اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجرکو اپنا سترھواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۱۰ و ۱۱؍مئی۲۰۲۵ءکو محمدآباد میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط تحریر کرکے تیاری کا آغاز کر دیا گیا۔ مکرم عبدالرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر اور اُن کی عاملہ نے باہمی مشورہ اور مکرم امیر صاحب نائیجر کی راہنمائی میں مختلف شعبہ جات بنا کر خدام کو تفویض کیے۔ چنانچہ اجتماع سے تین روز قبل ہی تمام ٹیمیں اجتماع گاہ پہنچیں اور اجتماع کے انتظامات کو مکمل کیا۔ نائیجرکے طول و عرض سے خدام سالانہ اجتماع میں شمولیت کے لیے مورخہ۹؍مئی ۲۰۲۵ء کوریجن مارادی کے ڈیپارٹمنٹ گڈاں رومجی میں واقع محمد آباد تشریف لے آئے۔ بایں ہمہ نماز جمعہ سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کا براہ راست ایم ٹی اے پر ’ہاؤسا‘ زبان میں ترجمہ سنا گیا اور نماز جمعہ ادا کی گئی۔ اجتماع کے پہلےدن کا آغاز حسبِ پروگرام نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز فجر کی ادائیگی کےبعدمکرم عبدالفتاح صاحب معلم سلسلہ نے ’’نماز باجماعت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس دیا جس کے بعد تیاری کے ليے کچھ وقت دیا گیا اور صبح آٹھ بجے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نائیجر کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور ترانہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے ’’خلافت احمدیہ خدا سے مضبوط تعلق پیدا کرنے کا ذریعہ ہے‘‘ کے موضوع پر اپنے افتتاحی کلمات میں خدام کو توجہ دلائی اور پھر دعا کروائی۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کے ابتدائی مراحل کےمقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جن میں مقابلہ فٹ بال اور رسہ کشی کے میچز شامل تھے۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد مکرم محمد جمال صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ نائیجر کی زیر نگرانی علمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں حسن قرأت، اذان، دینی معلومات اور حفظ ادعیہ رسولﷺ شامل تھے۔ مقابلہ جات کے بعد نماز مغرب و عشاء باجماعت اداکی گئیں۔ طعام کے بعد سوال و جواب کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں خدام نے بڑھ چڑھ کر نہ صرف حصہ لیا بلکہ مختلف فقہی اور اختلافی مسائل پر سوالات بھی پوچھے۔ اس کے ساتھ بابرکت اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔ دوسرے دن کا آغاز بھی نمازِ تہجد کی ادائیگی سے ہوا جس کے بعد نمازِ فجر اور درس کا اہتمام کیا گیا۔ نمازِ فجر کے بعد سے ہی فائنل مقابلہ جات منعقد ہوئے اور بارہ بجے دوپہر اختتامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے میئر اور پریفے کے جنرل سیکرٹری نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مہمان خصوصی نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و قصیدہ کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نےاجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیر صاحب اور مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والےخدام میں انعامات تقسیم کیے۔ امسال نیامے ریجن نمایاں کامیابیوں کے ساتھ سر فہرست رہا۔ آخر میں صدر اجلاس نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام خدام کو اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنےاور خلافت سے وفادار رہنے کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔ اس کے بعد ایک ایک کر کے قافلے اپنے اپنے ریجنز کو واپس روانہ ہونا شروع ہو گئے اور اس کے ساتھ یہ سالانہ اجتماع اپنےاختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک امسال اجتماع کی کُل حاضری ۸۳۶؍رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اور منتظمین کی کوششوں کو قبول فرمائے اورانہیں جزائے خیر سے نوازے۔ آمین (رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن بانزا گونگو (Mbanza-Ngungu) کا چودھواں جلسہ سالانہ