حضور انور کا دورۂ جرمنی اگست، ستمبر ۲۰۲۳ء (چودھواں روز، 9؍ ستمبر 2023ء بروز ہفتہ)
آج دن کے آغاز پر فجر کی اذان نوید الحق شمس صاحب مربی سلسلہ نے دی۔ پانچ بجکر پچاس منٹ پر حضور انور نے نماز فجر پڑھائی جس کے بعد نوید الحق شمس صاحب نے تفسیر کبیر میں سے درس قرآن دیا۔
آج حضور انور دفتری کام میں مشغول رہے اور ۱۱ بجے ملاقاتوں کا آغاز ہوا جو دوپہر دو بجے تک جاری رہیں۔ آج شام کو مسجد نور کے افتتاح کے لیے حضور انور نے جرمنی کے شہر فرنکن تھال تشریف لیکر جانا تھا۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد حضور انور نے ہی ۳۰ اگست ۲۰۱۶ء کو رکھا تھا۔ حضور انور فرنکن تھال جانے کے لیے سوا چار بجے کاروں کے پاس تشریف لائے۔ دعا کروائی اور قافلہ عازمِ فرنکن تھال ہوا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ مسجد کے افتتاح کے لیے پانچ بج کر دس منٹ پر ورود فرما ہوئے اور گاڑی سے باہر تشریف لائے تو مقامی صدر جماعت مکرم فراز کامران صاحب اور مربی سلسلہ مکرم سلیمان اختر صاحب نے استقبال کرنے کا شرف حاصل کیا۔ اس دوران ناصرات اور اطفال نے اِستقبالیہ نغمے پڑھ کر اپنے آقا کے ورودِ مسعود پر اپنی مسرّت و محبّت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقامی میئر کے ساتھ lord mayor جناب Martin Hebisch بھی موجود تھے جن سے جماعت نے مسجد کی زمین خریدی تھی۔ حضور انور استقبال کرنے والے احباب کے سلام کا جواب دیتے ہوئے افتتاحی تختی کی طرف تشریف لائے اور اس کی نقاب کشائی کی اور اجتماعی دعا کرائی۔ جس میں موقع پر موجود احباب کے ساتھ مسجد کے مختلف حصّوں میں بیٹھے ہوئے سب حاضرین شامل ہوئے۔
دعا کے بعد حضور أنور ایدہ اللہ تعالیٰ مسجد میں تشریف لے گئے اور نماز ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔اس موقع پر اذان دینے کی سعادت عبدالجبار صاحب کے حصے آئی۔ نمازوں کے بعد حضور انور نے مقامی احباب جماعت کے ساتھ کچھ دیر گفتگو فرماتے ہوئے ان کے حالات کے بارہ میں پوچھا اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی، خصوصاً گزشتہ چند سالوں کے دوران نئے آنے والے احباب سے دریافت فرمایا کہ وہ کب اور کہاں سے آئے ہیں۔ پھر مسجد کےصحن میں خواتین کے لیے لگی مارکی میں تشریف لے گئے اور لجنہ اماء اللہ کو شرف نظارہ عطا فرمایا اور بچیوں میں چاکلیٹ تقسیم کیے۔ یہاں سے حضور انور باہر تشریف لائے اور بچوں میں چاکلیٹ تقسیم فرمائے۔ اس کے بعد حضور انور نے مسجد کے سامنے صحن میں یادگاری درخت لگایا۔ حضور کے ہمراہ lord mayor جناب Martin Hebischنے بھی درخت لگانے کا شرف حاصل کیا۔ پھر حضور انورنے مقامی مجلس عاملہ اورتعمیر مسجد کے دوران میں نمایاں خدمت کرنے والے احباب کے ساتھ تصاویربنوائیں۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ مقامی مربی سلسلہ مکرم سلیمان اختر صاحب کی درخواست پر ان کی رہائش گاہ میں تشریف لے گئے اور قریباً پندرہ منٹ تک اس گھر کو برکت بخشی۔ حضور انور مربی ہاؤس سے باہر تشریف لائے تو مقامی احباب نے ایک خوبصورت کیک تیار کر رکھا تھا جسے احباب کی درخواست پر حضور انور نے از راہ شفقت کاٹا۔ اس کے بعد سوا چھ بجے اس ٹاؤن ہال کی طرف روانہ ہوئے جہاں جرمن مہمان جمع تھے اور مسجد کے افتتاح کی نسبت سے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا قافلہ جونہی شہر میں داخل ہوا، مقامی پولیس کی دو گاڑیوں نے استقبال کیا اور قافلہ کو خصوصی پروٹوکول دیتے ہوئے مسجد لائے اور اسی ٹاؤن ہال تک لے گیے اور بعد ازاں واپسی سفر کے لئے شہر سے باہر تک حضور انور کے قافلہ کو ان گاڑیوں نے سکواڈ کرنے کی سعادت حاصل کی۔
استقبالیہ تقریب کی تفصیلی رپورٹ اس سے قبل دی جا چکی ہے۔ تقریب سے فراغت کے بعد حضور انور کا قافلہ ۸ بجے شب واپس فرینکفرٹ کے لیے روانہ ہوا اور نو بجے شب حضور بخیریت بیت السبوح پہنچ گئے۔ حضور انور کی آمد کے بعد عزیزم عثمان خان نے اذان دی اور رات نو بجکر بیس منٹ پر حضور انور نے نماز مغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں۔ بعد ازاں اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