https://youtu.be/2E2m5OPjDVg اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جامعہ احمدیہ نائیجیریا کو اپنی تقریب تقسیم اسناد جامعہ کے احاطہ میں مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں فارغ التحصیل ہونے والے ۱۴؍معلمین کو اسناد سے نوازا گیا۔ الحمدللہ اس بابرکت اور پُروقار تقریب کے مہمان خصوصی مکرم الحاج عبدالعزیز فولورنشو الاتوے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا تھے۔ امیر صاحب نے اپنی تقریر میں فارغ التحصیل معلمین کو خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے اور خلیفہ وقت کے وفادار خادم بن کر عاجزی کے ساتھ خدمت کرنے کی نصیحت کی۔ مکرم حافظ سید شاہد احمد صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ نائیجیریا نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں تعلیمی، ورزشی مقابلہ جات اور مجلس خدام الاحمدیہ کی سرگرمیوں سمیت مختلف شعبہ جات کی نمایاں کامیابیاں بھی بیان کیں۔ مکرم عدنان احمدطاہر صاحب مبلغ انچارج نے اپنی تقریر میں نئے معلمین کو ان کی مقدس ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔ اس تقریب میں جماعت کی دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں نائب امیر صاحب، صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نائیجیریا، پرنسپل احمدیہ سائنس کالج الارو، ہیڈآف مسرور ٹیکنیکل کالج الارو، حفاظ و حافظات کلاسز کے کوآرڈینیٹرز اور دیگر کئی معزز احباب شامل تھے۔ اس بابرکت تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہر واقف زندگی کو خلافت کا سچا مطیع اور سلطان نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین (رپورٹ : سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کی ۲۵ویں مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء