عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی صدر نے جی7اجلاس میں جاپان جانے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد یا بدیر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوگی۔ یاد رہے کہ G7 سربراہی اجلاس ۱۹ سے ۲۱؍مئی تک جاپان کے شہر ہیروشیما میں ہوگا۔

٭…مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا گیا۔ طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہبت اللہ اخوند زادہ نے مولوی عبدالکبیر کو نیا وزیراعظم مقرر کیا۔ مولوی عبدالکبیر ملا محمد حسن اخوند کی جگہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔ مولوی عبدالکبیر اس سے قبل نائب وزیراعظم برائے سیاسی امور تھے۔ وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند کو خراب صحت کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

٭…چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق چینی خصوصی سفیر برائے یوریشین امور لی ہوئی نے ۱۶ اور ۱۷؍مئی کو یوکرین کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے دورے کے دوران یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے۔روس اور یوکرین کوامن مذاکرات کے لیے حالات بنانے کی ضرورت ہے۔ چین اور یوکرین نے اتفاق کیا ہے کہ باہمی فائدہ مند تعاون کو آگے بڑھانا چاہیے۔ چین نے ہمیشہ یوکرین میں کشیدہ صورتِ حال ختم کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا۔ چین اپنی اہلیت کے مطابق یوکرین کو مدد فراہم کرنا جاری رکھے گا۔

٭…شام کے صدر بشارالاسد سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والی عرب لیگ سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ شام کو بارہ برس بعد عرب لیگ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے، شام کے صدارتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بشارالاسد کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کی گئی۔واضح رہے کہ جدہ کی تمام بڑی شاہراہوں پر بائیس رکن ممالک کے پرچم لگ گئے ہیں، شہر میں سیکیورٹی انتظامات بڑھا دیے گئے۔سربراہ اجلاس رٹز کارلٹن ہوٹل میں منعقد ہوگی۔

٭…یورپی پارلیمنٹ کے نئے الیکشن آئندہ سال ۶ سے ۹؍جون کے درمیان منعقد ہوں گے۔اس بات کا فیصلہ یورپی کونسل میں موجود تمام ممبر ممالک کے سفیروں کے اجلاس میں کیا گیا۔یورپی کونسل کے موجودہ صدر، سویڈن کے مطابق ۶ سے ۹؍مئی ۲۰۲۴ء کو یورپ کے عوام یورپی پارلیمنٹ کےلیے اپنے ۷۰۵؍نئے ممبران کو منتخب کریں گے۔ نئی پارلیمنٹ ۲۰۲۴ سے ۲۰۲۹ء تک کام کرے گی۔

٭… یوکرین میں امریکہ کے دیے گئے جدید پیٹریاٹ میزائل سسٹم پر کیف میں روسی فوج کےحملے سے دفاعی نظام کو نقصان پہنچا ہے۔امریکی دفاعی عہدیدار کے مطابق یوکرین میں پیٹریاٹ سسٹم کے نزدیک نامعلوم پروجیکٹائل گرنے سے سسٹم کو نقصان پہنچا ہے۔اس سے پہلے یوکرینی حکام نے روسی حملے میں پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے ٹھیک ہونے اور فعال ہونے کا بتایا تھا۔ گذشتہ روز روسی وزارت دفاع نے کیف میں پیٹریاٹ میزائل سسٹم کو نشانہ بنانے کا بتایا تھا۔

٭…ایران کے شہر شیراز میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمان ایئرلائنز کا طیارہ گراؤنڈ کر دیا گیا۔ لینڈنگ کے وقت رن وے پر موجود ملبے کی وجہ سے طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔حفاظتی اقدامات کے پیش نظر طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، مسافروں کو دوسری پرواز سے روانہ کرنے کے انتظامات کیے گئے۔

٭…چین میں ایک لاکھ سے زائد فیک نیوز سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردیے گئے۔ چین میں جعلی نیوز سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کی مہم جاری ہے۔ چین میں انٹرنیٹ سے جھوٹی خبروں اور افواہوں کو ہٹانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ اس حوالے سے گذشتہ ماہ کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ آن لائن اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے۔ اس دوران انٹرنیٹ سے غلط اور جھوٹی معلومات کو بھی ہٹایا گیا ہے۔

٭…بھارتی سپریم کورٹ نے برصغیر میں مقبول عام مشروب’’شربت روح افزا‘‘ بنانے والی کمپنی ہمدرد دواخانہ کی طرف سے دائر ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے اس کے مماثل نام ’’شربت دل افزا‘‘ کی تیاری اور فروخت پر روک لگانے کا حکم دیا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ شربت ’’روح افزا‘‘ ایک معروف اور مقبول مشروب ہے۔واضح رہے کہ ہمدرد دواخانہ نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ ’’شربت دل افزا‘‘ کے نام سے مشروب’’شربت روح افزا‘‘ کے رجسٹرڈ ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ دہلی کے حکیم عبدالمجید نے ۱۹۰۷ء میں ’’روح افزا‘‘ تیار کرنا شروع کیا۔ تقسیم ملک کے بعد ان کے دو بیٹوں میں سے بڑے بیٹے حکیم عبدالحمید بھارت میں رہ گئے جبکہ چھوٹے بیٹے حکیم محمد سعید پاکستان ہجرت کر گئے۔ دونوں نے ہی اپنے اپنے ملک میں نام اور شہرت حاصل کی۔

٭…اقوام متحدہ کی ماحولیات سے متعلق تنظیم ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے متنبہ کیا ہے کہ اگلے پانچ سال کا دور ریکارڈ گرم ترین ہونے کی توقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایل نینو اور گرین ہاؤس گیسوں کا مشترکہ اثر درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بنے گا اور خبردار کیا کہ ’’ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اس بات کا ۹۸؍فیصد امکان ہے کہ اگلے پانچ برسوں میں سے کم از کم ایک سال اور مجموعی طورپر پانچ سال کا عرصہ ریکارڈ طورپر سب سے زیادہ گرم ہو گا۔‘‘یہ پیشگوئی بھی کی گئی ہے کہ ساحل، شمالی یورپ، الاسکا اور شمالی سائبیریا میں بارشوں میں اضافہ ہوگا جب کہ اس کے برعکس ایمیزون اور آسٹریلیا کے کچھ حصوں میں اس کے برعکس صورت حال رہے گی۔ ۲۰۲۲ء میں عالمی اوسط درجہ حرارت ۱۸۵۰-۱۹۰۰ء کے اوسط سے ۱.۱۵؍ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ڈبلیو ایم او کے مطابق اب تک ریکارڈ کیے گئے گرم ترین آٹھ سال ۲۰۱۵ءسے ۲۰۲۲ءکے درمیان تھے جب کہ سال ۲۰۱۶ء سب سے گرم سال تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button