حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے جماعت احمدیہ سویڈن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ جزیرہ گرین لینڈ میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچائیں۔ اس اہم کام کو سرانجام دینے کےليے جماعت احمدیہ سویڈن مختلف تبلیغی منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں مکرم وسیم احمدظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن اور مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے مورخہ ۱۶تا۲۰؍مئی۲۰۲۳ء گرین لینڈ کا دورہ کیا۔ اس بابرکت سفر کے دوران مقامی افراد سے روابط قائم کرنے کی کوشش کی گئی اور تبلیغی سرگرمیوں کی بنیاد رکھی گئی۔ انہی کوششوں کا ایک اہم حصہ گرین لینڈ کے لیے ایک نئی ویب سائٹ کا قیام ہے۔ مکرم عدنان احمد صاحب صدر انٹرنیٹ کمیٹی نے ویب سائٹ کی تیاری کا کام مکرم مطیع الرحمٰن صاحب صدر جماعت احمدیہ سٹاک ہالم کے سپرد کیا جنہوں نے بہت محنت کے ساتھ کم عرصہ میں اس ویب سائٹ کی تیاری کا کام کیا۔ جبکہ مکرم عماد الدین ملک صاحب، مکرم فلاح الدین ملک صاحب اور ان کی ہمشیرہ صاحبہ نے ویب سائٹ کے مواد کے ڈینش زبان میں ترجمہ کا کام کیا۔ ویب سائٹ کےليے مواد کے انتخاب، تیاری اور ویب سائٹ کے ڈیزائن وغیرہ کے بارے میں مربیان کرام نے خدمت کی توفیق پائی۔ جزاہم اللہ احسن الجزاء الحمدللہ، ۱۷؍جون ۲۰۲۵ء کویہ ویب سائٹ https://ahmadiyya.gl کے نام سے شروع کر دی گئی۔ گرین لینڈ کی سرکاری زبان گرین لینڈی ہے جبکہ تسلیم شدہ اقلیتی زبان ڈینش ہے۔ اس ليے ابتدائی طور پر یہ ویب سائٹ ڈینش زبان میں دستیاب ہے۔ ان شاء اللہ مستقبل میں اس کا گرین لینڈ کی مقامی زبان میں بھی ترجمہ کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی تک مؤثر انداز میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ ان کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خواہش کے مطابق گرین لینڈ میں جماعت احمدیہ کے قیام کی جلد توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیمبیا کے سینتالیسویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد