عالمی خبریں

دنیائے احمدیت میں سال نو کے آغاز پر باجماعت نماز تہجد اور مثالی وقار عمل کے حوالے سے ایک رپورٹ

سال ۲۰۲۳ء کا سب سے بڑا المیہ حماس اور اسرائیل کی جنگ کا آغاز تھا۔ اُمید تو یہ تھی کہ شاید نئے سال کے آغازسے پہلے یہ جنگ ختم ہوجائے گی لیکن سال ۲۰۲۴ء کا استقبال اس جنگ کی بڑھتی ہوئی شدّت نے کیا۔ ہزاروں معصوم انسانی جانوں کا نہ صرف ضیاع ہوا بلکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوگئے۔اس انتہائی دُکھی صورت حال کے باوجود دنیا کے متعدد ممالک میں سالِ نَو کا آغاز لاکھوں روپے کے خرچ سے آتش بازی اور چراغاں کے ساتھ کیا گیا۔حد تو یہ ہے کہ کئی اسلامی ممالک میں بھی لوگوں نے ساری رات جشن میں گزاری جبکہ اس کے برعکس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے عین مطابق آنے والے مسیح موعود حضرت مرزا غلام احمدؑ کی حقیقی اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا اورتائیدات الٰہیہ کے نظارے دکھانے والی جماعتہائے احمدیہ عالمگیر کے احباب نے نئے سال کا اس دعا کے ساتھ استقبال کیا۔

اَللّٰہُمَّ اَدْخِلْہُ عَلَیْنَا بِالْاَمْنِ وَ الْاِیْمَانِ وَ السَّلَامَۃِ وَ الْاِسْلَامِ وَ جَوَارٍ مِّنَ الشَّیْطٰنِ وَ رِضْوَانٍ مِّنَ الرَّحْمٰنِ

ترجمہ: اے اللہ! اس سال کو ہمارے اوپر امن اور ایمان اور سلامتی اور اسلام کے ساتھ اور شیطان سے بچاؤ اور رحمان کی رضامندی کے ساتھ داخل فرما۔

اور پھر دنیا بھر کے احمدی مَرد و زَن، بوڑھے جوان، بچے اور بچیوں نے اپنےپیارے امام حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مورخہ ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو کی گئی نصیحت برموقع اختتامی خطاب جلسہ سالانہ قادیان کہ آج رات تہجد میں نئے سال کے بابرکت ہونے، دنیاسے ظلم وستم کا خاتمہ ہونے اور اپنے فلسطینی بھائی بہنوں اور بچوں کےلیے دعا کریں پر عمل کرتے ہوئے یکم جنوری ۲۰۲۴ء کو سال کے پہلے دن کا آغازخاص اہتمام کے ساتھ منعقدہ اجتماعی نماز تہجد میں غفور و رحیم خدا تعالیٰ کےحضور عاجزانہ دعاؤں سے کیا۔ انفرادی و اجتماعی نماز تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد احمدی نوجوانوں کے شانہ بشانہ اطفال اور انصار نےبھی اپنے اپنے علاقوں میں دیگر لوگوں کی طرف سے جشنِ سالِ نَو کے نام پر پھیلائے جانے والے کچرے کو سمیٹنے اور صفائی ستھرائی کرنے کے کام کو انجام دے کرجماعت احمدیہ کے ماٹو ’محبت سب کےلیے نفرت کسی سے نہیں‘ کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ لوگوں کی اکثریت نے اس کا مشاہدہ کرتے ہوئے سراہا جبکہ بعض مقامی اخبارات اور ٹی وی چینلز نے بھی اس کا ذکر کیا۔

بنگلہ دیش

نوید احمد لیمن صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ نئے سال کے موقع پر ملک بھر میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا اور انفرادی طور پر بھی احباب جماعت نے نماز تہجد ادا کی۔ نماز کے بعد مٹھائی اور ناشتے کا انتظام تھا۔ اس کے بعد اکثر احباب نے وقار عمل کیا۔ چند احباب نے گرم کپڑے غربا میں تقسیم کیے اور بکرا صدقہ کیا۔

بنگلہ دیش

جاپان

انیس احمد رئیس صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ امسال جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے تیار کردہ مبارک باد کے کارڈز ۵۴۹؍زیر تبلیغ احباب کو بھجوائے گئے۔

مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۴ء کو احباب جماعت احمدیہ ناگویا کی اکثریت مسجد بیت الاحد میں باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر میں شامل ہوئی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد خاکسار نے احباب جماعت کو ان دعاؤں کی طرف توجہ کرنے کی یاددہانی کروائی جو سیدنا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نےجلسہ سالانہ قادیان کے اختتامی خطاب میں بیان فرمائی تھیں۔

جاپان

تلاوت قرآن کریم کرنے کے بعد افراد جماعت ناگویا نے قریب ہی ایک مقام پر صبح کی سیر کی جس کے بعد مسجد میں اجتماعی ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں مسجد بیت الاحد میں احباب نے مل کر وقار عمل کیا اور لنگر خانہ کی تزئین او رصفائی کی۔

اسی طرح جاپان کے شہر ٹوکیو کے احمدیہ سنٹر میں بھی نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔

یوکے

لطیف احمد شیخ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ دنیا کی جماعتوں کی طرح جماعت احمدیہ یوکے میں بھی اجتماعی نماز تہجد کا اہتمام کیا گیااور شہروں کے مخصوص مقامات کی صفائی ستھرائی کےلیے وقار عمل کیا گیاجس کے بعد شاملینِ وقار عمل کے لیے ناشتہ کا انتظام تھا۔ اس کی مختصر تفصیل قارئین الفضل انٹرنیشنل کےلیے پیش خدمت ہے۔

اسلام آباد ریجن: ریجنل امیر مکرم عطاءالقدوس صاحب اطلاع دیتے ہیں کہ ریجن میں پانچ مقامات اسلام آباد، بورڈن، ریڈنگ، کرالی اور بورن متھ میں باجماعت نماز تہجد میں کُل ۱۶۳۴؍احباب جماعت شامل ہوئے۔سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں ہوا جہاں ۱۴۳۴؍مَرد و خواتین کی حاضری رہی۔نمازفجر کی ادائیگی کے بعد احباب جماعت کی تواضع ناشتہ سے کی گئی جس کے بعد خدام و اطفال نے اپنے علاقوں کے مختلف مقامات کی صفائی کےلیے وقار عمل بھی کیا۔

مسجد فضل ریجن: ریجنل امیر مکرم ڈاکٹر مجیب الحق خان صاحب لکھتے ہیں کہ مسجد فضل لندن میں باجماعت نماز تہجد میں کُل ۹۰۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ ناشتہ کے بعد خدام، اطفال اور انصار نے مل کر وائنڈ اپ کیا۔

یوکے

بیت الفتوح ریجن: ریجنل امیر مکرم مبارک صدیقی صاحب تحریرکرتے ہیں کہ مسجد بیت الفتوح میں تقریباًدو ہزار احباب جماعت نماز تہجد میں شامل ہوئے۔ درس القرآن کے بعد شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا جبکہ مالڈن مینر اور ووسٹر پارک، ایپسم اور یول، کنگسٹن اور نیو مالڈن، ٹالورتھ اور سربٹن کے خدام و اطفال نے مقرر کردہ مقامات پر وقار عمل کیا۔

بیت الاحسان ریجن: ریجنل امیر مکرم عطاءالعلیم صاحب کہتے ہیں کہ مسجد بیت الاحسان میں ۳۸۰؍جبکہ مچم نماز سینٹر میں ۳۱؍مَرد و خواتین نے نماز تہجد باجماعت ادا کرنے کی توفیق پائی۔ نمازوں، درس اور ناشتہ کے بعد بیت الاحسان اور ویلنگٹن، چیم ساؤتھ اور سٹن، مچم پارک اور مورڈن پارک مجالس کےکل ۷۰؍خدام اور ۲۰؍اطفال نے ایک گھنٹہ وقار عمل کیا۔

ایسٹ ریجن: ریجنل امیر مکرم مبشر احمد صدیقی صاحب لکھتے ہیں کہ ہمارے ریجن میں بیت الاحد نیو ہیم، بیت الاحد والتھم اسٹو، مسجد ناصر جلنگھم اور نارتھ لندن جماعت میں باجماعت نماز تہجدمیں ۳۳۱؍احباب شامل ہوئے۔ بعدازاں ریجن کی آٹھ جماعتوں میں ۵۲؍خدام، اطفال اور انصار نے وقار عمل میں حصہ لیا۔

