کچھ جامعات سے

سالانہ تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں مورخہ ۵؍دسمبر ۲۰۲۳ء بروز منگل تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد ہوا جس میں امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی طاہر محمود چودھری صاحب، امیر و مشنری انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد عزیز احمد شہزاد صاحب (سٹاف سیکرٹری) نے بزبان اردو سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی جبکہ سواحیلی رپورٹ معلم شمعون جمعہ صاحب (استاد جامعہ) نے پیش کی۔ رپورٹس کے ساتھ ساتھ پراجیکٹر کی مدد سے دوران سال مختلف سرگرمیوں کی تصویری جھلکیاں دکھائی جاتی رہیں۔ مجلس علمی کے زیر اہتمام عربی، اردو اور انگریزی زبان میں تقریری مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو اس تقریب میں تقریر کرنے کا موقع دیا گیا۔ اس موقع پر مختلف ریجنز سے مبلغین کرام، احباب جماعت اور دیگر مہمانان بھی شریک تھے۔

اس کے بعد مہمان خصوصی نے امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو اسناد اور قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ علمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ کارکنان، اساتذہ اور مہمانان کی خدمت میں بھی تحائف پیش کیے گئے۔ مکرم امیر صاحب تنزانیہ کو جامعہ احمدیہ تنزانیہ کی طرف سے ایک اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

امسال جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے گیارہ طلبہ میں تنزانیہ، کینیا اور برونڈی کے طلبہ شامل ہیں جن کے نام درج ذیل ہیں: عزیزم حسین عمر Mpendaصاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم نعیم Andale صاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم جمعہ Mwanyika صاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم شریف Ngaliصاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم خالد Shikuku صاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم شعبان اسمٰعیل صاحب (معلم سلسلہ)،عزیزم سلیم Ngenzirabona صاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم ابراہیم احمد Ngalombe صاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم پیٹرک رمضان صاحب (معلم سلسلہ)، عزیزم صادق علی صاحب (معلم سلسلہ) اور عزیزم حمیس علی Kiwango صاحب (معلم سلسلہ)۔

مہمان خصوصی صاحب نے اپنی نصائح میں طلبہ جامعہ کو وقف زندگی کا عہد اور اس کا اصل مقصد ہمیشہ اپنے سامنے رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔

تقریب کے آخر پر مکرم عابد محمود بھٹی صاحب (پرنسپل جامعہ احمدیہ) نے مہمانان کی آمد پر اظہار تشکر کیا اور مہمان خصوصی نے دعا کروائی۔ اس تقریب کا اہتمام جامعہ کے ہال میں کیا گیا۔ طلبہ جامعہ نے خصوصی وقارعمل کرکے تزئین و آرائش اور تیاری سٹیج وغیرہ کے امور سر انجام دیے۔ تقریب کے اختتام کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button