تازہ ترینجلسہ سالانہعالمی خبریں

جلسہ سالانہ ۔ موجودہ موسمی حالات ۔ کچھ احتیاطی تدابیر!

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۳ء اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ حدیقۃ المہدی (آلٹن) میں شروع ہو رہا ہے۔ تاہم غیرمتوقع اور غیر معمولی موسمی صورتحال کے پیش نظر کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں۔

اپنی قیام گاہ سے حدیقۃ المہدی تک سفر کے لیے بہتر منصوبہ بندی کیجیے۔ آپ نے جلسہ گاہ میں پہنچنے کے لیے جو وقت ٹارگٹ بنا رکھا ہے رش اور سڑکوں پر ہونے والے تعمیراتی و مرمتی کاموں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس میں کم از کم ایک گھنٹہ زائد رکھ لیجیے۔ مثلاً اگر آٹھ بجے گھر سے نکلنے کا ارادہ ہے تو کوشش کریں کہ اس سے بھی پہلے روانگی ہو جائے تاکہ جلسہ سالانہ کے تمام اجلاسات سے استفادہ کر سکیں

۔ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر جلسہ سالانہ سے بہتر انداز میں مستفید ہونے کے لیے درج ذیل پہلوؤں کو بھی مدِنظر رکھنا ضروری محسوس ہوتا ہے:

۔  اپنے شناختی کارڈز (تجنید؍جلسہ رجسٹریشن کارڈز) اپنے ہمراہ لانا نہ بھولیے

۔ روانگی سے قبل اس بات کی یقین دہانی کر لیجیے کہ آپ کی گاڑی کا پارکنگ پاس موجود ہے

۔ جلسہ گاہ وغیرہ میں گاڑی پارک کرتے ہوئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کیجیے اور حتی الوسع گاڑی کو سڑک یا خصوصی طور پر بچھائے گئے ٹریک سے نیچے نہ اترنے دیجیے سوائے اس کے کہ انتظامیہ آپ کو اس کی اجازت دے

۔ کوشش کریں کہ اپنے ساتھ چھتری یا برساتی (rain coat) لے کر آئیں نیز برساتی جوتوں (Wellington shoes) کا انتظام ہو سکے تو بہت بہتر ہو

۔ جلسہ گاہ چونکہ کھلے اور نسبتاً بلند علاقے میں واقع ہے اس لیے شہری علاقوں کے نسبت یہاں ہوا تیز اور سرد ہوتی ہے۔ اس لیے اپنے ساتھ گرم کپڑے اور جیکٹ وغیرہ کا انتظام رکھیں

۔ جو احباب باقاعدہ (regular) دوائیں استعمال کرتے ہیں وہ یاد سے انہیں ہمراہ لائیں

۔ بارش کی کثرت کی وجہ سے جگہ جگہ پھسلن ہونے کا امکان ہے۔ اس لیے ایسے جوتوں کا انتخاب کریں جن میں پھسلن کا خدشہ کم سے کم ہو۔ خصوصا ایسے والدین جنہوں نے بچوں کو اٹھا رکھا ہو چلتے ہوئے خاص احتیاط سے کام لیں

۔ ایسی جگہوں پر بچوں کے لیے چھوٹے پہیوں والے سٹرالر مشکل پیدا کر سکتے ہیں اس لیے اگر بچوں کی push chair لانا ناگزیر ہو تو کوشش کریں کہ بڑے پہیوں والی ہوں

۔ بچوں کے لیے اضافی کپڑے اور جوتے ہمراہ رکھیں

۔ اگر آپ جلسہ گاہ کے قریب ٹریفک وغیرہ میں رکے ہوئے ہیں اور اجلاس کی کارروائی شروع ہو چکی ہے تو جلسہ ریڈیو FM 87.7 لگا کر جلسہ کی کارروائی سے استفادہ کیا جا سکتا ہے

۔ اپنی صحت کا خیال رکھیں، وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں (stay hydrated )

۔ بچوں اور بزرگوں کی جیب میں ان کا نام؍ پتہ اور کسی قریبی عزیز کا فون نمبر لکھ کر ڈال دیں تاکہ بوقتِ ضرورت اس سے فائدہ اٹھایا جا سکے

۔ اپنے گھر والوں کے ساتھ ایک meeting point طے کر لیں جہاں جلسہ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اکٹھے ہوا جا سکے

۔ جلسہ گاہ میں طبی امداد کا شعبہ آپ کی خدمت کے لیے مستعد رہتا ہے۔ طبیعت میں کسی بھی ناگہانی صورتحال میں شعبہ طبی امداد سے رجوع کیا جا سکتا ہے

۔ حضورِ ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی تعمیل میں جلسے کے دنوں کو زیادہ سے زیادہ دعاؤں میں گزاریں اور صبر، تحمل اور بشاشتِ قلبی کے ساتھ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں

اللہ تعالیٰ اس جلسے کو ہرلحاظ سے کامیاب فرمائے اور تمام شاملینِ جلسہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی دعاؤں کا مصداق بنیں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button