مکرم آفاق منیب صاحب استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین برکینافاسو کی چھٹی سالانہ تقریب تقسیم اسناد مورخہ ۱۸؍جون ۲۰۲۵ء بروز بدھ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو اسناد اور تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ اس بابرکت تقریب کے مہمان خصوصی مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج برکینا فاسو تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں درجہ ثانیہ اور ثالثہ کے دو طلبہ نے اپنی اپنی کلاس کی نمائندگی کرتے ہوئے جامعہ میں گزارے ہوئے یادگار لمحات، شکرگزاری کے جذبات اور محبت و دعا کے ساتھ اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کیا۔ اس اجلاس کے بعد جامعہ کی سالانہ کارگزاری رپورٹ مکرم حافظ محمد بلال طارق صاحب استاد جامعۃ المبشرین نے پیش کی جس میں ادارے کے مختلف شعبہ جات اور دیگر سرگرمیوں کا اختصار کے ساتھ ذکر کیا گیا۔ رپورٹ کے بعد مکرم امیر صاحب نے فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد اور اعزازات سے نوازا۔ ساتھ ہی علمی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور ہر کلاس میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو بھی انعامات دیے گئے۔ رواں سال ۲۱؍معلمین جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے جن کا تعلق درج ذیل ممالک سے ہے۔ برکینافاسو، نائیجر، آئیوری کوسٹ، مالی، کیمرون اور کانگو کنشاسا۔ ان فارغ التحصیل طلبہ کے اسماء درج ذیل ہیں: ۱۔ Alidou Badini۔ برکینافاسو ۲۔ Sanfo Amadou۔ برکینا فاسو ۳۔ Zerbo Hakim۔ برکینافاسو ۴۔ Ouedraogo Abdou Fatao۔ برکینافاسو ۵۔ Ouedraogo Alaye۔ برکینافاسو ۶۔ Sanou Dramane۔ برکینافاسو ۷۔ Harouna Moussa۔نائیجر ۸۔ Noura Saddi۔نائیجر ۹۔ Souleymane Mamane Barmo۔نائیجر ۱۰۔ Mansour Abdou Ibro۔نائیجر ۱۱۔ Hama Boukari Idrissa۔نائیجر ۱۲۔ Oumarou Amadou۔نائیجر ۱۳۔ Bachir Ahmad Oumarou۔نائیجر ۱۴۔ Moumouni Gonsogo۔آئیوری کوسٹ ۱۵۔ Tiekoura Aboulaye۔آئیوری کوسٹ ۱۶۔ Koné Brehima۔آئیوری کوسٹ ۱۷۔ Abdoul Koudous Cisse۔آئیوری کوسٹ ۱۸۔ Sanogo Salif۔آئیوری کوسٹ ۱۹۔ Madou Coulybali۔مالی ۲۰۔ Junior Youssouf۔کیمرون ۲۱۔ Manix Nkongolo۔ کانگو کنشاسا تقسیم اسناد و انعامات کے بعد مکرم نعیم احمد باجوہ صاحب سابق پرنسپل جامعہ کو جامعہ کی طرف سے الوداعیہ تحفہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم عطاءالحبیب صاحب جن کو حال ہی میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے ازراہ شفقت جامعۃالمبشرین برکینافاسو کا پرنسپل مقرر فرمایا ہے، نے اپنی تقریر میں طلبہ کو خلافت کے دست و بازو بننے کی تلقین کی۔ تقریب کے اختتام پر امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے امسال جامعہ احمدیہ یوکے، جرمنی اور کینیڈا کی تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب سے بعض نکات پیش کرتے ہوئے چند نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ ہی تقریب بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچی۔ دعا کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور تمام شرکاء کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سویڈن میں عوامی لائبریریوں میں قرآن کریم کی تقسیم کی مہم