ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۴ء

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ: یو ایس اے نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اَپ سیٹ کردیا

مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء

میچ نمبر: 11 (گروپ اے)

پاکستان بمقابلہ امریکا (USA vs Pakistan)

6 جون2024ء۔ڈیلس،ٹیکسس(Dallas,Texas)

آئی سی سی مینز ٹی ٹوٰینٹی کرکٹ ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو حیرت انگیز طورپر شکست دے کر بڑا اَپ سیٹ کردیا۔مقررہ اوورز میں میچ ٹائی ہونے کے بعدامریکا نے سپر اوور میں 19 رنز کا ہدف دیا،جواب میں پاکستان ٹیم 13 رنز بناسکی۔پورے میچ میں پاکستان کی طرف سے کھیل کے ہر شعبہ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ ہوا جبکہ یوایس اے نے باؤلنگ،بیٹنگ اور فیلڈنگ میں شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی۔

یوایس اے کومیچ کے آخری اوورمیں جیت کے لئے 15رنزدرکارتھے،حارث رؤف نے پہلی تین گیندوں پر صرف تین رنز دئیے لیکن چوتھی بال پرایرون جونز نے چھکا لگایا اورپھر آخری گیندپرNitish Kumarنےچوکالگاکرمیچ برابرکردیا۔اسی اوورکی دوسری گیندپرشاہین آفریدی نے ایک کیچ بھی چھوڑاجوکہ انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔

میچ ٹائی ہونے پرپاکستان کی جانب سےسپراوورمحمدعامرنےکروایا جس میں7ایکسٹرازسمیت 18رنزبنے۔جواب میں پاکستان کےبلےبازافتخاراحمداورشاداب خان صرف 13رنزبناسکے۔یوں ریاست ہائے متحدہ امریکانے اپنی کرکٹ تاریخ کی ایک یادگارفتح حاصل کی۔

ڈیلس کے گرینڈپریری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یوایس اے کے کپتان مونانک پٹیل(Monank Patel) نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے،کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی اننگزکا آغازمایوس کن تھا،ابتداء تین بلے بازمحمدرضوان،عثمان خان اورفخرزمان26کےمجموعی اسکورپر پویلین واپس لوٹ چکے تھےاور بابراعظم کو رنز بنانے میں انتہائی دشواری کا سامنا تھا۔ایسے میں شاداب خان نے بہتربیٹنگ کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔چوتھی وکٹ کی شراکت میں 48 گیندوں پر 72 رنز کا اضافہ ہوا لیکن شاداب خان ایک اہم موقع پراپنی وکٹ گنوابیٹھےاور ان کےبعد اعظم خان پہلی ہی گیندپر ایل بی ڈبلیوہوگئے۔

بعدازاں بابر اعظم نے افتخار احمد کے ساتھ مل کر اسکور میں 27 رنز کا اضافہ کیا اور 125 کے مجموعے پر بابر اعظم 43 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی ساتویں وکٹ افتخار احمد کی صورت میں گری جنہوں نے 18رنزبنائے۔اننگزکے آخری اوورزمیں شاہین آفریدی نے ناقابلِ شکست 23 رنز بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 159 رنز تک پہنچایا۔

یوایس اے کی جانب سےبائیں ہاتھ کےاسپنر Nosthusha Kenjige نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ Saurabh Netravalkar نے 2 جبکہ علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔

160 رنز کے ہدف کے جواب میں امریکی بلےبازوں نے پر اعتماد بیٹنگ کی۔پہلی وکٹ 36کے اسکورپرگری جب نسیم شاہ نے اسٹیون ٹیلرکو آؤٹ کیا۔دوسری طرف مونانک پٹیل نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ Andries Gous نے 35 رنز بنائے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ان دونوں  کھلاڑیوں نے 68رنزکااضافہ کیا۔

111 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعدگزشتہ میچ کے ہیرو ایرون جونز(Aaron Jones) اورنتیش کمار (Nitish Kumar)میچ کو آخری اوور تک لے گئےاوربالآخرفیصلہ کن اوورمیں 14رنزبناکرمیچ ٹائی کردیا۔جونزنے 36 جبکہ نتیش کمار 14 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر،نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ لی۔

امریکی کپتان مونانک پٹیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔

گروپ اے میں9جون کو نیویارک کے میدان پرپاکستان کو بھارت کے خلاف نہایت کڑے امتحان کا سامنا ہوگا۔ورلڈکپ کے اگلے مرحلے میں رسائی کے لئے پاکستان کو بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرناضروری ہوگا۔دوسری طرف دو کامیابیوں کے ساتھ یوایس اے کی ٹیم اس گروپ میں سرفہرست ہے ۔ان کے بقیہ دو مقابلے بھارت اورآئرلینڈکے ساتھ ہوں گے۔

 (رپورٹ:ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button