حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ ۱۸؍جولائی ۲۰۲۵ء میں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۵ء کے کامیاب انعقاد کے لیے دعا کی تحریک فرمائی اور کارکنان جلسہ سالانہ کو نصائح فرمائیں۔ حضور انور نے فرمایا کہ اگلے جمعے سے انشاء اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ بھی شروع ہورہا ہے۔ اس کے لیے بھی دعا کریں اللہ تعالیٰ اپنے فضلوں سے جلسے کو بابرکت فرمائے اور ہر پروگرام کو اپنے فضلوں سے نوازتا رہے۔ اور اللہ تعالیٰ ہر شریر اور کسی بھی نقصان پہنچانے کی نیت رکھنے والے کے شر سے بچائے۔ جو مہمان اندرون ملک سے آرہے ہیں یا بیرون ملک سے آرہے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں خیریت سے لائے اور یہاں انہیں ہر طرح سے اپنی حفاظت میں رکھے۔ لوگوں کے جو ذاتی مہمان جلسے کے لیے آرہے ہیں یا جماعتی انتظام کے تحت مہمان نوازی کے شعبے کے تحت ان کا انتظام ہوگا اللہ تعالیٰ ہر میزبان کو ان کی مہمان نوازی کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ کارکنان جو بڑے شوق اور جذبے سے اپنے آپ کو جلسے کی ڈیوٹیوں کے لیے پیش کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان سب کو بے لوث ہو کر اپنے اپنے شعبہ میں خدمت کی توفیق دے اور نہایت عزت و احترام اور نرمی اور خوش مزاجی سے وہ مہمانوں کی خدمت کریں۔ بعض دفعہ کام کی زیادتی اور نیند کی کمی کی وجہ سے بعض کارکنوں کی خوش مزاجی متاثر ہو جاتی ہے لیکن ہر کارکن کو جس کی کسی بھی شعبے میں ڈیوٹی ہے یہ سوچ کر یہ دن گزارنے چاہئیں کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے مہمانوں کی خدمت کی توفیق دی ہے، اس کا موقع دیا ہے۔ اس لیے اس کے لیے ہم ہر قربانی کرتے ہوئے اپنے خدمت کے جذبے کو قائم رکھیں گے اور کسی قسم کی بد مزاجی نہیں دکھائیں گے اور ہمیشہ ہمارے چہروں پر مسکراہٹ رہے گی۔ نوجوان بچیاں ہیں یا عورتیں ہیں یا نوجوان لڑکے ہیں یا بڑی عمر کے مرد ہیں، افسر ہیں یا معاون ہیں، کھانا پکانے اور لنگر کا انتظام چلانے والے کارکن ہیں یا کھانا کھلانے والے ہیں، سیکیورٹی والے ہیں یا پارکنگ والے ہیں، صفائی اور ہائیجین کے کارکن ہیں یا اندرونی اور بیرونی ڈسپلن قائم کرنے والے ہیں یا انٹری گیٹ کے اوپر جو لوگ متعین ہیں، بچوں کی مارکی میں ڈیوٹی دینے والی بچیاں ہیں یا مین جلسہ گاہ میں ڈیوٹی دینے والی لڑکیاں اور لڑکے اور مرد ہیں، عورتیں ہیں، سب کو ہمیشہ اپنے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ اپنے کام سر انجام دینے چاہیئں۔ اللہ تعالیٰ اس کی توفیق دے۔ لیکن ساتھ ہی گہری نظر بھی ہر ایک پر رکھنی چاہیے تاکہ کسی کو کبھی کوئی شر پھیلانے کی جرأت پیدا نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ سب کارکنوں کو احسن رنگ میں خدمت کی توفیق دے اور یہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے والے بنیں۔