مڈل سیکس ریجن: ریجنل امیر سہیل احمد قریشی صاحب کہتے ہیں کہ ریجن کی پانچ مساجد میں نماز تہجدمیں ۴۶۷؍احباب جماعت شامل ہوئے۔ درس کے بعد شاملین کی خدمت میں ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ہانسلو ساؤتھ کے ایک مقامی پارک، ایلنگ کونسل ایریا اور ساؤتھ ہال براڈوے کے علاقوں میں صفائی کےلیے خدام و اطفال کی بڑی تعداد نے وقار عمل کیا۔

مڈ لینڈز ریجن: ریجنل امیر مکرم سیّد امتیاز صاحب لکھتے ہیں کہ ریجن کے آٹھ مقامات پر باجماعت نماز تہجد میں کُل ۷۸۲؍احباب جماعت شامل ہوئے۔ نماز اور درس کے بعد شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر اہتمام مختلف سڑکوں پر وقار عمل کیا گیا۔

اس ریجن کی جماعت وولورہیمپٹن میں ہونے والے وقارعمل کو بی بی سی ٹیلیویژن نے خصوصی کوریج دی اور رضاکاران کا انٹرویو بھی نشر کیا جبکہ اپنی ویب سائٹ پر نمایاں طور پر تصویر کے ساتھ خبر شائع کی۔

نارتھ ویسٹ ریجن: ریجنل امیر مکرم عبدالغالب خان صاحب رپورٹ دیتے ہیں کہ ریجن کی تین جماعتوں میں۷۰۳؍احباب باجماعت نماز تہجدمیں شامل ہوئے اور بعد ازاں ۷۰؍خدام و اطفال نے وقار عمل میں حصہ لیا۔

نارتھ ایسٹ ریجن: مکرم مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ اطلاع دیتے ہیں کہ ریجن کی بریڈ فورڈ نارتھ، بریڈ فورڈ ساؤتھ، ہڈرز فیلڈ، لیڈز، کیتھلے، سپن ویلی، ہارٹلے پُول اور نیو کاسل کی جماعتوں میں باجماعت نماز تہجد میں احباب جماعت کی کُل حاضری ۵۸۳؍رہی۔بریڈ فورڈ نارتھ اور ساؤتھ اور کیتھلے میں شاملین کو ناشتہ پیش کیا گیا جبکہ تمام مقامات پر خدام، اطفال اور انصار نے مل کر وقار عمل کیا۔

ساؤتھ ریجن: مکرم رضا احمدصاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اس ریجن کی دس جماعتوں کے ۳۵۰؍احباب جماعت مسجد بیت السبحان میں باجماعت نماز تہجد میں شامل ہوئے۔ بعد ازاں ۷۰؍خدام، اطفال اور انصار نے وقار عمل کے ذریعے کرائیڈن شہر کے مقررہ مقامات پر صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا۔

ساؤتھ ویسٹ ریجن کے پانچ مقامات پر۱۳۰؍نارتھ ایسٹ ریجن کےبھی پانچ مقامات پر۳۷۰؍ہارٹفورڈ شائر ریجن کےسات مقامات پر۴۱۶؍ اسکاٹ لینڈ ریجن کے تین مقامات پر ۲۰۱؍ اور بیت النور ریجن کے چار مقامات پر ۱۲۹؍ احباب جماعت باجماعت نماز تہجد میں شامل ہوئے۔

فرانس

منصور احمد مبشر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ موصولہ رپورٹس کے مطابق فرانس کی دس جماعتوں میں نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا جن میں کل حاضری ۳۰۰ رہی۔ اسی طرح پیرس کی مشہور شاہراہ Champs Elyseکے علاوہ فرانس کے پانچ مختلف شہروں میں وقار عمل کیا گیا جن میں ۱۵۰ سے زائد احباب نے حصہ لیا۔

فرانس

آسٹریا

وسیم احمد صاحب، صدر جماعت سالزبرگ، آسٹریا تحریر کرتے ہیں کہ اِمسال مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۴ء کو نماز سنٹرسالزبرگ میں اجتماعی نماز تہجد و نماز فجر اور درس کے فوراً بعد تمام خدام، اطفال و انصار نے سالزبرگ شہر کے وسط میں بہنے والے Salzachدریا کے پُل Lehener Brücke سے وقار عمل کا آغاز کیا جو دریا کے دونوں اطراف 4.4کلومیٹر فاصلے یعنی پُل Nonntaler Brücke تک مکمل کیا گیا۔ دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس وقارِعمل کےبعد تمام احباب نے مل کر ناشتہ کیا۔

آسٹریا

بعد ازاں حسبِ معمول جماعت کی طرف سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جو مع تصاویر مقامی اخبارات اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع ہوئی۔ لوکل میونسپل کارپوریشن کے نمائندہ Christian Bleiblerنے احبابِ جماعت کا شکریہ ادا کیا نیز وقار عمل کی تعریف کرتے ہوئے جماعتی خدمات کو سراہا اور مستقبل میں بھی جماعت سے تعاون کی درخواست کی۔

بیلجیم

چودھری طاہر احمد گِل صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ نئے سال کے آغاز پر بیلجیم کی تمام جماعتوں میں اجتماعی نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ نماز فجر اور درس کے بعد احباب کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ اسی طرح مجلس خدام الاحمدیہ کو ۱۷ شہروں کے مختلف مقامات پر وقارِعمل کرنے کی توفیق ملی جس میں خدام و اطفال کے ساتھ انصار نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دلبیک(Dilbeek) شہر جہاں جماعت احمدیہ بیلجیم کا مرکزی مشن ہاؤس بیت السلام ہےوہاں کے میئر صاحب بھی وقارِ عمل میں شامل ہوئے۔ انہوں نے خدام کے اس کام کی تعریف کی اور اس پروگرام کو بہت سراہا۔

بیلجیم

امسال بیلجیم کے ایک ٹی وی چینل RTLنے وقارِ عمل کے پروگرام کی کوریج کی اور شام کے خبرنامہ میں اس کی رپورٹ نشر کی گئی۔ اس کے علاوہ ریڈیو، نیشنل اور ریجنل اخبارات نے وقار عمل کی خبر دی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ سے وقارِعمل کے پروگرام کی کمپین چلائی جس پر بے شمار مقامی لوگوں نے بہت سے تعریفی تبصرے کیے۔ا یک اندازےکے مطابق اس پروگرام کے ذریعہ چار لاکھ سے زائد لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچا۔الحمد للہ علیٰ ذلک

ہالینڈ

عدیل باسم صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ ہالینڈ کے چاروں مشن ہاؤسز اور دیگر جماعتوں میں ۵۰۰ کے قریب احباب جماعت نے باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر ادا کی۔ درس اور ناشتہ کے بعد مختلف مقامات پر انصار، خدام اور اطفال کی بڑی تعداد نے وقار عمل کیا جہاں اخبار کے نمائندے بھی آئے جنہیں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کی اہمیت کے بارے میں اسلامی تعلیم بتائی گئی اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔

ہالینڈ

سوئٹزرلینڈ

صباح الدین بٹ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ نئے سال ۲۰۲۴ء کے آغاز پر سوئٹزرلینڈ کے چار شہروں میں ۱۲۷؍ مرد و خواتین نے باجماعت نماز تہجد ادا کی۔ نمازوں اور درس قرآن کریم کے بعد اجتماعی ناشتہ بھی دیاگیا۔ ان مقامات پر درج ذیل حاضری رہی:محمود مسجد زیورخ میں ۵۵، نور مسجد وگولٹنگن میں ۲۴، نماز سنٹر بیرن میں ۲۰ اور نماز سنٹر جنیوا میں ۱۸۔

سوئٹزرلینڈ

نئے سال ۲۰۲۴ء کے آغاز پر بیلوی جھیل زیورخ پر سرکاری طور پر جشن منایا گیا۔ چنانچہ اس موقع پر خدام، اطفال اور انصار پر مشتمل ۲۴ افراد نے شہری انتظامیہ کی نگرانی میں وقار عمل کے ذریعے ۲؍ ٹن سے زائد شیشہ اور دیگر کوڑا کرکٹ راستوں سے اٹھایا۔ جس کا ذکر اور انٹرویو سوئس ٹی وی SRF news نے اپنی یکم جنوری ۲۰۲۴ء کی نشریات میں کیا۔

لٹویا

بشارت احمد شاہد صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے احباب جماعت احمدیہ لٹویا نے بھی جماعت کے سینٹر میں باجماعت نماز تہجد کے ساتھ سال نَو کا آغاز کیا۔ نماز تہجد کے بعد سب احباب نے تلاوت قرآن کریم کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی۔ نماز اور درس حدیث کے بعد تمام احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔

لٹویا

لتھوانیا

احمد فراز صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیس میں موجود مشن ہاؤس میں باجماعت نمازِ تہجد ادا کی گئی جس میں ۷؍ احباب شامل ہوئے جس کے بعد سٹی سنٹر میں سالِ نو کی آمد کی تقریبات کے معاً بعد وقارِ عمل کا انعقاد کیا گیا۔

لتھوانیا

سویڈن

رضوان احمد افضل صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ سویڈن میں قائم پانچوں جماعتوں میں نماز تہجد میں ۲۰۰ سے زائد مرد و خواتین اور بچے شامل ہوئے۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد تمام جماعتوں میں ناشتے کا انتظام تھا۔ چند دن قبل ہی تمام میڈیا کو پریس ریلیز کےذریعہ پروگرام کی اطلاع دے دی گئی تھی۔ قائدین مجلس خدام الاحمدیہ نے اپنے اپنے علاقے میں پروگرامز کی نگرانی کی۔ ۵ جماعتوں میں ۱۲۵؍ افراد نے وقار عمل میں حصہ لیا۔ لولیو جماعت جو کہ سویڈن کے شمال میں واقع ہے وہاں اس دن درجہ حرارت منفی ۲۷ ڈگری تھا۔

سویڈن

مہتمم صاحب وقار عمل اور تبلیغ نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے X (ٹویٹر) پر ہیش ٹیگ islamsbudskap# یعنی اسلام کا پیغام کے عنوان سے ٹرینڈ (trend)بھی چلایا جو کہ بہت کامیاب رہا۔

میڈیا میں بھی اللہ کے فضل سے بہت اچھی کوریج ہوئی۔ نئے سال کے موقع پر صفائی کی خبریں گوتھن برگ کے سب سے بڑے اخبار، ٹی وی اور ریڈیو پر نشر ہوئیں۔ لولیو میں سویڈش ریڈیو نے لائیو کوریج کی جبکہ کالمار میں وہاں کے بڑے اخبار نے اس بارے میں تفصیلی خبر دی۔ گوتھن برگ کے اخبار نے ٹویٹر پر بھی اس خبر کو نشر کیا جہاں ایک لاکھ سے زائد مرتبہ یہ خبر دیکھی گئی۔ مجموعی طور پر ہزاروں لائکس اور کمینٹس ہماری خبروں اور ٹرینڈز پر ہوئے۔ الحمد للہ

ڈنمارک

اکرم محمود صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ کوپن ہیگن، ڈنمارک میں باجماعت نماز تہجد، نماز فجر اور درس کا اہتمام کیا گیا جس میں ۶۵؍ افراد نے شرکت کی۔ اسی طرح وقار عمل کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ۳۵؍ افراد شامل ہوئے۔

ڈنمارک

ناروے

میر عبد السلام صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ ناروے کی مختلف جماعتوں میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا جبکہ شدید برف باری کی وجہ سے اس سال صرف ۳ مقامات پر وقار عمل ہوسکا جس میں ۴۵ انصار، خدام اور اطفال شامل ہوئے۔

ناروے

گھانا

فہیم احمد خادم صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ گھانا کی جماعت زونز میں تقسیم ہے۔ نئے سال کے موقع پر ملک بھر کے ۲۳ زونز سے رپورٹس موصول ہوئیں جن کے نام درج ذیل ہیں: اکرا، ٹیما، کاسوا،آبو آسی، وا، گوروپی، ابورا، کیپ کوسٹ، سالٹ پانڈ، بیدو آسی کما، اسیام، ٹومو، ساچرے، ٹاکورادی، گوموا ایسٹ، منقسم، آسن، سنیانی، بولگا، والےوالے اور اکمفی۔ ان زونز کی کل ۱۷۱ جماعتوںمیں باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی جن میں شاملین کی کل تعداد ۶۹۴۰؍ رہی۔

اسی طرح موصولہ رپورٹس کے مطابق گھانا کے ۶ مقامات پر وقار عمل ہوئے اور ۳۱۰ ممبران جماعت نے ان میں حصہ لیا۔ ایک ویب سائٹchoicenewsonline.comنے آبوآسی میں ہونے والے وقار عمل کی تفصیلی رپورٹ چند تصاویر کےساتھ شائع کی۔

برکینا فاسو

چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ برکینافاسو میں جماعت کی زیادہ تر مساجد میں اجتماعی نماز تہجد ادا کی گئی جس میں مجموعی طو رپر سینکڑوں افراد نے شمولیت کی۔ جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کے طلبہ نے نماز تہجد اور فجر کے بعد وقار عمل کیا اور بستان مہدی میں صفائی کی۔ کایا میں کئی پھل دار پودے بھی لگائے گئے۔ کدگو شہر میں نماز تہجد اور فجر کے بعد خدام کا فٹ بال میچ کروایا گیا۔ سوم گاندے میں مجلس خدام الاحمدیہ نے ایک باربی کیو کا اہتمام کیا۔ا س پروگرام میں مکرم امیر صاحب بھی شامل ہوئے۔لیو میں جماعت کا وفد ہائی کمشنر کے دفتر میں نئے سال کی مبارکباد دینے کے لیے گیا۔ اس موقع پر علاقے بھر کےدیگر مذہبی راہنما، حکومتی عہدیداران،شہر کے معززین اور کاروباری حضرات موجود تھے۔جماعت احمدیہ کے وفد کی باری پر کمشنر نے از خود تمام حاضرین کے سامنے جماعت کا ذکر بڑے عمدہ انداز میں کیا۔ کوپیلا میں نماز تہجد اور فجر کے بعد وقار عمل کا انعقاد ہوا۔بعد ازاں اجتماعی طو رپر دعائیہ خطوط لکھے گئے۔ اسی روز کلوا جمیعًا کا پروگرام ہوااور مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ بانفورا میں احباب جماعت بھر پور طو رپر اجتماعی تہجد میں شامل ہوئے مجموعی حاضری چھ صد سے زائد رہی۔ شام کو ینگولوگو جماعت میں مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ احمدیہ ریڈیوز (ڈوری۔ لیو، بوبو جلاسو او رددگو) نے سال نو کے آغاز کے موقع پر متعدد علمی، تربیتی، معاشرتی اور اخلاقی پروگرام نشر کیے۔ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو نے اپنے سوشل میڈیا گروپ کے ذریعہ ایک پروگرام نشر کیا جس میں سال نو کے آغاز کے حوالے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ممبرات کو نصائح کی گئیں۔

برکینا فاسو

سیرالیون

محمد قاسم طاہر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ سیرا لیون میں احباب جماعت نے نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا۔ نماز فجر کے بعد دروس دیے گئے۔ دروس میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے اختتامی خطاب جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۳ء اور ۲؍جنوری ۲۰۱۵ء کے خطبہ جمعہ کے مطابق اپنے جائزے لینے کی طرف توجہ دلائی گئی۔

سیرالیون

موصولہ رپورٹس کے مطابق نماز تہجد اور وقار عمل میں حاضری کے اعداد و شمار درج ذیل ہیں۔

کل ریجنز جن میں نماز تہجد ادا کی گئی: ۱۴

کل جماعتیں جن میں نماز تہجد ادا کی گئی: ۲۴۴

نماز تہجد میں کل حاضری:۹,۱۹۱

کل مقامات جن پر وقار عمل ہوا:۱۷۳

وقار عمل پر کل حاضری:۲۷۶۱

کانگو کنشاسا

شاہد محمود خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ ملک میں ہونے والے الیکشنز کے نتائج ۳۱؍دسمبر کو سنے گئے جن کے بعد کسی بھی قسم کے بڑے اجتماعات پر پابندی تھی خاص طور سے دارالحکومت کنشاسا میں۔ اس لیے تمام ملک میں جہاں جہاں بھی ممکن ہوا وہاں پر باجماعت تہجد ادا کی گئی۔ایک قابل ذکر امر یہ ہے کہ باندوندو شہر میں مسافت اور حالات کی وجہ سے افراد جماعت نماز عشاء پر تشریف لائے اور رات مسجد میں گزاری نئے سال میں نوافل اور ذکر الٰہی کرتے ہوئے داخل ہوئے اور صبح چار بجے کے قریب نماز تہجد ادا کی گئی۔ جن مقامات پر باجماعت نماز تہجد کا اہتمام تھا ان کے اعداد و شمار درج ذیل ہیں:

تعداد ریجنز جہاں نماز تہجد و وقار عمل ہوا: ۶

تعداد جماعتیں: ۲۴

حاضری نماز تہجد: ۳۷۸

حاضری وقار عمل: ۲۷۶

کونگو کنشاسا

گیمبیا

مسعود طاہر بٹ صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ گیمبیا میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے سال نو کے موقع پر ۲۵ مقامات پر باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی جس میں ۴۲۹؍ احباب شامل ہوئے۔ اسی طرح ملک کے ۱۸ مقامات پر وقار عمل کیا گیا جن میں ۲۴۸ احباب شامل ہوئے۔ نیز ۱۸ جگہوں پر اجتماعی طور پر صدقہ بھی دیا گیا۔ جبکہ ۱۳ مقامات پر ۱۴۷ احباب نے حضور انور ایدہ اللہ کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے۔ اسی طرح شہر سوما میں قائم ایک ریجنل ہسپتال میں سال نو کے موقع پر پھل تقسیم کیے گئے۔

گیمبیا

کینیا

محمد افضل ظفر صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سےجماعت احمدیہ کینیا کے ۴۵ مقامات پر باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی۔ نماز فجر اور درس قرآن کریم کے بعد قیام امن اور غلبہ اسلام کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ بعدہ وقار عمل کیا گیا۔ جن مقامات پر احباب جماعت کے لیے اس وقت مسجد میں پہنچنا ممکن نہ تھا انہوں نے اپنے اپنے گھروں میں نماز تہجد ادا کی۔ اسی طرح ۵۳ مقامات پر اجتماعی وقار عمل کیا گیا جس میں ۵۷۴؍ افراد جماعت نے حصہ لیا جن میں اطفال اور ناصرات بھی شامل تھیں۔ متعدد مقامات پر صدقہ بھی کیا گیا اور ضرورت مندوں میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔

کینیا

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کینیا کی بعض جماعتوں میں ۳۱؍دسمبر کے دن جلسہ سالانہ قادیان میں حضور انور کا اختتامی خطاب سننے کے بعد کلوا جمیعاً کا بندوبست کیا گیا تاکہ احباب اس کے بعد مسجد میں ہی قیام کر سکیں اور اگلے دن نماز تہجد باجماعت ادا کر سکیں۔

نائیجر

کوثر جمیل صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک نائیجر کے مختلف گوشوں کے کُل دس ریجنز کی ۳۵ جماعتوں میں باجماعت نمازِ تہجد کا انعقاد کیا گیا جس میں مجموعی طور پر سات صد (۷۰۰) سے زائد احباب حاضر ہوئے۔

نائیجر

اسی طرح اللہ کے فضل سے ملک کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر آٹھ ریجنز میں وقارِ عمل کا انعقاد کیا گیا جس میں شامل ہونے والوں کی کل حاضری ایک سو پچاس (۱۵۰) سے زائد رہی۔فالحمدللہ علی ذٰلک

گنی کناکری

طاہر محمود عابد صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ نئے سال کی ابتدا گنی کی اکثر جماعتوں میں نماز تہجد کی ادائیگی، صدقات اور وقار عمل سے کی گئی جس کی رپورٹ درج ذیل ہے۔

نام جماعت شاملین تہجد شاملین وقار عمل
کناکری 12 15
فولایا 10 13
دابویا 50 98
موریا خورے 25 15
کینیا یا 23 18
سومبویادی 14 19
فیلایا 17 13
درابے 80 95

اس کے علاوہ ۵۰؍ ایسے گھرانے جو مساجد سے دور تھے انہوں نے گھروں میں نماز تہجد ادا کی اور محلوں میں وقارعمل کرکے گلیاں صاف کیں۔

ساؤتھ افریقہ

منصور احمد زاہد صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کیپ ٹاؤن ساؤتھ افریقہ جماعت کو نئے سال کا آغاز مسجد بیت الاول کیپ ٹاؤن میں نماز تہجد سے کرنے کی توفیق ملی، جس میں ۲۰ کے قریب مردوزن اور اطفال و ناصرات شامل ہوئے۔ نماز تہجد مکرم ریان ایلم صاحب نے پڑھائی اس کے بعد مکرم عمران عبداللطیف صاحب نے اپنی خوبصورت آواز میں فجر کی اذان دی، خاکسار نے نماز فجر پڑھائی، مکرم کمال ایلم صاحب سرکٹ صدر کیپ ٹاؤن جماعت نے قرآن کریم سے درس دیا۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔

ساؤتھ افریقہ

ساؤتھ افریقہ جماعت کے افراد پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں اور بہت سے نماز سینٹر سے دور رہتے ہیں اس لیے اکثر احباب نے گھروں پر تہجد ادا کی اور صدقہ وغیرہ دیا تاہم پارل ولینگٹن جماعت اور جوہانسبرگ جماعت سے باجماعت تہجد کی اطلاع ملی۔

ساؤ تومے

مکرم انصر عباس صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ ساؤ تومے میں سال نو کے موقع پر باجماعت نماز تہجد کے علاوہ ہر سال کی طرح امسال بھی وقار عمل کا اہتمام کیا گیا۔

برازیل

وسیم احمد ظفر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ برازیل میں جماعت احمدیہ کے مرکز مسجد بیت الاول۔ پیٹروپولس (Petropolis)میں اس بار بھی نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے پڑھائی اس میں ۵ ممبران نے شرکت کی اسی طرح تمام افراد جماعت کو انفرادی طور پر گھروں میں بھی نماز تہجد ادا کرنے کی تلقین کی گئی۔ اسی روز نئے سال کی خوشی میں ہیومینٹی فرسٹ برازیل کے تحت پیٹروپولس کے مختلف علاقوں میں کم و بیش ۲۰۰بچوں میں سویٹس کے پیکٹ تقسیم کیے گئے جس پر وہاں کے لوگوں نے بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ ان پیکٹس میں شامل سویٹس کی خرید اور تمام تر پیکنگ کا کام مردوں، عورتوں اور بچوں نے رضاکارانہ طور پر بڑے جوش اور جذبہ کے ساتھ کیا۔

برازیل

پیٹروپولس شہر کے میئر کی طرف سے نئے سال کے آغاز میں مذاہب کے درمیان اتحاد کی فضا قائم کرنے کے لیے ایک ویڈیو تیارکی گئی جس میں اسلام کی نمائندگی میں خاکسار نے بھی ریکارڈنگ کروائی جس میں جماعت کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کو خاص طور پر بیان کیا۔

احتشام احمد مومن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ ریو دی جانئیرو شہر میں نئے سال کا آغاز انفرادی نماز تہجد سے ہوا۔ ۵۰ کھانے کے پیکٹس اور ۱۷؍ پیکٹس بچوں کے لیے بنا کر مستحق افراد اور بچوں میں تقسیم کیے گئے۔

یونان

ارشد محمود صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ سال نو کے موقع پر یونان میں ایتھنز مشن ہاؤس میں چار افراد نے نماز تہجد اور نماز فجر ادا کی۔ اور درس القرآن سے مستفید ہوئے۔ اسی طرح مکرم عبدالقدوس صاحب صدر مجلس انصاراللہ کے گھر دو احباب اور مختلف جگہوں پر انفرادی نماز تہجد سے نئے سال کا آغاز کیا گیا۔

یونان

اسی طرح ۳۱؍دسمبر کو اختتامی خطاب جلسہ سالانہ قادیان کے بعد مشن ہاؤس میں وقار عمل کیاگیا۔

زیمبیا

محمد جاوید صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ زیمبیا میں چار ریجنز کی ۱۳ جماعتوں میں اجتماعی نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا جہاں کل حاضری ۱۰۳ رہی۔ اسی طرح نماز فجر کے بعد وقار عمل کیا گیا جس میں مساجد و مشن ہاؤس کے راستوں و احاطے کی صفائی کی گئی۔

ادارہ الفضل اپنے تمام قارئین کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ نماز تہجد میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی دعاؤں کو قبول فرماتے ہوئے تہجد اور وقار عمل کے منتظمین و کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے،مظلوم فلسطینیوں کوجلد ظلم کی چکی سے نکالے، اسیران ِراہ مولیٰ کی باعزت رہائی کے جلد از جلد اسباب پیدا فرمائے، دنیا سے ظلم و ستم کا خاتمہ فرمائے اور دنیا کو حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی بعثت کے مقصد کو سمجھنے اور آپؑ کی تعلیمات کو ماننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button