عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران عازمین کی بڑی تعداد میں عمرے کی ادائیگی کے لیے آمد پر مسجدالحرام اور مسجدِ نبوی میں تصاویر لینے سے متعلق نئی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلامیہ کے مطابق عازمین کو دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے درج ذیل آداب پر عمل کرنا ہوگا۔ حجاج اجازت کے بغیر دوسرے لوگوں کی تصاویر نہیں کھینچ سکتے۔ نماز کے دوران دوسرے لوگوں کی تصاویر لینے کی اجازت نہیں ہے۔ اور وہ عبادت کے دوران دوسرے لوگوں کو پریشان نہ کریں۔

٭…سعودی عرب کے شمالی علاقے عسیر میں مکہ مکرمہ جانے والی زائرین کی بس تیز رفتاری کے باعث پل سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثہ میں بیس عمرہ زائرین جاں بحق اور انتیس زخمی ہوگئے۔ بس میں زیادہ ترغیر ملکی سوار تھے، تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متوفین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

٭…امریکہ کے سابق مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے۔ ایسے اقدامات پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحران کو گہرا کر دیں گے۔ایسے اقدامات سے پاکستان کی بین الاقوامی سپورٹ کم ہو جائے گی اور سیاسی افراتفری اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے سیاسی راہنماؤں نے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔

٭…واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ زلمے خلیل زاد عام امریکی شہری ہیں ۔ان کا بیان بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کرتا، ان کے بیان کا امریکی خارجہ پالیسی سے تعلق نہیں۔ تشدد، ہراسانی یا دھمکی کا سیاست میں عمل دخل نہیں، ہم سیاسی فریقین کو قانون کی عزت کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

٭…سینتیس سالہ حمزہ یوسف سکاٹش نیشنل پارٹی کے نئے سربراہ منتخب ہوگئے۔ وہ سکاٹ لینڈ کے نئے فرسٹ منسٹر ہوں گے۔ حمزہ یوسف کسی برطانوی سیاسی جماعت کے پہلے مسلمان اور پاکستانی نژاد لیڈر ہوں گے۔ حمزہ یوسف کو ایس ایم پی لیڈر شپ انتخابات کے دوسرےراؤنڈ میں ۵۲.۱ فیصد ووٹ ملے۔ حمزہ یوسف سکاٹ لینڈ کے وزیر صحت کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سکاٹش پارلیمنٹ کا کم عمر ترین ممبر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

موصوف نےسربراہی کا مقابلہ جیتنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری فوری ترجیح ہر سکاٹش کی حفاظت جاری رکھنا ہوگی۔ سکاٹ لینڈ کے بہترین مفادات کے لیے برطانوی حکومت کے ساتھ تعمیری کام کروں گا۔ سکاٹ لینڈ کی آزادی کے لیے پُرعزم ہوں۔ ہم یورپی یونین میں واپس جانا چاہتے ہیں۔ ہم آزادی کا مقدمہ آگے بڑھانے سے ہی جیتیں گے۔

٭…برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے حمزہ یوسف کی جانب سے سکاٹ لینڈ کی آزادی پر ایک اَور ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔رشی سونک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رشی سونک نئے سکاٹش سربراہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں اور برطانوی عوام اور سیاست دان سب کےلیے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

٭…سٹریٹجک بمبار طیاروں کی پرواز کے بعد روس نے سی آف جاپان میں فرضی ہدف کو نشانہ لگانے کی مشق میں سپر سانک اینٹی شپ میزائل فائر کیے۔ روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ تقریباً سو کلومیٹر دور موجود ہدف کو دو موسکیٹ کروز میزائلوں سے براہ راست نشانہ لگایا گیا۔ موسکیٹ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا سپر سونک کروز میزائل ہے، جو ۱۲۰؍کلو میٹر تک کی رینج میں جہاز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

٭…چین کے صدر شی جن پنگ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان فالو اپ بات چیت کی حمایت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔چینی صدر نے کہا ہے کہ امید ہے کہ سعودی عرب اور ایران مذاکرات کے نتائج کی بنیاد پر اپنے تعلقات مسلسل بہتر بنائیں گےنیز چین اور سعودی تعلقات کو فروغ دینےاور بنیادی مفادات سے متعلق مسائل پر مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت کریں گے۔

٭…معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ مجھے بل گیٹس کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں یاد ہیں، ان کی ’آرٹیفیشل انٹیلیجنس‘ (AI) سے متعلق سمجھ محدود ہے۔ ایلون مسک اکثر ہی AI کے خطرات کے بارے میں اپنی آواز اٹھاتے نظرآتے ہیں۔ خاص طور پر، اے آئی چیٹ بوٹس کے بعد جیسے کہ چیٹ جی پی ٹی(ChatGPT) مائیکروسافٹ کا بنگ (Bing)، اور گوگل کا بارڈ (Bard) یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جس کے بارے میں ہر کوئی بات کرسکتا ہے۔دوسری جانب، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اس نئی ٹیکنالوجی کے حق میں ہیں اور ان کا خیال ہے کہChatGPTجیسے آلات ہمارا مستقبل ہیں جوکہ انسان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں گے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہThe Age of AI Has Beginکےعنوان سے لکھےگئے بل گیٹس کے حالیہ بلاگ نے بھی کافی توجہ حاصل کی۔

٭…امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر نیشول کے سکول میں صبح ساڑھے دس بجے اٹھائیس سالہ لڑکی اوڈرے ہیل کی فائرنگ سے تین کمسن طالبعلموں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کرنے والی لڑکی کے پاس دو رائفلز اور ایک ہینڈگن تھی۔ کوویننٹ سکول میں پری کنڈرگارٹن سے چھٹی جماعت تک کے دو سو طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ فائرنگ کرنے والی کم عمر لڑکی جوابی کارروائی میں ماری گئی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button