https://youtu.be/4eAmnXYkgWU ٭… لگ بھگ ۶۰؍برطانوی لیبر ارکانِ پارلیمنٹ نے وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لامی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ فلسطین کو فوراً بطور ریاست تسلیم کرے۔ یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے تمام باشندوں کو جبراً رفح کے کھنڈرات میں قائم ایک کیمپ میں منتقل کیا جائے گا۔ خط میں ارکان پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ انہیں یقین ہے کہ غزہ میں جاری اقدامات دراصل نسلی تطہیر (ethnic cleansing) ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع کا اعلان انسانیت کے خلاف جرم کا آپریشنل منصوبہ ہے، یہ منصوبہ ایک پوری آبادی کو جبری طور پر بے دخل کرنے کا منظم طریقہ کار معلوم ہوتا ہے۔یہ خط Labour Friends of Palestine and the Middle East کی جانب سے ترتیب دیا گیا ہے اور اس پر پارٹی کے مختلف دھڑوں سے تعلق رکھنے والے ۵۹؍ایم پیز کے دستخط موجود ہیں۔ ٭… برطانیہ کی حکومت نے نوجوانوں کے لیے ایک نیا اقدام شروع کیا ہے جسے ’’یوتھ گارنٹی‘‘(Youth Guarantee) کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ہے کہ ہر اٹھارہ سے اکیس سالہ نوجوان یا تو روزگار میں، کسی تربیتی پروگرام میں شامل ہو یا تعلیم حاصل کر رہا ہو۔ یہ اسکیم ’’پلان فار چینج‘‘ کے تحت متعارف کروائی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھائے جائیں اور ان کے راستے کی رکاوٹیں ختم کی جا سکیں۔اس تمام عمل کے لیے حکومت نے ۴۵؍ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کی ہے۔اب نوجوانوں کی رائے سے پالیسیاں بنیں گی، حکومت نے نوجوانوں کی راہنمائی کے لیے ایک ’یوتھ ایڈوائزری پینل‘ بھی قائم کیا ہے تاکہ نوجوانوں کی آراء سے یہ منصوبہ بہتر طریقے سے تشکیل دیا جا سکے۔ ٭… امریکی ریاست میساچیوسٹس میں معمر افراد کے نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے ۹؍افراد ہلاک اور ۳۰؍زخمی ہوگئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریاستی دارالحکومت بوسٹن سے امریکی حکام کے مطابق فال ریور کے نرسنگ ہوم میں آگ لگنے کا واقعہ گذشتہ رات پیش آیا، آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران پانچ فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے۔حکام کے مطابق آگ لگنے کے بعد متعدد افراد کو کھڑکیوں سے کودنے کی کوشش کے دوران بچایا گیا، آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ٭… ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جنگ کا مقصد ایران میں نظام کا تختہ الٹنا تھا، ایران کسی بھی نئے فوجی حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران دشمنوں کو اسرائیل والی جنگ سے بھی بڑا دھچکا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، امریکہ اسرائیل کے جرائم میں شریک ہے۔دوسری جانب امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران سے نیوکلیئر ڈیل کے لیے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا۔ ٭… ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ دو سال پہلے نیتن یاہو نے غزہ جنگ میں فتح کی بات کی لیکن سب اُلٹ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں شہید بارہ سائنسدانوں نے ایک سو سے زائد نئے سائنسدان بنائے۔ حماس میں دو لاکھ نئی بھرتیوں کے بعد آج غزہ اسرائیلی فوج کی دلدل ہے۔ ڈیڈی کی جانب بھاگنے والے نیتن یاہو میزائلوں سے تباہ خفیہ جگہیں اب تک چھپا رہے ہیں۔ ٭… غزہ میں اسرائیل کی جانب فلسطینیوں کی سمندر تک رسائی پر مکمل پابندی پر بے بس فلسطینیوں نے شکوہ کیا کہ سمندر کے بغیر بھوک سے مر جائیں گے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ سمندر ہمارا واحد سہارا تھا، وہ بھی چھینا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل نے فلسطینیوں کی سمندر تک رسائی پر مکمل پابندی عائد کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے وارننگ دی ہے کہ غزہ کے ساحل پر بیٹھنا اور مچھلی پکڑنا خطرناک ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق بھوک و افلاس کے شکار فلسطینیوں پر خوراک کا آخری ذریعہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اب تک اسرائیل کی جانب سے ۲۱۰؍فلسطینی ماہی گیر مارے جا چکے ہیں۔ ٭… امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران سے نیوکلیئر ڈیل کے لیے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈلائن مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برطانیہ، فرانس اور جرمن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر حتمی سمجھوتے کے لیے اگست کے اختتام تک کی مہلت رکھی جائے۔ خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں یہ ممالک ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وہ تمام پابندیاں پھر سے عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو سنہ ۲۰۱۵ء میں ایران نیوکلیئر ڈیل کے موقع پر اٹھالی گئی تھیں۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن