متفرق شعراء

ماہِ رمضان

ماہِ رمضان پیارا نگینہ ہے یہ
سب مہینوں سے بڑھ کر مہینہ ہے یہ

تین عشروں پہ ہیں منقسم برکتیں
رحمتیں، مغفرت اور تری جنتیں
یہ جمالِ خدا کی سبھی نعمتیں
سجدہ ریزی سے حاصل تری قربتیں

اپنی تطہیر کا اک قرینہ ہے یہ
ماہِ رمضان پیارا نگینہ ہے یہ

ذکر اذکار دن رات ہم نے کیے
جام الفت کے بھر بھر کے ہم نے پیے
سلسلے حمد باری کے جاری کیے
اپنے مولا سے بخشش کے وعدے لیے

حکمت و پر معارف مہینہ ہے یہ
ماہِ رمضان پیارا نگینہ ہے یہ

وحئ قرآن نازل ہے اس ماہ میں
لیلۃ القدر ہے خاص اس ماہ میں
کشف کی قوتیں شان اس ماہ میں
سب دعائیں ہیں مقبول اس ماہ میں

فضل و عظمت میں سب کا خزینہ ہے یہ
ماہِ رمضان پیارا نگینہ ہے یہ

کثرتِ ورد سے دل معطر ہؤا
نورِ فرقاں سے سینہ منور ہؤا
نور ہی نور اپنا مقدر ہؤا
شُکر کا مادہ دل میں اجاگر ہؤا

رحمت و شکر کا اک مہینہ ہے یہ
ماہِ رمضان پیارا نگینہ ہے یہ

دل یہ اخلاص عہد و وفا میں بڑھا
صبر اور مغفرت کا یہ طالب رہا
لغو و بیہودہ گوئی نہ شیوہ رہا
جو محمدؐ کے فرماں کا تابع رہا

باہمی ربط کا اک خزینہ ہے یہ
ماہِ رمضان پیارا نگینہ ہے یہ

(زاہدہ رحمان۔ امریکہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button