نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں سانحہ ہائے ارتحال ٭… عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ لجنہ اماء اللہ جرمنی کی ایک خدمت گزار محترمہ امۃ الشکور صاحبہ اہلیہ رفیع الدین صاحب جماعت احمدیہ فرینکفرٹ لمبی بیماری کے بعد مورخہ ۲۳؍جون کو بعمر ۵۸؍سال وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون آپ مکرم خواجہ ضیاء الحق صاحب درویش قادیان کی صاحبزادی تھیں۔ ۱۹۹۰ء سے فرینکفرٹ جرمنی میں آباد تھیں۔ مرحومہ انتہائی منکسر المزاج، پابند صوم و صلوٰۃ تھیں۔ ہر وقت لجنہ اماءاللہ کے کاموں کے ليے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار رہتیں۔ لوکل حلقہ اور لجنہ اماءاللہ فرینکفرٹ میں کئی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ معلمہ تجوید القرآن کے علاوہ ۲۰۱۰ء سے ۲۰۱۷ء تک جنرل سیکرٹری لجنہ اماءاللہ فرینکفرٹ رہیں۔ دو سال تک شعبہ رشتہ ناطہ لجنہ سیکشن میں بھی کام کرنے کی توفیق پائی۔ علاوہ ازیں شعبہ تربیت اور واقفات نو میں بھی مدد و تعاون فراہم کرتی رہیں۔ چار سال قبل بیماری کے حملہ تک اپنے آپ کو خدمت کے میدان میں سرگرم رکھا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ۲۴؍جون کو بعد نماز عصر بیت السبوح میں مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے پڑھائی۔ آپ کی صاحبزادی آپ کی میت کو تدفین کے ليے ربوہ لے کر گئیں جہاں ۲۷؍جون کو نماز جنازہ پڑھائی گئی اور قبرستان عام میں آپ کی تدفین عمل میں آئی۔ قبر تیار ہونے پر دعا کروائی گئی۔ پسماندگان میں خاوند کے علاوہ ایک بیٹی شامل ہے۔ ٭… نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ جماعت چٹاگنگ سے تعلق رکھنے والے نعمت اللہ صاحب مورخہ ۱۱؍جون بروز بدھ بعمر۵۴؍سال دل کا دورہ پڑنے کے باعث وفات پا گئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون مرحوم کی نماز جنازہ اُن کے سگے بھائی ذکر الٰہی صاحب معلم وقف جدید نے ۱۲؍ جون کو نماز ظہر کے بعد اپنے آبائی گاؤں فاضل پور، ضلع فینی میں پڑھائی جس کے بعد تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں آئی۔ مرحوم نہایت خوش اخلاق، ہنس مکھ اور ملنسار طبیعت کے مالک تھے۔ انہیں مجلس خدام الاحمدیہ فاضل پور میں بطور قائد مجلس خدمت کی توفیق ملی۔ پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت و رحمت کا سلوک فرمائے، بلند درجات سے نوازے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین ٭…٭…٭