پہلا روز۔ ۱۱؍جولائی ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کو اپنا ۴۰واں اجتماع مورخہ ۱۱، ۱۲ اور ۱۳ جولائی کو فیر ہاوتن میں منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔اس سال اجتماع کا موضوع” ہمارا عہد “ ہے۔ اجتماع کے پہلے روز صبح دس بجے کے قریب خدام کی رجسٹریشن شروع ہوئی۔ پورے ہالینڈ سے خدام اس اجتماع میں شرکت کرنے کے لیے آئے۔ یوکے سے تشریف لائے مرکزی نمائندہ مکرم منصور احمد ضیاء صاحب مربی سلسلہ، امیر جماعت ہالینڈ مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب اور مکرم سعید احمد جٹ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے اجتماع کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اجتماع کے دوران مختلف سٹالز لگائے گئے اس کے علاوہ خدام الاحمدیہ کی طرف سے ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایم کے لاونج ،امانت کا سٹال، شعبہ صنعت وتجارت، شعبہ امورطلبا اور فرسٹ ایڈ کا سٹال لگایا گیا۔ اسکے علاوہ ہیومیٹی فرسٹ کا سٹال، کھانے پینے کی چیزوں کا سٹال شعبہ اشاعت کی طرف سے بک سٹال بھی لگایا گیا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مرکزی نمائندہ صاحب نے لوائے خدام الاحمدیہ اور صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے ہالینڈ کا جھنڈا لہرایا۔ اسکے بعد مرکزی نمائندہ صاحب نے دعا کروائی۔ اسکے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد تمام خدام نے حضور انور کا لائیو خطبہ جمعہ سنا۔ دوپہر تین بجے کے قریب پہلے اجلاس کا آغاز مرکزی نمائندہ صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ ہشام شاوش صاحب نے تلاوت کی آپ نے سورت المومنون کی آیات ۱ تا ۱۲ کی تلاوت کی۔ عطاء الغافر صاحب نے اردو ترجمہ پڑھا جبکہ ظفیر احمد بٹ صاحب نے ڈچ ترجمہ پیش کیا۔ اسکے بعد صدر صاحب مجلس نے عہد دہرایا۔ اسکے بعد مکرم نعمان احمد صاحب نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا کلام ”نونہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے” پڑھا۔ اسکے بعد مکرم صدر صاحب مجلس نے افتتاحی کلمات بیان کیے۔ آپ اس بات کا ذکر کیا کہ ہمارے اجتماع کا موضوع ہمارا عہد ہے۔ ہم جو عہد کرتے ہیں اسکو ہم پورا کرنے والے ہوں۔ اس کے بعد مکرم مرکزی نمائندہ صاحب نے نصائح کیں۔ آپ نے بتایا کہ خدام کی تنظیم جب سے ہے تب سے اجتماع ہورہے ہیں۔ آپ نے خدام الاحمدیہ کے قیام کا مقاصد کا ذکر کیا کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا تھا کہ نیکی اور تقویٰ کی باتیں ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل ہوتی رہیں۔ اسی طرح آپ نے ایفائے عہد اور اطاعت کے بارہ میں خدام کو نصائح کیں۔ اسکے بعد اعلانات ہوئے۔ بعد ازاں بیک وقت علمی اور ورزشی مقابلہ جات ہوئے ورزشی مقابلہ جات میں ریلے ریس، سو میٹر دوڑ، لمبی چھلانگ اور ثابت قدمی کا مقابلہ ہوا۔ اسکے علاوہ علمی مقابلہ جات میں حفظ ادعیہ، حفظ حدیث اور حفظ الہامات کا مقابلہ ہوا۔ اس کے بعد دوپہر کے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ کھانے کے وفقہ کے بعد تلاوت، نظم اور علمی پرچہ کا مقابلہ ہوا۔ اسکے بعد ایک کیمپ فائر کا پروگرام ہوا جس میں شروع میں شعبہ صنعت و تجارت کے حوالے سے خدام کو ہدایات دی گئیں اور بتایا گیا کہ رزق حلال کمانے کی کیا اہمیت ہے اسکے بعد ایک دلچسپ پروگرام ہوا جس میں خدام نے قصیدہ، نظم، ایمان افروز واقعات اور حس مزاح کی باتیں کیں۔ اسکے بعد نماز مغرب وعشاء ادا کی گئیں۔ اس طرح اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