متفرق شعراء

صَلِّ عَلی نَبِیِّنَا۔صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ (منظوم کلام حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگم صاحبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا)

(۳)

بخدا بے عدیل ہے احمدؐ

شان رب جلیل ہے احمدؐ

کیوں نہ پھر ہو جمال میں کامل

جب کہ نورِ جمیل ہے احمدؐ

باعث نازِ حضرتِ آدمؑ

عزّ و فخرِ خلیل ہے احمدؐ

اس سے بڑھ کر ہزار شان میں ہے

جس نبی کا مثیل ہے احمدؐ

خُلق میں آپ ہے مثال اپنی

آپ اپنی دلیل ہے احمدؐ

وجہِ تسکینِ قلبِ مضطر ہے

راحِ روح علیل ہے احمدؐ

’’زندگی بخش جامِ احمدؐ ہے‘‘

چشمۂ سلسبیل ہے احمدؐ

بحرِ رحمت نے جوش فرمایا

بن کے ابرِ کرم جو تُو آیا

منبع جود و فضل رحمانی

منتہائے کمالِ انسانی

صَلِّ عَلٰی نَبِیِّنَا

صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ

(۴)

السّلام اے نبیؐ والا شان

والصَّلٰوۃ اے موسسِ ایمان

حضرت ذوالجلال کے محبوب

جس کی خاطر ہوئی بنائے جہان

تُو مدینہ ہے علم اکمل کا

تیرا سینہ ہے مہبطِ قرآن

سارے جھگڑے چُکا دئیے تُو نے

اے شہ عدل صاحبِ فرقان

پاک اسمائے انبیاء کردی

ہمہ بودند زیر صد بہتان

منہزم ہو چکی تھی جب توحید

غالب آیا تھا لشکرِ شیطان

جب زمانہ میں دورِ ظلمت تھا

حق و باطل میں کچھ نہ تھی پہچان

اے سراجِ منیر تُو آیا

ساری دنیا میں نور پھیلایا

مہر عالم طبیبِ روحانی

منتہائے کمالِ انسانی

صَلِّ عَلٰی نَبِیِّنَا

صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ

(درعدن ایڈیشن ۲۰۰۲ء صفحہ ۱۲-۱۳)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button