انٹرنیشنل تعلیم القرآن اکیڈمی جلسہ سالانہ یوکے پر اس شعبہ کی یہ مسلسل تیسرے سال کی نمائش ہے۔ اس ادارہ کا آغاز اکتوبر۲۰۲۰ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات پر کیا گیا جس کا مقصد افراد جماعت کو قرآن کریم ناظرہ اور ترجمہ سیکھنے اور سکھانے کے لیے باقاعدہ کورس اور اساتذہ کی صورت میں مدد فراہم کرنا ہے۔ نمائش میں قرآن کریم سے متعلق آیات، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے سلسلہ احمدیہ کے اقتباسات پیش کیے گئے ہیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس کا درج ذیل اقتباس نمائش کی زینت ہے:‘‘دلوں کو اللہ تعالیٰ کے نور سے بھرنے کے لئے ، یہ دیکھنے کے لئے کہ کون سی باتیں ہیں جن سے اللہ تعالیٰ نے منع فرمایا ہے اور کون سی باتیں ہیں جن کے کرنے کا خدا تعالیٰ نے حکم عطا فرمایا ہے ہمیں قرآن شریف سیکھنا اور پڑھنا چاہئے۔جن کو قرآن کریم کا ترجمہ آتا ہے وہ دوسروں کو سکھائیں۔قرآن کریم کے درس کو روزانہ جماعتوں میں رواج دیں، چاہے چند منٹ کا ہی ہو…تلاوت قرآن کریم تو بہر حال ہر احمدی کو روزانہ ضرور کرنی چاہئے تا کہ قرآن کریم کی برکات نازل ہوں اور دل تقویٰ سے بھرتے چلے جائیں۔’’(خطبات مسرور جلد ۲صفحہ ۲۲۰-۲۲۱) اس اکیڈمی میں دنیا بھر سے احمدی آن لائن رجسٹر ہو کے کلاسز لے سکتے ہیں۔ مختلف زبانوں میں اساتذہ میسر ہیں جن کی کل تعداد ۴۵۰ سے زائد ہے۔رجسٹریشن اور مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ درج ذیل ہے۔ https://www.itqa.org.uk شعبہ تاریخ احمدیت یوکے اس سال شعبہ تاریخ احمدیت کی نمائش کا موضوع تکمیل اشاعت ہدایت ہے۔ جس کے تحت مغربی ممالک کے اخبارات کے بعض تراشے دیے گئے ہیں جن میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام ،حضرت مصلح موعود ؓ کا سفر یورپ ۱۹۲۴ءنیز سفر یورپ ۱۹۵۵ءکے علاوہ مبلغین سلسلہ اورمسجد فضل لندن وغیرہ کا بھی ذکر ہے۔اس کے علاوہ ویڈیو سکرین پر شعبہ تاریخ احمدیت یوکے کی تحقیق میں سے بعض معلومات سلائیڈز کی صورت میں آویزاں کی گئی ہیں۔مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ ملاحظہ فرمائیں۔ https://history.ahmadiyya.uk مرکزی پریس اینڈ میڈیا شعبہ پریس اینڈ میڈیا کے تحت اس سال نمائش کا موضوع عالمی جنگیں اور ان سے بچنے کے لیے اسلام کی تعلیمات ہے۔ نمائش میں جنگ عظیم اول، جنگ عظیم دوم، کوریا کی جنگ،ویتنام جنگ نیز موجودہ زمانہ کی جنگوں میں سے روس و یوکرین کی جنگ اور اسرائیل و غزہ کی جنگ میں ہونے والےنقصانات کے اعداد وشمار دیے گئے ہیں۔اس سے آگے مختلف عالمی لیڈروں کے موضوع سے متعلقہ اقوال پیش کیے گئے ہیں۔ اور آخر میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات میں سے اقتباسات مع تصاویر آویزاں کیے گئے ہیں۔ جس میں قیام امن سے متعلق اسلامی تعلیمات کا خلاصہ بیان کیا گیا ہے۔ مرکزی شعبہ آئی ٹی یوکے اس شعبہ کے تحت نمائش کا موضوع Golden Age of Islam یعنی اسلام کا سنہری دور ہے۔ نمائش کے شروع میں سورت آل عمران کی آیات ۱۹۱ تا ۱۹۲ مع اردو و انگریزی ترجمہ دی گئی ہیں۔ نمائش میں ایجادات و سائنسی علوم میں مسلمانوں کا اہم کردار مع مختصر تعارف پیش کیا گیا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے درج ذیل اقتباس کا انگریزی ترجمہ اس نمائش کی زینت ہے۔ ‘‘کوئی شخص ریل کا موجد ہو یا تارکا یا فوٹو گراف کا یا پریس کا یا کسی اور صنعت کا اس کو اقرار کرنا پڑتا ہے کہ وہ ان قوتوں کا موجد نہیں جن قوتوں کے استعمال سے وہ کسی صنعت کو طیار کرتا ہے بلکہ یہ تمام موجد بنی بنائی قوتوں سے کام لیتے ہیں جیسا کہ انجن چلانے میں بھاپ کا طاقتوں سے کام لیا جاتا ہے پس فرق یہی ہے کہ خدا نے عنصر وغیرہ میں یہ طاقتیں خود پیدا کی ہیں مگر یہ لوگ خود طاقتیں اور قوتیں پیدا نہیں کرسکتے۔”(نسیم دعوت ،روحانی خزائن جلد ۱۹ صفحہ۳۸۴) نمائش شعبہ امور خارجہ اس شعبہ کے تحت پاکستان میں احمدیوں پر ہونے والے مظالم اور اسرائیل غزہ جنگ سے متعلق تفصیلات مختصر طور پر بیان کی گئی ہیں۔ پاکستان کے اینٹی احمدیہ قوانین یعنی سیکشن ۲۹۸سی کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری بنام Section ۲۹۸ ویڈیو سکرین پر چلائی جارہی ہے جس میں پاکستانی احمدیوں پر ہونے والے معاشرتی بائیکاٹ، قوانین اور مظالم کو کچھ احمدیوں کی زبانی پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مئی ۲۰۱۰ء لاہور میںاحمدیہ مساجد پر ہونے والے حملہ کی بعض تصاویر اور حضور انور کے بعض اقتباسات انگریزی زبان میں آویزاں کیے گئے ہیں۔ شعبہ رشتہ ناطہ اس نمائش میں رشتہ ناطہ سے متعلق منتخب قرآنی آیات، حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام و خلفائے سلسلہ احمدیہ کے اقتباس پیش کیے گئے ہیںجس کا مرکزی موضوع تقویٰ ہے نیز حضرت مسیح موعود ؑکا یہ الہامی شعر انگریزی ترجمہ کے ساتھ آویزاں کیا گیا ہے ۔ ہر اک نیکی کی جڑ یہ اتقا ہے اگر یہ جڑ رہی سب کچھ رہا ہے اس کے علاوہ استخارہ کا لغوی مطلب اور مقصد بیان کیا گیا ہے کہ زندگی کے ہر اہم کام میں اللہ تعالیٰ سے خیر طلب کرنا اس کا مقصد ہے نیز یہ کہ استخارہ صرف شادی سے مخصوص نہیں۔ رشتہ ناطہ کی ویب سائٹ بھی نمائش کا حصہ ہے جس پر خواہشمند حضرات رجسٹر کر کے اپنے کوائف اپلوڈ کر سکتے ہیں۔ نمائش شعبہ وقف نو انٹرنیشنل شعبہ وقف نو کی نمائش کا مرکزی موضوع وقف کی حقیقت اور اس کی اصل روح ہے۔ اس کے لیے قرآن کریم سے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور آپ کے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کی قربانی اور اللہ تعالیٰ سے وفا کا ذکر کیا گیا ہے۔ایک ساؤنڈ پروف کمرہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے اندر ایک بڑی سکرین پر۳ منٹ کی ویڈیو ڈاکومنٹری چلائی جارہی ہے جس میں قرآنی آیات کی روشنی میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور آپ کے اہل بیت کے حوالے سے وقف کی حقیقت بیان کی گئی ہے۔ وقف نو انٹرنیشنل کی طرف سے دو سہ ماہی رسائل اسماعیل اور مریم کے نام سے اردو و انگریزی زبان میں جاری ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے وقف نو انٹرنیشنل کی مرکزی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔https://www.waqfenauintl.org نمائش مجلس خدام الاحمدیہ انٹرنیشنل اس نمائش میں خدام الاحمدیہ کی سرگرمیاں تصویری صورت میں پیش کی گئی ہیں۔ خدام الاحمدیہ یوکے کے علاوہ امریکہ، کینیڈا، بیلجیم اور فرانس وغیرہ کے پوسٹرز نمایاں ہیں۔