ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۴ء

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی

مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء

میچ نمبر: 4 (گروپ ڈی)

جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا

(South Africa vs Sri Lanka)

3 جون2024ء ۔ نساؤ کاؤنٹی، نیویارک

ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء میں جنوبی افریقہ اورسری لنکا کے مابین گروپ ڈی کا پہلا مقابلہ نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں باؤلرزچھائے رہے اورجنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ورلڈکپ میں فاتحانہ آغازکیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ نیویارک میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ منعقدہوا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پچ وگراؤنڈکی کنڈیشنز اور جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلرزکے سامنے یہ فیصلہ انتہائی غلط ثابت ہوا۔سری لنکن بلےبازاپنی اننگز کی ابتداء سے ہی دباؤکا شکار نظرآئے اور کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔نتیجۃً سری لنکا کی پوری ٹیم محض 77رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔اس اننگز میں صرف تین چوکے اورتین چھکے لگ سکے اور چارکھلاڑی بغیرکوئی رَن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔آنرخ نوکیا(Anrich Nortje) نےچاراوورزمیں صرف سات رنزکے عوض چارکھلاڑیوں کوآؤٹ کیاجبکہ اپنا دوسرا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے اوٹنیل بارٹ مین(Ottneil Baartman) نے اپنے چار اوورز صرف 9دئیے اورایک وکٹ حاصل کی۔کاگیسوربادا اورکیشو مہاراج نے دو،دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو بھی رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اننگزکے دوسرے اوور میں ریزا ہینڈرکس(Reeza Hendricks) صرف 4 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔اس کے بعد 23کے مجموعی اسکورپر کپتان ایڈن مارکرم(Aiden Markram) کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ٹرسٹن اسٹبس (Trsitan Stubbs)اور کوئنٹن ڈی کوک(Quinton de Kock) نے ٹیم کا اسکور 51تک پہنچایا اور پھر یہ دونوں بلےبازبھی آؤٹ ہوگئے۔لیکن باقی ماندہ رنز ڈیوڈ ملر(David Miller) اور ہنرک کلاسن(Heinrich Klaasen) نے پورے کرکےاپنی ٹیم کو17وَیں اوورمیں فتح سے ہمکنار کرادیا۔ آنرخ نوکیا(Anrich Nortje)کو میچ کابہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔

اہم ریکارڈ:اس میچ میں ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سست ترین بلے بازی کا ریکارڈ بنا۔دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکورنگ ریٹ4.42رنز فی اووررہا۔اسی طرح جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بلے بازوں نے مجموعی طور پر 214 گیندوں کا سامناکیا جن میں سے 127 گیندوں پر کوئی رن نہ بنا۔

سری لنکا اپنا دوسرا میچ 7جون کو ڈیلاس میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا جبکہ جنوبی افریقہ کا اگلا ٹاکرا نیدرلینڈزکے ساتھ نیویارک میں 8جون کوہوگا۔

 (رپورٹ:ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button