https://youtu.be/SYMctI-f-XY محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ ہالینڈ کی نیشنل عاملہ و زعمائے مجالس کو مورخہ ۱۵؍جون کو امیر المومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے ساتھ اسلام آباد، ٹلفورڈ میں ملاقات کا شرف حاصل ہوا جس دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے براہ راست راہنمائی کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس بابرکت ملاقات سے مجلس ہٰذا کے ۴۵؍ممبران مستفید ہوئے۔ اس ملاقات کے لیے مجلس انصار اللہ ہالینڈ کا وفد ہالینڈ سے مورخہ ۱۲؍جون بروز جمعرات یوکے کے ليے بذریعہ بس صبح آٹھ بج کر ۱۵؍منٹ پر مسجد مبارک(ڈین ہاگ) سے روا نہ ہوا۔ سفر کے آغاز پر مکرم حامد کریم محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے دعا کروائی۔ یہ قافلہ پیارے آقا سے ملاقات کا اشتیاق ليے ہوئے بخیریت دس بجے شب مسجد بیت الفتوح پہنچا جہاں ممبران کی رہائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ مورخہ ۱۵؍جون بروز اتوار ملاقات کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جملہ ممبران سے ان کا تعارف اور خدمت کی تفصیل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ان کے شعبہ سے متعلق بیش قیمت نصائح سے نوازا۔ اسی طرح بعض ممبران نے سوالات کے ذریعے پیارے آقا سے راہنمائی حاصل کرنے کا شرف بھی پایا۔ ملاقات کے اختتام پر جملہ ممبران کا پیارے آقا کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا۔ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ پیارے آقا نے ازراہ شفقت جملہ ممبران کو قلم بطور تبرک عنایت فرمائے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (ملاقات کی تفصیلی رپورٹ کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۲۶؍جون ۲۰۲۵ء) حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ممبران عاملہ کی ملاقات اگر چہ مورخہ ۱۵؍جون بروز اتوار طے تھی تاہم اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے جملہ ممبران کی خواہش تھی کہ یوکے قیام کے دوران زیادہ سے زیادہ نمازیں پیارے آقا کی اقتدا میں اد کر یں۔ لہٰذا دوران دورہ نماز جمعہ نیز روزانہ نماز ظہر تا نماز عشاء مسجد مبارک اسلام آباد میں پیارے آقا کی اقتدا میں ادا کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ اسی طرح دوران دورہ جماعت کے مختلف بزرگان کے ساتھ ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا اور ان کے تجربات اور نصائح سے فائدہ حاصل کرنے کی توفیق بھی ملی۔ ان بزرگان میں مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر، مکرم عطاءالمجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن، مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ یوکے اور مکرم عابد خان صاحب انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا مرکزیہ شامل ہیں۔ دوران دورہ وفد کے اراکین کو مختلف جماعتی مقامات کا دورہ اور مشاہدہ کرنے کی بھی توفیق ملی۔ ان مقامات میں جامعہ احمدیہ یوکے، رقیم پریس، مخزن تصاویر، مسجد بیت الفتوح اور مسجد فضل شامل ہیں۔ الحمدللہ، یہ بابر کت دورہ مورخہ ۱۶؍جون کو اختتام پذیر ہوا اور جملہ شرکاء بذریعہ بس بخیریت صبح سات بجے بیت الفتوح سے روانہ ہو کر شام چھ بجے مسجد مبارک، ڈین ہاگ پہنچے۔ (رپورٹ:محمود احمد شاہد۔قائد عمومی مجلس انصار اللہ ہالینڈ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: گرین لینڈ میں اسلام احمدیت کی تبلیغ کے لیے نئی ویب سائٹ کا اجرا