https://youtu.be/jJGgYRPNQX8 اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی ۴۷ویں نیشنل مجلس شوریٰ ۱۶ و ۱۷؍مئی ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ ہیڈکوارٹر ڈھاکہ، بخشی بازار میں منعقد ہوئی۔ الحمدللہ ۱۶؍مئی بروز جمعۃ المبارک نماز جمعہ و عصر کے بعد سہ پہر ساڑھے تین بجے مجلس شوریٰ کی کارروائی کا آغاز مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں صدر مجلس شوریٰ نے اپنی افتتاحی تقریر میں شوریٰ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد گذشتہ شوریٰ کی تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹس پیش ہوئیں۔ جنرل سب کمیٹی کی رپورٹ نیشنل سیکرٹری تربیت نے پیش کی جبکہ مال کی سب کمیٹی کی رپورٹ مکرم فیروز احمد صاحب سیکرٹری مال نے پیش کی۔ پھر امسال کے ایجنڈا میں رد شدہ تجاویز مکرم محبوب الرحمٰن صاحب سیکرٹری مجلس شوریٰ نے پڑھ کر سنائیں۔ بعدہٗ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے منظور شدہ تجاویز پڑھ کر سنائی گئیں اور نئی جنرل اور مالی سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ یوں شام پونے چھ بجے مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس مکمل ہوا۔ چھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست سننے کے بعد آٹھ بجے سب کمیٹیوں کی علیحدہ میٹنگز ہوئیں۔ ۱۷؍مئی بروز ہفتہ صبح ساڑھے آٹھ بجے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد جنرل سب کمیٹی اور مال کی سب کمیٹی نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں جن پر اراکین مجلس شوریٰ نے اپنی آراء اور تاثرات پیش کرنے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں برائے منظوری پیش کیے جانے پر اتفاق کیا۔ یہ اجلاس دوپہر ایک بجے اختتام پذیر ہوا۔ تیسرا اور آخری اجلاس دوپہر تین بجے منعقد ہوا جس میں تلاوت کے بعد صدر اجلاس کی نگرانی میں انتخاب منعقد ہوا جو رات دس بجے تک جاری رہا۔ آخر پر صدر مجلس شوریٰ نے اختتامی تقریر کی اور دعا کے ساتھ یہ مجلس شوریٰ بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچی۔ امسال شوریٰ میں کُل ۱۲۳؍میں سے ۱۰۲؍جماعتوں کی نمائندگی رہی۔ کُل حاضری ۲۹۵؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ اس مجلس شوریٰ کے نیک نتائج ظاہر فرمائے اور ہمیں منظور شدہ تجاویز پر بھر پور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جارجیا کے تیسرےجلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد