سپورٹس بلیٹن
فٹ بال:فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ءکے ایشین کوالیفائرز کے ۲۶ اور ۲۷؍مارچ کو کھیلےگئےمیچز میں اُردن نے پاکستان کو ۷۔صفر، کرغزستان نے تائیوان کو۵۔۱،آسٹریلیا نے لبنان کو۵۔صفر اور فلسطین نے بنگلہ دیش کو۱۔صفرسے شکست دےدی۔دیگر میچز میں عراق نے فلپائن کو ۵۔صفر،بحرین نے نیپال کو ۳۔صفر،قطر نے کویت کو ۲۔۱ اورشام نے میانمار کوسات صفر سے ہرادیا۔افغانستان نے بھارت کواُس کی سرزمین پرایک کے مقابلہ میں دوگول سے حیران کن شکست سے دوچار کیا۔
انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول نے برائٹن کو۲۔۱؍ سے شکست دے کررواں سیزن میں ۲۹؍میچز کھیل کر ۶۷؍پوائنٹس کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن کو مستحکم بنایا۔دیگر میچز میں نیوکاسل نے ویسٹ ہیم کو۴۔۳،آسٹن ولا نے وولوزکو۲۔صفر،ٹوٹنہیم نے لٹن ٹاؤن کو ۲۔۱؍اوربرن متھ نے ایورٹن کو۲۔۱؍سے شکست دی۔مانچسٹر سٹی اورآرسنل کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔اسی طرح مانچسٹر یونائیٹڈ اور برینٹفورڈ کے ساتھ میچ ۱۔۱گول کی برابری پر ختم ہوا۔
UEFAیورو فٹ بال ٹورنامنٹ اس سال جون میں جرمنی میں منعقد ہوگا۔اس ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مرحلے کے play-offمیچز مارچ کے آخری ہفتہ میں کھیلے گئے۔ پنلٹی شوٹس پر جورجیا نے یونان کے خلاف۴۔۲؍پولینڈنے ویلزکے خلاف ۵۔۴؍سے کامیابی حاصل کی جبکہ یوکرائن نے آئس لینڈ کو۲۔۱؍سے شکست دی۔ یوں جورجیا،پولینڈ اوریوکرائن کی ٹیمیں میزبان جرمنی اور قبل ازیں کوالیفائی کرنے والی ۲۰؍ٹیموں کے ساتھ اس ٹونامنٹ میں حصہ لینے کی اہل قرار پائیں۔
کرکٹ:انڈین پریمیئر لیگ:بھارت میں انڈین پریمئیر لیگ(IPL)کے سیزن ۱۷؍کے میچزجاری ہیں۔گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلوں میں سن رائزرزحیدرآباد(SRH) نے ممبئی انڈینز (MI)کے خلاف آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ حیدرآبادکی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍اوورز میںتین وکٹوں کے نقصان پر۲۷۷؍رنز کا پہاڑ کھڑاکیا۔ آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ(Travis Head)نے۲۴؍گیندوں پر۶۲؍،نوجوان بھارتی کھلاڑی ابھیشک شرما(Abhishek Sharma)نے۲۳؍گیندوں پر ۶۳؍اور جنوبی افریقہ سےتعلق رکھنے والے ہینرک کلاسن (Heinrich Klaasen)نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ۳۴؍گیندیں کھیل کر سات چھکوں اورچارچوکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ اسّی رنز بنائے۔جواب میں ممبئی انڈینز پانچ وکٹوں کے نقصان پر ۲۴۶؍رنز بنا سکی۔یوں SRHکو۳۱؍رنز سے فتح حاصل ہوئی۔دیگر میچز میں رائل چیلنجرزبنگلورو نے ویرات کوہلی (Virat Kohli) کے ۷۷؍رنز کی بدولت پنجاب کنگز کو چاروکٹوں سے شکست دی۔راجستھان رائلز کی ٹیم دہلی کو۱۲؍رنز اور ممبئی انڈینز کوچھ وکٹوں سے ہرانے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے نامور کھلاڑی بابر اعظم کو ایک مرتبہ پھر قیادت کی ذمہ داری سونپ دی۔۲۰۲۳ء کے ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد بابراعظم نے پاکستانی ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ میچز کے لیے شان مسعود اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیاگیا۔ تاہم جنوری ۲۰۲۴ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز جہاں پاکستان کو ۴۔۱؍سے شکست ہوئی تھی،میں قیادت کرنے کے بعد شاہین آفریدی کو کپتانی سے ہٹا دیا گیاہے۔
ٹینس:امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ایونٹ کے فائنل میں اٹلی کے Jannik Sinnerنے بیلاروس کے Grigor Dimitrovکو۶۔۳؍اور۶۔۱؍کے سکور سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ قبل ازیں ۲۰۲۱ء اور۲۰۲۳ء میں Jannik Sinner اس ٹورنامنٹ میں رنراَپ رہے تھے۔ویمنزایونٹ کے فیصلہ کن معرکہ میں امریکہ کی تیس سالہ Danielle Rose Collinsنے قازقستان کی Elena Rybakina کو۷۔۵؍اور ۶۔۳؍سے ہراکر اپنے کیرئیر کا پہلا بڑا ٹائٹل جیت لیا۔میامی اوپن کے مینز ڈبلز میں آسٹریلیا کے Matthew Ebdenاور بھارت کے Rohan Bopannaفتحیا ب ہوئے جبکہ ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل امریکی کھلاڑیوں Sofia Kenin اور Bethanie Mattek-Sandsکی جوڑی نے جیتا۔
(رپورٹ: ن م طاہر)