قرارداد تعزیت

قرار داد تعزیت بروفات مکرم محترم ثاقب کامران صاحب (مربی سلسلہ) نائب وکیل سمعی و بصری تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان از مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان

مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان کا یہ اجلاس منعقدہ مورخہ۲۰؍اگست۲۰۲۳ءمکرم ثاقب کامران صاحب مرحوم (مربی سلسلہ) نائب وکیل سمعی و بصری تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔

آپ مورخہ ۲۸؍جولائی۲۰۲۳ء کو تقریباً ۴۲ سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

مکرم ثاقب کامران صاحب مورخہ۹؍ستمبر۱۹۸۱ء کو کوٹ احمدیاں ضلع بدین میں مکرم چوہدری عبدالقدوس ثانی صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیدائشی احمدی تھے۔ آپ کے پڑدادا حضرت چوہدری مولا بخش صاحب آف تلونڈی جھنگلاں ضلع گورداسپور نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دستِ مبارک پر بیعت کی تھی۔ آپ نے کراچی سے میٹرک تک تعلیم حاصل کی اور اپنی زندگی وقف کرکے ۱۹۹۸ء میں جامعہ احمدیہ ربوہ میں داخل ہوئے۔ آپ نے۲۰۰۵ء میں جامعہ احمدیہ سے شاہد کا امتحان پاس کیا۔

جامعہ احمدیہ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد آپ کی پہلی تقرری ایڈیشنل نظارت اصلاح و ارشاد مقامی کے تحت ہوئی ،جہاں آپ کو ایک سال خدمت کی توفیق ملی۔ آپ نے ۲۰۰۶ء تا ۲۰۰۹ء حدیث کے مضمون میں تخصص کیا۔ ۲۰۰۹ء میں آپ حصول تعلیم عربی کے لئے سیریا تشریف لے گئے۔ بعد ازاں سیریا کے حالات کی وجہ سے ۲۰۱۱ء میں پاکستان واپس تشریف لے آئے۔

مکرم ثاقب کامران صاحب کو جولائی ۲۰۱۱ء تا ستمبر۲۰۱۲ء اور ستمبر۲۰۱۳ء تا اکتوبر ۲۰۱۶ء دو مرتبہ بطور نائب نگران شعبہ تخصص خدمت کی توفیق ملی۔ ۲۰۱۲ء میں آپ کا تقرر بطور معاون وکیل التعلیم ہوا۔ ۲۰۱۶ء میں آپ نائب وکیل وقفِ نو مقرر ہوئے جہاں آپ ۲۰۱۸ء تک خدمت بجا لاتے رہے۔نومبر ۲۰۱۸ء میں آپ کو انچارج سٹوڈیوز تحریک جدید اور دسمبر ۲۰۱۸ء میں نائب وکیل سمعی و بصری مقرر کیاگیا۔ آپ تا دم آخر اسی عہدہ پر خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ آپ کا عرصہ خدمت کم و بیش ۱۸سال پر محیط ہے۔

علاوہ ازیں آپ نے مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کے تحت نمایاں خدمات کی توفیق پائی۔ آپ کو تعلیم، مقامی اور تحریک جدید کے شعبوں میں بطور مہتمم ، نیز ایڈیشنل مہتمم عمومی اور نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ خدمت کی توفیق ملی۔

آپ کے پسماندگان میں آپ کی والدہ محترمہ مکرمہ صادقہ بیگم صاحبہ اور اہلیہ محترمہ مکرمہ عظمیٰ حنا ثاقب صاحبہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ چھوٹے بیٹے عزیزم آرب کامران کی مورخہ ۲۸؍جولائی ۲۰۲۳ء کو بعمر دو سال آٹھ ماہ مکرم ثاقب کامران صاحب کے ساتھ وفات ہوگئی تھی۔

آپ خلافت سے محبت کرنے والے ، جماعت کی امانتوں کی حفاظت کرنے والے اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل خادم سلسلہ تھے۔آپ نہایت عاجز، بافہم، دور اندیش، اطاعت گزار اور نرم مزاج انسان تھے۔ ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی غریب پرور شخصیت تھے۔

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ ۱۱؍اگست۲۰۲۳ء خطبہ جمعہ میں آپ کا ذکر خیر کرتے ہوئے فرمایا:

’’مرحوم سے اللہ تعالیٰ مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے۔ درجات بلند کرے۔ ان کے لواحقین کو بچوں کو، بیوی کو، والدہ کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے اور ان کے بچوں میں ان کی نیکیاں جاری فرمائے۔‘‘

ہم جملہ ممبران مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان و کارکنان تحریک جدید مکرم ثاقب کامران صاحب اور ان کے بیٹے عزیزم آرب کامران کے انتقال پُر ملال پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقد س میں اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔

نیز مرحومین کے جملہ پسماندگان اور جملہ احباب جماعت سے اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ا ن کی مغفرت فرماتے ہوئے، جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کا حافظ و ناصر ہو۔ مرحوم کی اولاد اور آئندہ نسلوں کو مرحوم کی نیکیوں کا وارث بنائے اور اللہ تعالیٰ جماعت اور خلافت احمدیہ کو ایسے باوفا، مخلص، معاون و مددگار خادم دین ہمیشہ عطا فرماتا چلا جائے ۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button