https://youtu.be/QlXc84jC77s محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ اور حفظ القرآن سکول کینیڈا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات مورخہ ۱۲؍جون ۲۰۲۵ء کو ایوانِ طاہر میں چھ بجے سہ پہر منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی۔ اس تقریب میں جامعہ کے طلبہ، ان کے والدین اور حفظ القرآن سکول کے طلبہ، اساتذہ جامعہ اور ان کی فیملیز کے علاوہ جماعت کینیڈا کے بہت سے مرکزی اور لوکل عہدیداران نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم، نظم، قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ اوران کے انگریزی تراجم کے بعد جامعہ احمدیہ کی سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ عزیزم سرمد احمد نائب انچارج مجلس علمی نے پیش کی جس میں جامعہ کی تاریخ کے ساتھ نصابی و غیرنصابی مساعی کا تذکرہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ جامعہ احمدیہ ۲۰۰۳ء میں قائم ہوا تھا اور ۲۰۱۰ء میں پہلا بیچ(Batch) فارغ التحصیل ہوا تھا۔ جون ۲۰۲۴ء تک ۱۵۷؍مبلغین میدان عمل میں پہنچ چکے تھے اور اس وقت ۱۰؍ممالک سے کل ۱۱۴؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ دوران سال جامعہ کی غیر نصابی مصروفیات کاذکر کرتے ہوئےبتایا گیا کہ امسال مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کی احمدیہ ساکر لیگ (ASL) میں جامعہ کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی، الحمدللہ۔ اسی طرح پکنک، عربی اور اردو کے لینگوئج کیمپس(language camps) کا انعقاد کیاگیا۔ دوران سال مختلف اہم مواقع پر جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف اہم موضوعات پر مہمانوں نے جامعہ میں آکر لیکچرز بھی دیے۔ جامعہ کے طلبہ کو مختلف جماعتی تربیتی اور تبلیغی تقاریب میں شمولیت کے ساتھ ساتھ اہم جماعتی مواقع جیسے تربیتی کیمپس، مجلس شوریٰ اور جلسہ سالانہ وغیرہ پر بھرپور ڈیوٹیاں سر انجام دینے کی توفیق ملی۔ طلبہ جامعہ کو تعطیلات کے دوران اسلام آباد،یوکے جاکر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازیں پڑھنے اور ملاقات کرنے کا شرف اور تسکین حاصل ہوتی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد کے مقدس ماحول میں رہ کر وقف عارضی کرنے کا موقع ملتا ہے جو ان کی روحانیت میں ترقی کا باعث بنتا ہے۔ اسی طرح طلبہ کے روحانی معیار کو بلند کرنے کے لیے دوران سال کئی بزرگان سلسلہ کو جامعہ ہوسٹل میں مدعو کیا گیا جس میں انہوں نے میدانِ عمل میں تبلیغی مساعی کا ذکر کر کے تائید الٰہی کے واقعات بیان کیے جن سے طلبہ مستفیض ہوئے۔ اسی طرح درجہ سادسہ کے طلبہ کو رمضان المبارک میں اعتکاف بیٹھنے کی توفیق ملی۔ معمول کی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے علاوہ امسال مختلف علوم و فنون کے ماہرین سے لیکچر کروائے گئے۔ نیز درجہ خامسہ کے ۱۹؍طلبہ نے مختلف موضوعات پر اپنی تحقیقات پیش کیں۔ طلبہ کے مختلف وفود کو دورانِ سال کینیڈا کے اہم تفریحی اور مذہبی مقامات کا مطالعاتی دورہ کرنے کا موقع ملا۔ اس طرح جامعہ میں سائیکلنگ کلب قائم ہے جس کے تحت کئی پروگرامز کیے گئے ہیں۔ جامعہ احمدیہ کینیڈا میں مجلس علمی کے تحت شعبہ علمی مقابلہ جات، شعبہ ارشاد، شعبہ اشاعت اور شعبہ سیمینارز قائم ہے۔ ہر شعبہ کا نگران جامعہ کا ایک استاد جبکہ سیکرٹری طالب علم ہے۔ اس رپورٹ کے بعد حافظ مجیب احمد صاحب نے حفظ القرآن سکول کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ سکول ۲۰۱۱ء میں قائم ہوا تھا۔ اب تک ۷۱؍حفاظ اس سکول سے قرآن حفظ کر چکے ہیں اور اب ۲۰؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ امسال ۶۵؍حفاظ نے تراویح میں قرآن کریم سنایا۔ مکرم حافظ راحت احمد چیمہ صاحب نگران حفظ القرآن سکول کے طور پر خدمات بجا لا رہے ہیں۔ ان رپورٹس کے بعد مکرم امیر صاحب نے حفظ القرآن سکول اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبہ کو دوران سال ہونے والے مختلف انفرادی اور اجتماعی علمی اور ورزشی مقا بلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات سے نوازا۔ اسی طرح کلاسوں میں پوزیشنز لینے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کی۔ مکرم داؤد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ طلبہ کے ایک گروپ نے ترانہ پیش کیا۔ صدر مجلس نے دعا کروائی اور حاضرین کی تواضع کھانے سے کی گئی جس میں ۴۷۵؍مرد و زن شریک ہوئے۔ اس کے بعد مہمان خصوصی کے ساتھ تصاویر لی گئیں۔ یہ ساری تقریب Live streaming کے ذریعہ نشر کی گئی جس کو دیکھنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد تھی۔ مقابلہ جات وغیرہ کی کچھ تفصیل یہ ہے۔ علمی مقابلہ جات:غیر نصابی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور طلبہ کی قابلیتوں کو نکھارنے کے لیے جامعہ احمدیہ کے جملہ طلبہ کو چار مختلف گروپس : شجاعت، امانت، دیانت اور رفاقت میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کا نگران جامعہ احمدیہ کا ایک استاد ہے۔ ان گروپس کے درمیان دوران سال علمی اور ورزشی مقابلے ہوتے رہتے ہیں جامعہ میں اس سال مجلس علمی کے زیرنگرانی مندرجہ ذیل علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ انفرادی مقابلہ جات ۹؍تھے: تلاوت، نظم، تقریر انگریزی، اردو اور عربی، فی البدیہہ تقریر انگریزی، اردو اور عربی اور مقابلہ اشاعت مضامین۔ اجتماعی مقابلہ جات۴؍ تھے: روحانی خزائن کوئز، خطبات امام کوئز، کسوٹی اور حفظ قصیدہ۔ علمی مقابلہ جات میں رفاقت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔ بہترین طالب علم عزیزم انس محمود درجہ خامسہ رہے۔ نگران مجلس علمی کے طور پر مکرم سہيل احمد ثاقب صاحب استاد جامعہ احمدیہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ ورزشی مقابلہ جات:دورانِ سال گروپس کے مابین انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال ۱۹تا ۲۱؍مئی ۲۰۲۵ء کو سالانہ کھیلوں کا انعقاد ہوا۔ یہ کھیلیں ایوان طاہر، میکنزی گلین پارک، ٹیسٹن ولیج اسکول، Velore community center میں منعقد کی گئیں۔ کل ۱۱؍اجتماعی کھیلیں تھیں جن میں کرکٹ، ساکر، والی بال، باسکٹ بال، هاکی، بیڈمنٹن ڈبلز، ٹیبل ٹینس ڈبلز، یورپین ہینڈ بال، فلیگ فٹبال اور ریلے ریس اور رسہ کشی شامل ہیں اور۱۰؍ انفرادی کھیلیں تھیں جن میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سو میٹر دوڑ، چارسو میٹر دوڑ، سولہ سو میٹر دوڑ، ۲۵؍ کلو میٹر ریس، سٹرانگ مین مقابلہ، گولہ پھینکنا، Arm wrestling (پنجہ آزمائی) لانگ جمپ شامل ہیں۔ اس سال شجاعت گروپ مجموعی طور پر پہلے نمبر پر رها۔ مکرم حافظ ہبۃ الرّحمان صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔ شعبہ کھیل کے نگران مکرم عبد الرزاق فراز صاحب ہیں۔ کھیلوں کا آخری پروگرام روک دوڑ تھی جس میں ۲۰؍کے قریب رکاوٹوں کو عبور کر کے منزل پر پہنچنا تھا۔ مگر موسم کی شدت کی وجہ سے اسے کینسل کرنا پڑا۔ الوداعی تقریب:۱۷؍جون ۲۰۲۵ء کو صبح ۱۰؍ بجے جامعہ کی طرف سے طلبہ درجہ شاہد یعنی فارغ التحصیل ہونے والوں کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد عزیزم گوہر جواہیر(ماریشس ) درجہ خامسہ نے سپاس نامہ پیش کیا اور طلبہ درجہ سادسہ کی قابلیتوں اور خوشگوار گزرے ہوئے لمحات کا ذکر کیا۔ درجہ شاہد کی طرف سے مکرم رستگار احمد چوہان صاحب نے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ ولید احمد منگلا نے ایک ڈاکومنٹری میں تصویری طور پر اپنی کلاس کی سات سالہ دور کی جھلکیاں دکھائیں۔ آخر پر مکرم پرنسپل صاحب نے طلبہ کو نصائح کیں اور دعا کروائی۔ بعد میں تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ حفاظ احمدی بچوں اورطلبہ جامعہ کے ليے یہ سب اعزاز مبارک فرمائے اور مقبول خدمت دین کی توفیق دے۔ آمین (رپورٹ:عبد السمیع خان۔استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: میڈیا ریسپشن برائے جلسہ سالانہ کینیڈا ۲۰۲۵ء