سوشل میڈیا اور پریس کے ذریعہ خدام الاحمدیہ کی کاوشوں کو اعداد و شمار کی صورت میں پیش کیا گیا ہے ۔ سالانہ اجتماعات اور تربیتی و جسمانی مقابلہ جات کی بعض جھلکیاں بھی ان تصاویر کا حصہ ہیں۔ ریویو آف ریلیجنز اور نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ برطانیہ کی مشترکہ نمائش اس سال جلسہ سالانہ یوکے کے بابرکت موقع پر ریویو آف ریلیجنز اور نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ برطانیہ نے مشترکہ کاوش سے نمائش کا انتظام کیا ہے۔ نمائش کے پہلے حصہ میں مکہ کی نہایت قدیم تاریخ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ تحقیق کے مطابق مکہ میں ہزاروں سال پہلے بھی انسانی آبادی موجود تھی۔ آثارقدیمہ کے ماہرین کے مطابق دس ہزارسال قبل مسیح کی عرب آبادی کے آثار ثابت شدہ ہیں۔ چار ہزار سال قبل مسیح حضرت آدم علیہ السلام کے مکہ میں کعبہ کی تعمیر کا ذکر کیا گیا ہے۔ توحید کا یہ مرکز وقت کے ساتھ جب لوگوں کی غفلت اور مشرکانہ رسوم کی وجہ سے بظاہر توحید سے دُور جا پڑا تھا تب دو ہزار سال قبل مسیح میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اس کی بنیادوں کو دوبارہ کھڑا کیا جیسا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اور جب ابراہیم اُس خاص گھر کی بنیادوں کو اُستوار کر رہا تھا اور اسماعیل بھی (یہ دعا کرتے ہوئے) کہ اے ہمارے ربّ! ہماری طرف سے قبول کر لے۔ یقیناً تو ہی بہت سننے والا (اور) دائمی علم رکھنے والا ہے۔(البقرۃ:۱۲۸) پھر ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی مکہ میں پیدائش اور بعثت سے یہ مقصد پایہ تکمیل کو پہنچا اور آج ساری دنیا سے مسلمان توحید کے پرچم تلے کعبہ کا طواف کرتے ہیں اور خدا کی بارگاہ میں لَبَّیْکَ اَللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ کے نعرے بلند کرتے ہیں۔ اس سے آگے کعبہ کی تصاویر کے ساتھ یہ آیت مع انگریزی ترجمہ درج ہے۔ اِنَّ اَوَّلَ بَیۡتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیۡ بِبَکَّۃَ مُبٰرَکًا وَّہُدًی لِّلۡعٰلَمِیۡنَ (آل عمران:۹۷) یقیناً پہلا گھر جو بنی نوع انسان (کے فائدے) کے لئے بنایا گیا وہ ہے جو بَکَّہ میں ہے۔ (وہ) مبارک اور باعثِ ہدایت بنایا گیا تمام جہانوں کے لئے۔ اس کے بعد بکہ اور مکہ کے لغوی معنی پیش کرکے بتایا گیا ہے کہ بکہ اصل میں مکہ کا ہی دوسرا نام ہے اور یہ ہم معنی الفاظ ہیں۔ اس کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا شجرہ نسب حضرت ابراہیم علیہ السلام تک پیش کیا گیا ہے۔ اس سے آگے دوسرے حصے میں ایک مصری فوٹو گرافر اور مصنف صادق بے کی تصویر کے ساتھ اس کا تعارف درج ہے جس نے ۱۸۸۰ء کی دہائی میں مکہ و مدینہ کا دورہ کرکے وہاں کے مقدس مقامات کی تصاویر لیں اور انہیں شائع کیا۔کعبہ کی دورِ جدید میں تصاویر لینے والے اور اسے شائع کرنے والے آپ پہلے شخص تھے۔اس تاریخی کام کی وجہ سے صادق بے کو جغرافیہ کی عالمی کانفرنس کی طرف سے ۱۸۸۱ء میں گولڈ میڈل دیا گیا۔ اس سے آگے ایک بہت بڑی سکرین نصب کی گئی ہے جس میں کعبہ کی تصاویر سلائیڈز کی صورت میں دکھائی گئی ہیں۔ اس سے اگلے حصہ میں غار حرا کی تصاویر کے ساتھ اس کا تعارف پیش کیا گیا۔ غارحرا کا دوسرا نام جبل النور بھی ہے جو ۶۴۲؍میٹر کی بلندی پر ہےاس کی لمبائی ۳.