آسٹریلیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سولومن آئی لینڈ میں نیشنل یوم تبلیغ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سولومن آئی لینڈ کو مورخہ ۱۷؍مارچ کو نیشنل یوم تبلیغ منانے کی توفیق حاصل ہوئی۔ حسبِ پروگرام صبح نو بجے تمام احباب احمدیہ مشن ہاؤس میں جمع ہو گئے۔ انہیں دو دو ،تین تین کے گروپس میں تقسیم کرکے پانچ مختلف اقسام کے تبلیغی فولڈرز دے کر اور اجتماعی دعا کے ساتھ بغرض تبلیغ شہر کے مختلف اطراف کی جانب رخصت کیا گیا۔

دوران تبلیغ بعض مشاہدات ہوئے جن کا ذکر کچھ یوں ہے۔

ایک نَو مبائع احمدی دوست عبد السلام صاحب جو ۲۰۱۹ء میں احمدی ہوئے تھے۔ وہ بتاتے ہیں کہ جب میں کسی کو تبلیغی پمفلٹ پیش کرتا تو پہلا سوال مجھ سے یہ ہوتا کہ کیا آپ مسلمان ہیں؟ تو جواباً میں کہتا الحمد للہ میں احمدی مسلمان ہوں۔ تو پھر مختلف سوالات ہوتےجن کا جواب دیا جاتا جو سائلین کے لیے حیرانگی کا باعث بھی ہوتا کیونکہ وہ تو مسلمانوں کو محض دہشت گرد کے علاوہ کچھ نہ جانتے تھے۔ اس طرح اطمینان پا کر آئندہ رابطہ رکھنے کے لیے مشن ہاؤس کا فون نمبر اور ایڈریس نوٹ کرتے۔ آپ کہتے ہیں کہ مجھے اس طرح گفتگو کرتے ہوئے بےحد لطف آتا اور ایک غیر مرئی طاقت میرے وجود میں سرایت کر جاتی۔ ایک دن وہ تھا جب میں حقیقت کی تلاش میں سرگرداں رہتا تھا اور آج میں دوسروں کی راہنمائی کا باعث بن رہا ہوں۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

محترم عمر صاحب نے بتایا کہ آج کے پروگرام میں پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے بے شمار جگہوں پر لوگ ان کے گرد جمع ہو گئے اور وہ درمیان میں کھڑے جماعت احمدیہ کا تعارف کروا رہے تھے۔ بعض دوستوں نے ان کے ساتھ بعد میں رابطہ رکھنے کا بھی وعدہ کیا۔ موصوف کہتے ہیں کہ مجھے تبلیغ کے دوران اس قدر سرور اور لطف حاصل ہوتا رہا ہے کہ شاید کسی شرابی کو شراب کے نشے سے بھی لطف نہ ملتا ہو۔

الحمدللہ ،نیشنل یوم تبلیغ کا یہ پروگرام اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا جس میں احباب جماعت نے ۹۵۰؍پمفلٹس تقسیم کیے اور جماعت کا تعارف کروایا۔

اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کوششوں کو اپنی جناب میں شرف قبولیت بخشے اور ثمرات حسنہ سے نوازے۔ آمین

(رپورٹ: مسعود احمد شاہد۔ مربی سلسلہ آسٹریلیا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button