https://youtu.be/R5qfyTqnIXw ٭… غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے پانی کے حصول کے لیے آئے سترہ بچے شہید ہوگئے۔ غزہ میں سنگین صورتحال ایندھن کی کمی کی وجہ سے اقوامِ متحدہ کی آٹھ مختلف ایجنسیوں نے اپنے آپریشنز بند کردیے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے مطابق غذائی کمی کا شکار ایک اور نومولود دم توڑ گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی لیڈر حزبِ اختلاف یائر لاپڈ نے غزہ کے علاقے رفح میں کیمپ کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ایسا کنسنٹریشن کیمپ قرار دیا ہے جہاں سے نکلنے کی فلسطینیوں کو اجازت نہیں ہوگی۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ۵۸؍ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اس جنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک لاکھ ۳۸؍ہزار۵۲۰؍ہے۔ ٭…۴۲؍سال سے اقتدار میں موجود دنیا کے معمر ترین کیمرون کے ۹۲؍سالہ صدر پال بیا نے آٹھویں بار بھی صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا۔ کیمرون کے ۹۲؍سالہ صدر پال بیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال ۱۲؍اکتوبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں آٹھویں مرتبہ امیدوار ہوں گے۔ صدر بیا نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں صدارتی انتخابات میں امیدوار ہوں، یقین رکھیں کہ آپ کی خدمت کا میرا عزم، اُن چیلنجز کی شدت کے برابر ہے جن کا ہمیں سامنا ہے۔صدر پال بیا ۱۹۸۲ء سے اقتدار میں ہیں، اگر وہ آئندہ مدت پوری کرتے ہیں تو وہ تقریباً ۱۰۰؍سال کی عمر تک صدارت پر فائز رہیں گے۔ ٭…اٹلی کے جزیرے سسلی سے روانہ ہونے والے خصوصی جہاز پر غزہ کے بچوں کے لیے خصوصی امدادی سامان کے ہمراہ سماجی کارکن سوار ہیں۔اس جہاز کو حنظلہ (Handala) کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل امداد لے جانے والا جہاز اسرائیل نے روک لیا تھا۔عرب میڈیا کے مطابق اطالوی جزیرے سسلی سے روانہ ہونے والا بحری جہاز فریڈم فلوٹیلا نامی تنظیم کی ایک اور کوشش ہے۔ اس سے قبل بھی امدادی سامان لے جانے کی کوشش کرنےوالے جہاز کوروک کر اسرائیل نے عملے کو جلا وطن کردیا تھا۔ یہ جہاز بنیادی طور پر ایک پرانا فشنگ ٹرالر ہے جس کا تعلق ناروے سے ہے۔ اس جہاز پر غزہ کے بچوں کے لیے خوراک، میڈیکل آلات اور ادویات لادی گئی ہیں۔ ٭…شام میں مسلح جھڑپوں کے دوران تیس سے زائد افراد ہلاک جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ جھڑپوں کا آغاز شام کے شہر سویدا میں مقامی بدو قبائل اور دروز ملیشیا کے درمیان تصادم سے ہوا جس میں اب تک تیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ فرقہ وارانہ جھڑپیں یکے بعد دیگرے کئی افراد کے اغوا پر سویدا کے دروز اکثریتی علاقے میں بدو قبائل اور دروز ملیشیا کے درمیان شروع ہوئیں۔شامی وزارتِ داخلہ نے مسئلے کے حل کے لیے سویدا شہر میں براہِ راست مداخلت کا اعلان کیا ہے۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہفتے میں غزہ معاہدے کی امید ظاہر کر دی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس ہفتے اسرائیل حماس جنگ بندی بات چیت درست سمت میں جانے کی امید ہے۔یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیل کے جارحانہ حملے جاری ہیں۔ گذشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں غزہ کے ایک مصروف بازار اور پانی کی لائن میں کھڑے بچوں پر بمباری میں کم از کم ۹۵؍فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کرے گا تاکہ روسی حملوں سے بچاؤ کے لیے اسے ضروری دفاعی سہولتیں میسر آسکیں۔ میری لینڈ میں جوائنٹ بیس اینڈریوز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم انہیں پیٹریاٹ دیں گے، کیونکہ انہیں اس کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیوٹن بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن ثابت ہوئے، وہ دن میں تو اچھے انداز میں بات کرتے ہیں اور شام میں سب پر بم برسا دیتے ہیں یہ مسئلہ ہے اور مجھے یہ بالکل پسند نہیں۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن