی منصوبوں کے ذریعہ انسانیت کی بہترین خدمت اور اسلام احمدیت کا روشن پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے سامان پیدا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:سید حماد رضا پیرزادہ۔مبلغ سلسلہ کوپیلا، برکینافاسو) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کی ویب سائٹ کا اجرا