۱۱؍جولائی جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ آسمان جزوی طور پر ابر آلود تھا، نماز جمعہ تک آسمان صاف ہوگیا اور دھوپ بھی نکل آئی، جس سےموسم کچھ گرم ہوگیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۵؍ اور کم سے کم ۲۷درجہ سینٹی گریڈتھا۔ نماز مغرب کے بعد بادل آگئے اور کچھ دیر کے ليے بارش بھی ہوئی اور تیز ہوا چلتی رہی، بارش اور ہوا کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ہفتہ کو مطلع کسی حد تک ابر آلود تھا۔ ہوا چل رہی تھی، جو شام کے وقت ٹھنڈی ہوگئی۔ اتوار کو صبح کے وقت حبس تھا لیکن خنکی کی وجہ سے موسم ٹھیک لگ رہا تھا۔ آہستہ ہوا چلنا شروع ہوئی اور دس بجے تک اس میں تیزی آگئی۔ دوپہر کو شمال مشرق کی طرف سے کالے اور گھنے بادل آگئے اور پھر تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش نے اپنا رنگ جمایا۔ آجکل فیصل آباد، لاہور اور سیالکوٹ میں تیز بارشیں ہورہی ہیں۔ یہ سیاہ بادل انہی شہروں میں بارش برسا کر ربوہ آئے تھے۔ سوموار کو دوپہر تک آسمان بادلوں سے بھرا ہوا تھا اور ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، بعد دوپہر بادلوں کی تہ کچھ ہلکی ہوگئی۔ منگل کو صبح کے وقت آسمان پر مکمل بادل تھے اور ہوا بند تھی تاہم خنکی کی وجہ سے حبس نہیں تھا۔ صبح سے دوپہر تک درمیانی رفتار سے مسلسل بارش ہوتی رہی۔ بعد دوپہر بارش تو بند ہوگئی لیکن بادل موجود رہے۔ رات دو بجے بارش پھر شروع ہوگئی اور رات بھر جاری رہی۔ جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔ ان بارشوں کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، اور ٹمپریچر گِر گیا ہے۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۹؍ اور کم سے کم ۲۶؍درجہ سینٹی گریڈتھا۔ بدھ کو گذشتہ رات سے ہونے والی بارش جاری تھی جو ظہر کی نماز کے وقت کچھ ہلکی ہوئی۔ عصر کے وقت بادل پھر آسمان پر چھا گئے اور ہلکی بارش شروع ہوگئی۔ یہ ہفتہ بارشوں کا ہفتہ تھا۔ آجکل ملک بارشوں کی لپیٹ میں ہے۔ لاہور میں تو اتوار تا جمعرات لگا تار موسلا دھار بارشیں ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں ۲۰۰ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ جمعرات کو آسمان ابر آلود تھا، تیز ٹھنڈی ہوا چلتی رہی، اور موسم خوشگوار بنا رہا۔ (ابو سدید)