۵؍میٹر اور چوڑائی ۱.۵؍میٹر ہے۔ اس کے بعد عرب کے قدیم شعراء کا ذکر کیا گیا ہے اور المعلقات السبع کے تعارف کے ساتھ نیچے سات عربی اشعار ان نظموں میں سے دیے گئے ہیں جو اسلام سے پہلے کعبہ کی چادروں پر تحریر شدہ تھے۔ صحابیٔ رسولؐ حضرت حسان بن ثابت ؓ کے تعارف کے ساتھ ان کا یہ شعر مع انگریزی ترجمہ درج کیا گیا ہے جو آپ نے رسول اللہ ﷺ کی وفات کے موقع پر پڑھا۔ كنت السواد لناظري فعمي عليك الناظر من شاء بعدك فليمت فعليك كنت أحاذر یعنی تُومیری آنکھ کی پُتلی تھا۔ تیری موت سے میری آنکھیں اندھی ہو گئیں۔ اب تیرے بعد کوئی مرے یا جیئے ہمیں کیا۔ مجھےتو تیری زندگی کی پروا تھی۔ اس وقت عرب میں استعمال ہونے والے دینار اور درھم کے سکوں کی تصاویر اور تعارف پیش کیا گیا ہے۔ پھر عرب ممالک کے ایک نقشہ کے ساتھ آنحضرت ﷺ کے قبل از بعثت تجارتی سفروں کا ذکر کیا گیا ہے ۔ آپ کا پہلا سفر اپنے چچا ابوطالب کے ساتھ شام تک بیان کیا جاتا ہے۔ تجارتی سفروں کے لیے اس وقت اونٹ کی سواری کا استعمال کیا جاتا تھا جسے ایک تصویر اور مختصر تعارف کے ساتھ اس حصہ میں دکھایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی عرب میں اس وقت استعمال ہونے والے برتن، کپڑوں کی اقسام اور غذا کا ذکر کیا گیا ہے۔ پھر قبل از اسلام قبائل اور عرب ریاستوں کے نام مع مختصر تعارف درج کیے گئے ہیں۔ حج کے موقع پر کعبہ کی تصویر کے ساتھ حج کرنے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔ پھر حجر اسود اور چشمہ زم زم کا تاریخی تعارف پیش کیا گیا ہے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے قبل از خلافت اکتوبر ۱۹۱۲ء میں سفر حج فرمایا تو حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ سے خطوط کے ذریعے رابطہ رہا۔ ان میں سے منتخب خطوط کا انگریزی ترجمہ حضرت مصلح موعودؓ کی تصویر کے تحت دیا گیا ہے۔ اس سفر میں آپ کے ساتھ عبدالمحی صاحب المعروف عرب صاحب بھی تھے اور حضرت میر ناصر نواب صاحب بھی بمبئی سے آپ کے ساتھ اس سفر میں شامل ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی حضرت یعقوب علی عرفانی صاحب ؓ کی سلطان ابن سعود سے ملاقات کا ذکر اور اس گفتگو کا انگریزی ترجمہ درج ہے جو آپ دونوں کے درمیان اس وقت ہوئی جب عرفانی صاحب حج کی غرض سے ۱۹۲۷ء میں مکہ مکرمہ میں مقیم تھے۔عرفانی صاحب نے اپنے اس سفر حج اور ملاقات کا ذکر اپنی تصنیف کتاب الحج میں کیا ہے۔ قرآن کے قدیم ترین نسخوں میں سے دو صفحات کی تصاویر بھی نمائش کا حصہ ہیں، اس کے ساتھ ہی عرب میں اس وقت استعمال ہونے والے ایک مشکیزہ کا نمونہ بھی رکھا گیا ہے جو بکری کی کھال سے بنایا جاتا تھا۔ مکہ سے متعلق نمائش والا حصہ یہاں ختم ہوتا ہے اور دوسری طرف بعض انگریزی کتب پر مشتمل ایک میز رکھا گیا ہے۔ ویڈیو سکرین پر نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت برطانیہ کے یوٹیوب چینل Rational Religion سے ایک ویڈیو لگائی گئی ہے۔ اس سے اگلے حصہ میں موجودہ دور میں مغرب میں پیش آنے والے بعض معاشرتی مسائل اور ان کا حل اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تصویری اور تحریری صورت میں دکھایا گیا ہے۔ (رپورٹ:احسان احمد۔ ٹیم الفضل انٹرنیشنل)