حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں :’’ان مخالفتوں کے پھل یقیناً جماعت کی کامیابی کی صورت میں لگنے ہیں اور ضرور لگنے ہیں اور لگ رہے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ہزار کوششوںکے باوجود بھی جماعت کو پھلنے پھولنے اور بڑھنے سے نہیں روک سکتی ۔ اگر ہمارا اپنے محبوب حقیقی سے تعلق مضبوطی کی طرف بڑھتا چلا جائے تو جماعت کی عظیم کامیابیوں کو ہم اپنی زندگیوں میں دیکھ سکتے ہیں…پس ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ان واقعات میں جو جماعتی قربانی کی صورت میں ہوئے۔ جس طرح پہلے سے بڑھ کر ہمیں خدا تعالیٰ کی طرف راغب کیا ہے ۔ اس جذبہ کو ، اس ایمانی حرارت کو، اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی آہ و بکا کے عمل کو اپنے اندر پاک تبدیلیوں کی کوششوں کو کبھی کمزور نہ ہونے دیں۔ کبھی اپنے بھائیوں کی قربانیوں کو مرنے نہ دیںجو اپنی جان کی قربانیاں دے کر ہمیں زندگی کے نئے راستے دکھا گئے۔ اگر ہم نے اپنی سوچوں اور اپنے عملوں کو اس نہج پر چلایا تو خدا تعالیٰ کی غیر معمولی نصرت کے نظارے بھی ہم دیکھیں گے۔ انشاء اللّٰہ۔ اَلَاۤ اِنَّ نَصۡرَ اللّٰہِ قَرِیۡبٌ…کی جان فضا اور پُر شوکت آواز بھی ہم سنیں گے اور اِنَّا فَتَحۡنَا لَکَ فَتۡحًا مُّبِیۡنًا…کی خوش خبری اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔ (اختتامی خطاب جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۱۰ءمطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۳۰؍جولائی۲۰۱۰ء)