عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات افشا ہونے سے امریکہ کو اتحادیوں کے شدید ردعمل کا سامنا ہے، جنوبی کوریا کی اپوزیشن نے جاسوسی پر امریکہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔دستاویز کے مطابق امریکہ نے جنوبی کوریا سے یوکرین کو اسلحہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ دستاویزات کے مطابق جنوبی کوریا کو خدشہ تھا کہ یوکرین کو اسلحہ بھیجا تو انہیں روس کی ناراضی مول لینا پڑےگی۔ دوسری جانب امریکہ اور جنوبی کوریا کے وزرائے دفاع نے بعض دستاویزات من گھڑت قرار دے دی ہیں۔ادھر مصر نے بھی روس کو ہتھیار دینے کے مبینہ منصوبے سے متعلق دستاویز کو مسترد کردیا ہے۔

٭… کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف سائبر حملوں کی رپورٹس کے حوالے سے میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ سائبر حملوں کے بعد کینیڈا کے کسی بھی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔واضح رہے کہ امریکی خفیہ دستاویزات میں روسی حمایت یافتہ ہیکروں کی جانب سے کینیڈا کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مبینہ طور پر سائبر حملوں سے نشانہ بنانے کا بھی ذکر ہے۔

٭…امریکی خفیہ دستاویزات کے افشا ہونے کے معاملے پر ترجمان برطانوی وزارت دفاع نے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس لیک میں سنگین سطح کی غلطی ہے۔قارئین کو ایسے الزامات کے بارے میں محتاط رہنا چاہیے جو غلط معلومات پھیلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

٭…پیرکو آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پرقومی اسمبلی ہال میں منعقدہ دستور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئرجج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہناتھاکہ عدلیہ آئین کی محافظ ہے’ سب نے آئین کے دفاع اورتحفظ کاحلف لیاہے‘ اپنے اوراپنے ادارے کی طرف سے کہناچاہتاہوں کہ ہم آئین اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اتنی دشمن سے نفرت نہیں کرتے جتنی ایک دوسرے سے کرتے ہیں۔ غیرمسلموں کےلیے اقلیت کا لفظ استعمال کرتے ہیں، مجھے یہ پسند نہیں ہے۔ وہ برابر کے شہری ہیں اور ان کا بہت بڑا حصہ ہے۔ آپ سب نے اور میں نے بھی یہ حلف لیا ہے کہ ہم ہر قیمت پر آئین کا تحفظ اور دفاع کریں گے۔ ہمارا کام یہ ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق جلد فیصلے کریں، آپ کا کام ہے کہ ایسے قوانین بنائیں جو لوگوں کے لیے بہتر ہوں۔

٭…تیونس اور اٹلی کےدرمیان سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے دو افراد ہلاک اور بیس لاپتا ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ۲۲؍ افراد کو ڈوبنے سے بچالیا اور انہیں اٹلی کے ساحل پر منتقل کردیا گیا ہے۔کشتی میں تقریباً چالیس تارکین وطن سوار تھے۔ ان تارکین وطن کا تعلق افریقی ممالک سے ہے۔

٭…چین اور پاکستان کے اعتراض کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت نے جی 20 اجلاس بلا لیا۔ یہ اجلاس ۲۲ سے ۲۴؍مئی کے دوران مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں ہو گا۔ چین اور پاکستان نے بھارت کے سری نگر میں جی 20 اجلاس منعقد کرنے پر اعتراض کیا تھا۔جبکہ چین نے گذشتہ ماہ ارونا چل پردیش میں منعقدہ جی 20 اجلاس پر بھی اعتراض کیا تھا۔

٭…ایران میں حجاب نہ پہننے والی خواتین کا پتا لگانے کے لیے سمارٹ کیمرے لگنے شروع ہوگئے۔ ایرانی پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر سمارٹ کیمرے لگائے جارہے ہیں تاکہ سر کو حجاب سے نہ ڈھانکنے والی خواتین کو فون پر تنبیہ کا پیغام بھیجا جاسکے۔

٭…یورپین پارلیمنٹ میں رشوت کے بدلے قانون سازی کے ’قطری گیٹ‘کے معروف کردار اٹلی کے سابق ایم ای پی پیئر انتونیو پنزیری کو جلد ہی جیل سے ان کے برسلز میں واقع اپارٹمنٹ میں ہاؤس اریسٹ کر دیا جائے گا۔یہ سہولت انہیں حکام سے تحقیقات میں تعاون کرنے پر فراہم کی جائے گی۔اس دوران ان کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے انہیں ٹخنے میں الیکٹرانک آلہ باندھنا ہوگا۔وہ عدالت میں پیشی اور ڈاکٹر کو دکھانے کے علاوہ کہیں اور نہیں جا سکیں گے۔

٭…لبرل ڈیموکریٹس کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق برطانیہ میں ایمبولینس کے پہنچنے میں تاخیر کے سبب لوگ ایمبولینس کے پہنچنے کا انتظار کرنے کے بجائے مریضوں یا زخمیوں کو اپنے طور پر ہسپتال لے جاتے ہیں۔اس تحقیق میں دو ہزار بالغ افراد شامل ہوئے۔ اس میں سے ایک تہائی کا کہنا تھا کہ لمبی تاخیر کی وجہ سے وہ اپنے طور پر ہسپتال گئے، چھ میں سے ایک کا کہنا تھا کہ وہ خود ڈرائیو کرکے گئے جبکہ دس میں سے ایک نے کہا کہ اس نے ٹیکسی لی اور چھ فیصد نے کہا کہ وہ بس یا ٹرین کے ذریعے ہسپتال پہنچے۔ نیشنل ہیلتھ سروسز کے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں ایمبولینس کی ارجنٹ کال پر پہنچنے میں اوسطاً آٹھ منٹ تیس سیکنڈز صرف ہوئے جبکہ یہ ہدف سات منٹ مقرر ہے۔

٭…بدھ کو فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہےکہ اس نے اسرائیل کی شرکت پر انڈونیشیا میں احتجاج کےپیش نظر اس سال کے انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی انڈونیشیا سے واپس لے لی ہے۔ فیفا نے تفصیلات بتائے بغیر ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ ’’موجودہ حالات کی وجہ سے‘‘کیا گیا ہے۔ ’’کسی نئے میزبان ملک کا جلد اعلان کیا جائے گا، تاہم ٹورنامنٹ کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی‘‘۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button