عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… مسجدِ نبوی میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق اعتکاف کی درخواستیں ’زائرون‘ ایپ کے ذریعے لی جائیں گی جبکہ مسجد الحرام میں اعتکاف کی رجسٹریشن ’نسک‘ ایپ کے ذریعے ۲۳؍مارچ سےجاری ہے۔ رمضان المبارک میں مقامی اور غیرملکی شہریوں کا مکہ اور مدینہ میں بہت رش ہے۔

٭… اسرائیلی فورسز نے طلوعِ آفتاب سے قبل مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں پر حملہ کیا، نمازیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، نہتے نمازیوں پر گرینیڈ پھینکے اور ۳۵۰؍فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔اسرائیلی پولیس کے مسجدِ اقصیٰ میں گھسنے کی خبر سنتے ہی سینکڑوں فلسطینی مسجدِ اقصیٰ پہنچ گئے اور وہاں شدید احتجاج کیا۔اسرائیلی پولیس نے مسجد میں گھسنے کے بعد غزہ میں راکٹ حملہ کیا ہے۔ دوسری جانب مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی فورسز کے حملے پر سعودی عرب، مصر اور اردن کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔ فلسطینی صدر نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض طاقت کو مقدس مقام کی سرخ لکیر عبور کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہیں جو بڑے تصادم کا باعث بنے گا۔

٭…امریکہ نے یوکرین کے لیے مزید ۲.۶؍ارب ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کر دیا۔ امریکی فوجی امداد میں فضائی نگرانی کے ریڈار، ٹینک شکن راکٹ اور ایندھن کے ٹرک بھی شامل ہیں۔ امریکہ یوکرین کو اب تک ۳۵؍ارب ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کر چکا ہے۔امریکی امداد پر واشنگٹن میں روسی سفارت خانے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ یوکرین تنازع زیادہ سے زیادہ طویل کرنا چاہتا ہے۔

٭…عالمی ماہرِ معیشت عاطف میاں کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت بحران سے تباہی کی طرف جا رہی ہے، نظام بے لگام ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ترقی کی رفتار تیزی سے کم اور قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ افراطِ زر اور بڑے خسارے کی وجہ کرنسی کی مسلسل چھپائی ہے، بے وقوفانہ پالیسیوں نے پاکستان کی معاشی پیداواری صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔حالیہ اعداد و شمار میرے جنوری میں ناقص پالیسیوں کے بیان کی دلیل ہیں، فنانسنگ یا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے واضح ہے کہ پاکستان کو دس ارب ڈالرز غیر ملکی سرمائے کی کمی ہے۔انتظامی اقدامات اور درآمدات کم کر کےکرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا فرق کم کیا جا سکتا ہے۔

٭…سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب و خیبر پختونخوا میں الیکشن التوا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ۱۴؍مئی کو کرانے کا حکم دیا ہے جب کہ خیبر پختونخوا کے انتخابات کے معاملے پر متعلقہ فورم سے رجوع کی ہدایت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیاہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے آٹھ اکتوبر کی تاریخ دے کر آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔آئین و قانون الیکشن کمیشن کو انتخابی تاریخ میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو ۱۰؍اپریل تک اکیس ارب روپے فنڈز فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز نہ دینے کی صورت میں مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔

٭…بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ رپورٹ کیا جارہا ہے۔ گذشتہ ایام میں کورونا کے ۴؍ہزار ۴۳۵؍کیسز سامنے آئے اور پندرہ اموات رپورٹ ہوئیں۔ کورونا سے اموات مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، دہلی، گجرات، ہریانہ، کرناٹک، راجستھان اور پڈوچری میں ہوئیں۔ کورونا کیسز کی یومیہ شرح ۳.۳۸ ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال ستمبر کے بعد کورونا کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

٭…۳۱؍ مارچ کو بھارتی ریاست بہار میں رام نوامی ریلی کے دوران ہندوتوا کے ہجوم نے ایک سو دس سال پرانے مدرسے عزیزیہ اور لائبریری کو آگ لگادی۔ یہ مدرسہ بہار کے نالندہ ضلع میں بہار شریف میں سب سے قدیم مدرسہ اور لائبریری تھی۔ مسجد کے امام کے مطابق مدرسے میں چار ہزار ۵۰۰؍سے زائد کتابیں تھیں جو آگ میں جل کر راکھ ہو گئی ہیں اور کوئی بھی باقی نہیں بچی۔ مدرسہ کے محافظ کا کہنا ہے کہ ۳۱؍مارچ کو یہ حملہ دوپہر میں ہوا تھا لیکن رات گیارہ بجے تک پولیس موقع پر نہیں پہنچی تھی۔

٭…ہسپانوی کیمیادان ’رافیل لوکھ‘ کو سپین کی ’کورڈوبا یونیورسٹی‘ نے اگلےتیرہ برسوں کے لیے بغیر تنخواہ کے معطل کر دیا۔ یونیورسٹی کے مطابق رافیل لوکھ پہلے ہی ان کے ساتھ معاہدے میں تھے، اس کے باوجود انہوں نے سعودی عرب اور روس کی جامعات کے ساتھ سالانہ ۷۶؍ہزار ڈالر کے عوض بطور محقق کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔ یاد رہے کہ ۴۴؍سالہ ماہر کیمیادان رافیل لوکھ کا شمار دنیا کے بہترین سائنسدانوں میں کیا جاتا ہے، انہوں نے اب تک تقریباً ۷۰۰؍سے زائد مطالعات شائع کیے ہیں، جن میں سے ۱۱۰؍مطالعات گذشتہ برس جبکہ رواں سال اب تک ۵۸؍مطالعات شائع کر چکے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق کیمیادان مجموعی طور پر ہر ۳۷؍گھنٹے میں ایک مقالہ شائع کرتے ہیں۔

٭…دبئی کو ٹریول بکنگ اینڈ ریویو کے لیے مشہور پلیٹ فارم ’ٹرِپ ایڈوائزر‘ کی جانب سے ۲۰۲۳ء کے ٹریولرز چوائس’بیسٹ آف دی بیسٹ‘ ایوارڈز میں دنیا کا سب سے مقبول سیاحتی مقام قرار دیا گیا ہے۔اماراتی شہر کو یہ ٹائٹل گذشتہ برس جمع کیے گئے جائزوں اور درجہ بندیوں کی بنیاد پر ملا۔ دبئی نے اس مقابلے میں لندن، ماراکیچ، بالی اور پیرس جیسے دنیا کے مشہور اور خوبصورت شہروں پر فتح حاصل کی ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button