https://youtu.be/Li_1YR3mDL8 ٭… پاکستان، بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک میں محرم الحرام کے مہینہ میں اور خصوصا ً ۹ و ۱۰؍محرم کو واقعہ کربلا کے شہداء کی یاد میں اہل تشیع نےجلوس نکالے۔ سیکیورٹی اقدامات کے پیشِ نظر جلوس کے روٹس کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ واضح رہے کہ نقضِ امن سے بچنے کے لیے مختلف اضلاع میں سنی علماء کا داخلہ ممنوع بھی قرار دیا گیا۔ ٭… صدر ٹرمپ نے غزہ میں سیزفائر کی امید کا اظہار حماس کی جانب سے جنگ بندی کے امریکی منصوبے پر ’مثبت‘ ردعمل کے بعد کیا۔ غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اس جنگ زدہ ساحلی پٹی میں مزید کم از کم ۳۲؍فلسطینی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں غزہ پٹی میں اپنی فوجی کارروائیاں بڑھا دی ہیں، جس سے دو ملین سے زائد کی آبادی والے اس فلسطینی علاقے میں شدید انسانی بحران شدید تر ہو چکا ہے۔ غزہ میں میڈیا پرسخت پابندیوں اور متعدد علاقوں تک رسائی میں مشکلات کے باعث اے ایف پی آزادانہ طور پر اموات کی تعداد یا تفصیلات کی تصدیق نہیں کر سکی۔ ٭… ترک صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پٹی میں امدادی مراکز پر ہلاکت خیز فائرنگ کے واقعات رکوانے کے لیے مداخلت کریں، جہاں اقوام متحدہ کے مطابق اب تک پانچ صد سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ٭… ڈی ڈبلیو کے مطابق لبنان میں ہفتے کے روز جنوبی علاقے بنت جبیل میں ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ بھی کہا گیا کہ یہ ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی محض ابتدائی تعداد ہے۔اس سے قبل ہفتے ہی کے روز ایک دوسرے اسرائیلی ڈرون حملے میں جنوبی علاقے شبعا میں ایک شخص زخمی ہو گیا، جہاں این این اے کے مطابق ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سیزفائر کے نفاذ کے باوجود کیا گیا۔ ۲۷؍ نومبر کو ہونے والی سیزفائر کے باوجود اسرائیل لبنان میں اپنی بمباری جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کو کمزور کرنا ہے۔ سیزفائر سے قبل دو ماہ کی شدید لڑائی میں حزب اللہ کو خاصا نقصان پہنچا تھا۔لبنان نے کہا تھا کہ بیروت کے جنوبی داخلی راستے پر ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے، جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایران کے لیے کام کرنے والے ایک ’’دہشت گرد‘‘کو نشانہ بنایا تھا۔ ٭… عالمی جوہری توانائی ایجنسی (انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی) نے سیکیورٹی خدشات پر اپنے معائنہ کاروں کو ایران سے نکال لیا ہے۔ معائنہ کاروں کی ایک ٹیم ایران سے بحفاظت ویانا، آسٹریا ایجنسی کے ہیڈکوارٹر پہنچ گئی ہے۔آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے ایران میں نگرانی اور تصدیقی سرگرمیوں کو جلد از جلد دوبارہ شروع کرنے کے طریقہ کار پر بات چیت کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے۔ ٭… شام میں عبوری حکومت نے سابق صدر بشارالاسد کی معزولی کے سات ماہ بعد نیا ریاستی نشان متعارف کرا دیا۔نئے لوگو میں ایک سنہرا عقاب اور اس کے اوپر تین ستارے شامل ہیں، جو ملک کے مختلف فرقوں میں اتحاد کی نمائندگی کرتے ہیں۔صدارتی محل میں منعقدہ تقریب میں عبوری حکمران احمد الشرع نے کہا کہ یہ نشان ایک متحد شام کی علامت ہے جو کسی بھی تقسیم کو مسترد کرتا ہے۔نئے لوگو کے مطابق عقاب کے چودہ پَر شام کے تمام صوبوں، دم پانچ پروں سے ملک کے پانچ جغرافیائی خطوں اور ستارے عوامی آزادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ٭… دنیا کی ممتاز کاروباری شخصیت اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ایک نئی سیاسی جماعت ’امریکہ پارٹی‘ کے قیام کا اعلان کردیا۔ ایلون مسک نے اس جماعت کا اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا، انہوں نے اسے امریکہ میں رائج دو بڑی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ کے روایتی نظام کا متبادل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام نے ملک کو کرپشن اور بدانتظامی کے ذریعے تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایسی قیادت سامنے لائیں جو صرف طاقتور طبقے کی نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرے۔ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن