https://youtu.be/3GQoalaLQw4 اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۴؍جون ۲۰۲۵ء کو لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کے زیرِ انتظام بیت العافیت، المیرے میں سالانہ امن کانفرنس بعنوان ’’دنیا میں تبدیلی پیدا کریں اور امن کے لیے مل کر جدو جہد کریں‘‘ منعقد ہوئی۔ یہ کانفرنس لجنہ کی تین ماہ پر مشتمل امن مہم کا پہلا پروگرام تھا۔ امن مہم کے تحت ملک کی ۲۸؍مجالس کے ذریعہ امن کا پیغام پمفلٹس کی تقسیم اور چھ مختلف ریجنز میں منعقد ہونے والے پیس ڈائیلاگز کے ذریعہ ستمبر ۲۰۲۵ء تک پھیلایا جائے گا۔ ان شاء اللہ کانفرنس میں تقریباً ۹۴؍خواتین نے شرکت کی جن میں ۲۳؍غیر مسلم مہمان خواتین شامل تھیں۔ پروگرام ڈچ زبان میں پیش کیا گیا جبکہ انگریزی ترجمہ تحریری شکل میں اور عربی ترجمہ سکرین کے ذریعہ مہمانوں تک پہنچایا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرمہ ماہرہ صدیقی صاحبہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا جس کے بعد مسجد بیت العافیت کے ۲۰۱۹ء میں ہونے والے افتتاح پر تیار کردہ ایک ڈچ رپورٹ کی ویڈیو دکھائی گئی۔ نظم ’’دو گھڑی صبر سے کام لو ساتھیو‘‘ کا تعارف اور ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ تین معزز ڈچ مقررین کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی۔ محترمہ پیٹریشیا کیرولین ہاف مین صاحبہ (بانی تنظیم Mundo Unido)نے اپنی تنظیم کا تعارف پیش کیا۔ موصوفہ کو۲۰۲۳ء میں Inspirational Woman Awardدیا گیا تھا اور تین کتب کی مصنفہ ہیں۔ محترمہ Drs. Aagje Voordouw-MCC (یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز، ونڈس ہائم): موصوفہ تنوع، شمولیت اور قائدانہ صلاحیتوں پر تحقیق و تدریس سے وابستہ ہیں اور مختلف اداروں میں تربیتی پروگرامز کی راہنمائی کرچکی ہیں۔ مکرمہ عطیہ اسلم صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ ہالینڈنے امن کے قیام سے متعلق قرآنی تعلیمات، آنحضورﷺ کا اسوۂ حسنہ اور حضرت مسیح موعودؑ کی ہدایات پر روشنی ڈالی۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے عالمی امن سے متعلق ارشادات کا بھی تذکرہ کیا۔ اختتام پر محترمہ السکہ دی لانگ صدر Association of Freethinkers اور ان کی ساتھی خواتین نے نظم پیش کی۔ دعا کے بعد مہمانوں کو تبلیغی نمائش اور کتابوں کے سٹال دیکھنے کا موقع ملا۔صدر صاحبہ نے مقررین کو پھولوں کے ساتھ کتاب Revelation, Rationality, Knowledge and Truth اور کچھ دیگر کتب تحفۃً پیش کیں جبکہ دیگر مہمانوں کو کتاب اسلامی اصول کی فلاسفی پیش کی گئی۔تمام مقررین کے انٹرویوز بھی ریکارڈ کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ اس بابرکت کاوش کو قبول فرمائے اور دنیا میں حقیقی و پائیدار امن کے قیام کے لیے ہماری کوششوں میں برکت عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عابدہ محمود چودھری۔ نیشنل سیکرٹری تبلیغ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: فن لینڈ کے شہر Riihimäkiکی سٹی لائبریری میں قرآن کریم کی تیس روزہ نمائش