اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس نصرت جہاں کے تحت کئی ممالک میں جماعت احمدیہ کے سینکڑوں سکولز اور ہسپتال کام کر رہے ہیں۔ چند ممالک میں مرکزی واقفین اساتذہ بھی تدریس کے میدان میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ سیرالیون میں اس وقت تین مبلغین بطور مرکزی اساتذہ مقرر ہیں جو اسلامیات، اخلاقیات اور عربی کی تدریس کر رہے ہیں۔ مورخہ ۵؍جنوری ۲۰۲۵ء کو فری ٹاؤن، سیرالیون میں جماعت کے ہیڈکوارٹرز کی خلافت لائبریری میں مبلغین اساتذہ مجلس نصرت جہاں سیرالیون کا ایک ریفریشر کورس منعقد ہوا۔ اس ریفریشر کورس کا ایک مقصد اساتذہ کے معیارِتدریس کا جائزہ لینا اور اسے مزید صیقل کرنا تھا۔ اس حوالہ سے تین سینئر احمدی ماہرین تعلیم کو مدعو کیا گیا تھا جن میں احمد ایچ ایم شریف صاحب(ریٹائرڈلیکچرار، ریجنل صدر کینیما)، علیو محمد شریف صاحب(لیکچرار ملٹن مرگئی ٹیکنیکل یونیورسٹی) اور مصطفیٰ فودے صاحب (نیشنل آڈیٹر جماعت احمدیہ سیرالیون و لیکچرار) شامل تھے۔ صبح گیارہ بجے مولوی فواد ایس لولے صاحب (سیکرٹری تعلیم وسیکرٹری نصرت جہاں بورڈ) کی صدارت میں یہ ریفریشر کورس دعا سے شروع ہوا۔ مدعووین مہمانان نے سکول اور کالجز میں تدریس کے تجربات و دلچسپ واقعات کے ساتھ ساتھ بتایا کہ طریقہ تدریس (pedagogy)کو کیسے اختیار کیا جائے؟ یعنی دورانِ تدریس بلیک بورڈ کا استعمال، کلاس روم کےماحول کو کیسے بہتر اور دوستانہ بنایا جا سکتا ہے؟ Lesson Planکو کیسے مرتب کیا جائے اور طلبہ کومختلف سرگرمیوں میں کیسے مشغول رکھا جائے۔ سیرالیون کے طلبہ کا ذہنی معیار کیا ہے؟ چائے کے وقفہ کے بعد درج ذیل ترتیب سے تینوں اساتذہ نے ایک ایک چنیدہ موضوع پر لیکچرز دیے جن کو ماہرین نے گہرائی سے مانیٹر کیا۔ خاکسار (استاد اسلامک ریلیجیس سٹڈیز IRS اور ریلیجیس مورل ایجوکیشن RME، احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول کِسی ڈاکیارڈ فری ٹاؤن)، مکرم انیس احمد خلیل صاحب (استاد IRS، ناصر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول کینیما) اور مکرم انصر محمود صاحب (استاد عربی، احمدیہ مسلم جونیئر سیکنڈری سکول گودریج فری ٹاؤن)۔ دو بجے نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد ماہرین نے اپنی آرا و تبصرہ جات پیش کیے ۔ تین بجے سہ پہر مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ و صدر نصرت جہاں بورڈ سیرالیون تشریف لائے۔ سیکرٹری صاحب مجلس نصرت جہاں بورڈ نے مختصر رپورٹ پیش کی اور اساتذہ کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات میں ریفریشر کورس کے انعقاد کو سراہا اور تعلیم کے میدان میں جماعتی خدمات سے آگاہ کیا۔ اختتامی دعا اور گروپ فوٹو کے ساتھ ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔ (رپورٹ:ذیشان محمود۔ مبلغ سلسلہ سیرالیون) مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ میں ہیومینٹی فرسٹ کے نیشنل ہیڈآفس کا افتتاح