https://youtu.be/xouL_thqvuI اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سپین کے مورثیہ ریجن میں مورخہ ۱۱؍فروری ۲۰۲۵ء بروز منگل شام ساڑھے چھ بجے یونیورسٹی آف مورثیہ میں ‘‘اسلام اور امن’’ کے موضوع پر ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کے انعقاد میں مورثیہ ریجن کے ایک پولیس افسر جناب خوسے مارتینیس (José Martínez) کا خصوصی تعاون شامل تھا۔ یہ پروگرام تقریباً دو گھنٹے جاری رہا جس میں ۲۵؍مہمانان نے شرکت کی جن میں ۲۳؍سپینش، ایک لاطینی اور ایک مراکشی مہمان شامل تھے۔ اس کانفرنس کو سپین کی دیگر دو یونیورسٹیز میں آن لائن بھی نشر کیا گیا جس کے نتیجہ میں مجموعی طور پر ۱۳۰؍افراد نے اس سے استفادہ کیا۔ حاضرین میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب و خواتین، طلبہ، پروفیسرز، امیگریشن حکام، پولیس افسران اور ایک صحافی بھی شامل تھے۔پروگرام کا آغاز یونیورسٹی کے شعبہ عربی ادب کی ایک لیکچرار کے اظہار خیال سے ہوا۔ بعد ازاں جناب خوسے مارتینیس نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور گذشتہ سال جلسہ سالانہ یوکے میں شرکت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے جلسہ کے تجربے کو یادگار قرار دیا۔اس کے بعد مکرم فضل الٰہی قمر صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں قیام امن کے اصول بیان کیے۔ بعد ازاں مبلغ سلسلہ مورثیہ مرزا عطاء الرؤف صاحب اور نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ نے حاضرین کے سوالات کے جواب دیے۔کانفرنس کی تشہیر کے لیے مورثیہ کی دو یونیورسٹیز کی ۱۷؍فیکلٹیز میں پوسٹرز لگائے گئے، دو اخبارات میں پروگرام کی خبر شائع ہوئی، ایک ہزار سے زائد اشتہارات تقسیم کیے گئے اور سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس پروگرام کی تشہیر کی گئی۔ اس تشہیر کے نتیجہ میں متعدد نئے روابط بھی قائم ہوئے۔ الحمدللہامیگریشن کے ایک افسر نے اپنے تاثرات میں کہا کہ جماعت احمدیہ کی تعلیمات ایسی ہیں جنہیں زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جانا چاہیے کیونکہ اسلام کا یہ پیغام دنیا کے لیے ضروری ہے۔ اسی طرح یونیورسٹی آف مورثیہ کے ایک پروفیسر نے کہا کہ مذہبی رواداری سے متعلق پیش کی گئی باتیں قابلِ تحسین ہیں اور جماعت احمدیہ اس حوالے سے قابلِ تعریف کام کر رہی ہے۔اس پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس کے ساتھ جماعتی کتب کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔ تقریباً ۷۵؍افراد جماعتی کتب اپنے ساتھ لے کر گئے۔ الحمدللہاللہ تعالیٰ اس پروگرام کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو مزید پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: ظفر رشید۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مالٹا کی پارلیمنٹ میں اسلام احمدیت کی نمائندگی