https://youtu.be/26VTZLz9kjA جماعت احمدیہ امریکہ کے وفد کی زیارت قادیان حضرت مسیح موعودؑ کی پیاری بستی قادیان دارالامان کی زیارت کے ليے سال بھر کثرت سے افراد جماعت انفرادی طور پر اور مختلف وفود کی شکل میں پوری دنیا سے تشریف لاتے ہیں۔ واقفین نو پر مشتمل اسی طرح کا ایک وفد سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے جماعت احمدیہ امریکہ سے بھی تشریف لایا۔ ۷۸؍افراد پر مشتمل یہ قافلہ مورخہ ۲۱، ۲۲ اور ۲۳؍نومبر ۲۰۲۴ء کو دہلی پہنچا جہاں جماعت احمدیہ دہلی میں ان کا استقبال کیا گیا اور مسجد ’’بیت الہادی‘‘ نئی دہلی کے گیسٹ رومز میں ان کی رہائش کا انتظام کیا گیا۔ دہلی قیام کے دوران اس وفد نے مختلف تاریخی مقامات کی زیارت کی اور اس تاریخی شہر کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ واقفین نو امریکہ ۲۶؍نومبر۲۰۲۴ء کو یہ قافلہ دار البیعت لدھیانہ اور مکان چلہ کشی ہوشیارپور کی زیارت کرتے ہوئے شام کے وقت قادیان پہنچا۔ اس سفر کا اصل مقصد حضرت اقدس مسیح موعودؑکی مقدس بستی قادیان دارالامان کی زیارت کرنا، حضورؑکے مزارمبارک پر دعا کرنا، قادیان کے تاریخی مقامات کا تعارف حاصل کرنا اور یہاں کے مقامات مقدسہ میں عبادات بجالانا اور دعائیں کرتے ہوئے ایمان و اخلاص میں ترقی حاصل کرنا تھا۔ اس وفد کے انصار، خدام واطفال نے اپنے قیام کے دوران قادیان کے مقدس مقامات سے بھرپور رنگ میں استفادہ کیا۔ حضرت مسیح موعودؑ کی جائے ولادت، مسجد مبارک، بہشتی مقبرہ اور دیگر تاریخی و روحانی مقامات کی زیارت کی۔ نمائش مخزن التصاویر، القرآن نمائش، اسلام امن عالم نمائش، النور نمائش وغیرہ کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر وفد کے اراکین کو مختلف مقدس مقامات میں نوافل ادا کرنے اور اجتماعی دعائیں کرنے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔ قادیان کے مختلف علماء کے ساتھ اس وفد کی تربیتی اور علمی نشستیں مختلف موضوعات پر منعقد ہوتی رہیں۔ ان نشستوں سے بھی خدام واطفال نے بھرپور رنگ میں استفادہ کیا۔ آخری روز ’’خلافت خامسہ میں حضرت مسیح موعودؑ کے الہام وسع مکانک کا ظہور‘‘ کے زیر عنوان ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جو تمام شاملین کے ليے ازدیاد علم اور ایمان کا باعث بنی۔ جماعت احمدیہ امریکہ کے انصار، خدام و اطفال کا قادیان دارالامان میں قیام انتہائی بابرکت اور روحانیت سے پُر تھا۔ یہ زیارت ان کے ليے ایک نہایت یادگار اور روح پرور تجربہ ثابت ہوئی، جو ان کی دینی ترقی اور خلافت سے تعلق میں مضبوطی کا باعث بنے گی۔ ان شاء اللہ مجلس انصار اللہ ہالینڈ کے وفد کی زیارت قادیان سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے جماعت احمدیہ ہالینڈ سے بھی ۵۸؍افراد پر مشتمل ایک قافلہ مورخہ۲۲و۲۳؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو قادیان پہنچا۔ قادیان پہنچ کر اس وفدکو ان بابرکت جگہوں کی زیارت نصیب ہوئی جہاں پر اللہ تعالیٰ کے نشانات ظاہر ہوئے، جہاں اس زمانہ کے امام حضرت اقدس مسیح موعودؑ پیدا ہوئے اور جہاں آپؑ کی ساری زندگی گزری۔ قادیان پہنچتے ہی وفد کے اراکین نے سب سے پہلے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے مزار مبارک پر دعا کی۔ وفد کے تمام ممبران پر ان مقامات کا بہت گہرا روحانی اثر ہوا۔ مجلس انصار اللہ ہالینڈ اس وفد کو قادیان کے قیام کے دوران یہ توفیق بھی ملی کہ وہ دارالبیعت لدھیانہ اور مکان چلہ کشی ہوشیارپور کی زیارت کریں۔ وہاں کی تاریخ اور مقدس مقامات کو دیکھ کر اپنے ایمان و اخلاص میں ترقی حاصل کرنے اور حضرت مسیح موعودؑ سے اپنے تعلق کو مزید گہرائی سے وابستہ کرنے کا اس وفد کو موقع ملا۔ مجلس انصاراللہ ہالینڈ کے ممبران نے اپنے قیام کے دوران قادیان کے مقدس مقامات سے بھرپور رنگ میں استفادہ کیا۔ دارالمسیح، حضرت مسیح موعودؑ کی جائے ولادت، مسجد مبارک، مسجد اقصیٰ، بہشتی مقبرہ اور دیگر تاریخی و روحانی مقامات کی زیارت کی۔ نمائش مخزن التصاویر، القرآن نمائش، اسلام امن عالم نمائش، النور نمائش وغیرہ کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر وفد کے اراکین کو مختلف مقدس مقامات میں نوافل ادا کرنے اور اجتماعی دعائیں کرنے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔ قادیان میں موجود حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے تبرکات کو دیکھنے کی بھی سعادت نصیب ہوئی۔ قادیان کے مختلف علماء کے ساتھ اس وفد کی تربیتی اور علمی نشستیں مختلف عناوین پر منعقد ہوتی رہیں۔ قادیان میں قیام کے دوران اس وفد کو مجلس انصار اللہ بھارت کے مرکزی اجتماع میں بھی شامل ہونے کا موقع ملا۔ ان نشستوں سے بھی انصار اللہ نے بھرپور رنگ میں استفادہ کیا۔ آخری روز محترم وکیل صاحب تعمیل وتنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان) کی موجودگی میں ایک اجلاس میں ’’خلافت خامسہ میں حضرت مسیح موعودؑ کے الہام وَسَّعْ مَکَانَکَ کا ظہور‘‘ کے زیر عنوان ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی جو تمام شاملین کے ليے ازدیاد علم اور ایمان کا باعث بنی۔ اس وفد کی قادیان میں آمد ہر لحاظ سے بابرکت رہی اور ان کے ایمان و اخلاص میں اضافہ کا موجب بنی اورنظام جماعت اور خلافت احمدیہ کے ساتھ وابستگی میں انہیں مزید مضبوطی حاصل ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک مجلس انصاراللہ فرانس کے وفد کی زیارت قادیان مورخہ ۵و۶؍اپریل ۲۰۲۴ء کو فرانس سے ۱۲؍احباب پر مشتمل ایک وفد قادیان کی زیارت کے ليے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ کی منظوری سے تشریف لایا۔ مجلس انصاراللہ کے اراکین نے اپنے قیام کے دوران قادیان کے مقدس مقامات سے بھرپور رنگ میں استفادہ کیا۔ دارالمسیح، حضرت مسیح موعودؑ کی جائے ولادت، مسجد مبارک، مسجد اقصیٰ بہشتی مقبرہ اور دیگر تاریخی و روحانی مقامات کی زیارت کی۔ نمائش مخزن التصاویر، القرآن نمائش، اسلام امن عالم نمائش، النور نمائش وغیرہ کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر وفد کے اراکین کو مختلف مقدس مقامات میں نوافل ادا کرنے اور اجتماعی دعائیں کرنے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔ مجلس انصار اللہ فرانس دورۂ قادیان کے موقع پر اس وفد کو مکان چلہ کشی ہوشیارپور اور دارالبیعت لدھیانہ کی زیارت کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔ قادیان کے مختلف علماء کے ساتھ اس وفد کی تربیتی اور علمی نشستیں مختلف موضوعات پر منعقد ہوتی رہیں۔ ان نشستوں سے بھی انصار نے بھرپور رنگ میں استفادہ کیا۔ قادیان دارالامان کی زیارت کے بعد وفد کے ممبران کی روحانی حالتوں میں نمایاں اور غیر معمولی تبدیلی ظاہر ہوئی اور بار بار قادیان آنےاور یہاں کے روحانی ماحول سے استفادہ کرنے کی ان کے اندر خواہش پیدا ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا۔بھارت) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جارجیا کے تیسرےجلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد