عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… پاکستان کے شہر پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں سوموار ۳۰؍جنوری بوقت نماز ظہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت ۱۰۱؍افراد شہید جبکہ ۲۱۲؍زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ خود کش دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی دو منزلہ عمارت گر گئی ۔شہدا ءمیں پانچ سب انسپکٹر، ایک اے ایس آئی سمیت ایک خاتون بھی شہید ہوئی۔ خودکش دھماکے کی ذمے داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے۔آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ مسجد میں دھماکا سیکیورٹی کی خامی ہے، ایسا کیوں ہوا؟ تحقیقات کررہے ہیں۔حملہ آور مہمانوں کے روپ میں داخل ہوا، حملہ آور کے سہولت کاروں کا پتا لگا رہے ہیں۔دھماکے میں ممکنہ طور پر دس سے بارہ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

٭… وائٹ ہاؤس نے پشاور میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے اپنے بیان میں نمازیوں پر حملے کو ناقابل معافی عمل قرار دیا۔ پشاور سے افسوس ناک اور دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

٭… امریکہ میں سیاہ فاموں کو دیگر افراد کے مقابلے میں ٹیکس آڈٹ کا زیادہ سامنا ہوتا ہے۔ لوگوں کو ٹیکس آڈٹ کے لیے چُننے کا نظام متعصبانہ ہے۔ سیاہ فاموں کو۲.۷ سے ۴.۹ فیصد زیادہ نوٹس بھیجےجاتےہیں۔ ٹیکس چھوٹ معاملے میں سیاہ فاموں کے محض ۲۱؍فیصد کیسز ہیں۔ اس کے علاوہ سیاہ فاموں کا ٹیکس آڈٹ کرنے کی شرح ۴۳ فیصد ہے۔

٭… آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں برطانیہ وہ واحد ملک ہوگا جس کی معیشت رواں برس ترقی کرنے کی بجائے سکڑے گی۔ برطانیہ کی شرح نمو اعشاریہ تین فیصد جبکہ جی ڈی پی اعشاریہ چھ فیصد تک گرنے کا خدشہ ہے۔ اس طرح برطانیہ کی معیشت روس سے بھی بدتر ہوجائے گی۔

٭… سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے سے قبل ولادیمیر پیوٹن نے مجھے میزائل سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ بورس جانسن نے کہا کہ اُنہوں نے مجھ سے فروری کو کیف کے دورے کے بعد ہونے والی ایک ’غیر معمولی‘ گفتگو میں کہا تھا کہ میں آپ کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتا لیکن ایک میزائل کے ساتھ ایسا کرنے میں صرف ایک منٹ لگے گا۔ اُنہوں نے یہ دعویٰ بی بی سی ٹو کی ایک نئی سیریز میں کیا جس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ جنگ سے پہلے کے سالوں میں مغربی دنیا نے روسی راہنما کے ساتھ کس طرح جوڑ توڑ کی۔سابق برطانوی وزیر اعظم نے اس سیریز میں یہ بھی بتایا کہ جب وہ کیف کے دورے پر گئے تو انہوں نے مسٹر پیوٹن کو خبردار کیا تھا کہ یوکرین پر حملہ تباہ کن ہوگا اور اگر انہوں نے ایسا کیا تو روس پر مغربی ممالک کی جانب سے سخت پابندیاں عائد ہوں گی۔

٭… یوکرین کے وزیراعظم ڈینیس شماہل نے کہا ہے کہ مغربی ممالک جلد ہی لڑاکا طیارے بھی فراہم کر دیں گے۔ یوکرین کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو بہت جلد طیارے مل جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان طیاروں سے ہمیں روس کے خلاف اپنی لڑائی میں مزید آسانی ہوجائے گی۔ان طیاروں کےلیے یوکرین کے پائلٹ چھ ماہ یا اس سے کچھ زیادہ عرصے تک تربیت حاصل کریں گے۔ امریکی فوجی حکام پینٹاگون پر زور دے رہے ہیں کہ یوکرین کو جدید F-16 طیارے فراہم کر دیے جائیں۔دوسری جانب اطلاع ہے کہ جرمن چانسلر نے اس فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔

٭… کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ رامی رینجر نےپاکستانی صحافیوں اور برٹش پاکستانیوں سے متعلق بیان واپس لے لیا اور مبینہ نسل پرستانہ بیان پر معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے برٹش پاکستانیوں کو بچیوں کی گرومنگ میں ملوث اور منشیات فروش کہا تھا۔ وہ گجرات فسادات میں مودی کے کردار پر مبنی بی بی سی کی فلم پر سیخ پا تھے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف فلم پر بی بی سی کو ناگواری سے بھرا خط لکھتے ہوئے پوچھا تھا کہ کہیں اس ’لغو‘ فلم کے پیچھے پاکستانی نژاد اسٹاف تو نہیں۔ ۳۰سے ۴۰ لیبر رکن پارلیمنٹ پاکستانیوں کے ووٹ پر انحصار کرتے ہیں۔ دوسری جانب لیبر ایم پی ڈوڈز نے کہا ہے کہ بھارتی چینل پر رامی رینجر کا بیان اشتعال انگیز اور نسل پرستانہ تھا، لارڈز کمشنر سے درخواست کی گئی تھی کہ تحقیقات کرائیں کہ رامی رینجرز نے قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔

٭… آسٹریلیا کی ایک ہائی وے پر سکے سے بھی چھوٹا کیپسول چھ روز بعد مل گیا، اس کیپسول میں انتہائی تاب کار مادہ ’’سے زی ام 137‘‘(cesium) موجود تھا، یہ مادہ کان کنی کے آلات میں استعمال ہوتا ہے اور بیک وقت گیما اور بیٹا دونوں شعائیں خارج کرتا ہے، اس کے دائرہ اثر میں آنے والا علاقہ اگلے تین سو سال تک تاب کار رہ سکتاتھا۔ یہ انتہائی خطرناک کیسپول کان کنی کی کمپنی ریو ٹینو (Rio Tino) کی ملکیت ہے جو اسے آسٹریلوی ریاست، ویسٹرن آسٹریلیا، کے شمالی علاقے سے بذریعہ ٹرک ریاستی دارالحکومت پرتھ منتقل کر رہی تھی۔ چودہ سو کلومیٹر لمبی ہائی وے پر ایک تہائی انچ کا کیپسول تلاش کرنا جُوئے شیر لانے کے مترادف تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ’’سے زی ام 137‘‘ چھونے سے ہاتھوں کی جلد جل سکتی ہے، جسم میں تاب کاری زہر پھیل سکتا ہے اور کینسر ہو سکتا ہے۔ اس کیپسول کے گرد ایک میٹر کے دائرے میں ایک گھنٹے موجود رہنا، سینے کے ۱۷؍ایکس رے کرانے کے برابر ہے۔

٭… ایران میں ایک جوڑے کو سڑک پر رقص کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر دس سال قید کی سزا سنا دی گئی۔جوڑے پر بدعنوانی، کرپشن اور پروپیگنڈے کو فروغ دینے کی دفعات پر سزا سنائی گئی ہے۔

٭… اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے افریقی رکن ملک چاڈ کے صدر محمد ادریس دیبی نے اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو اور سینئر اسرائیلی حکام سے ملاقات کی جس میں موساد کے سربراہ، وزیراعظم نیتن یاہو کے ملٹری سیکرٹری، قومی سلامتی مشیر، اسٹریٹیجک افیئرز منسٹر اور دیگر شامل تھے۔۲۰۲۱ء میں منصبِ صدارت سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ اسرائیل ہے۔یاد رہے کہ اسرائیل اور چاڈ نے جنوری ۲۰۱۹ء میں سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں ممالک کے تعلقات ۱۹۷۲ء میں منقطع ہوگئے تھے، لیبیا کے معمر قذافی نے چاڈ پر اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کےلیے دباؤ ڈالا تھا۔ مئی ۲۰۲۲ء میں کئی افریقی ممالک کےلیے نامزد اسرائیلی سفیر نے اپنی سفارتی اسناد صدر محمد ادریس کو پیش کی تھیں۔ اس موقع پر چاڈ اور اسرائیل نے مشترکہ دلچسپی کے امور بشمول ماحولیاتی تبدیلی، زراعت، پانی کی تقسیم اور صحت میں تعاون کو مضبوط کرنے کا عزم کیا تھا۔

٭… سابق برازیلی صدر بولسونارو نے امریکہ میں اپنے قیام کو مزید توسیع دینے کےلیے چھ ماہ کے سیاحتی ویزے کی درخواست جمع کروا دی۔ وہ پچھلے سال دسمبر میں امریکی ریاست فلوریڈا آئے تھے، ان کے حامیوں نے برازیل کے دارالحکومت برازیلیا پر دھاوا بول دیا تھا اور فوج سے مارشل لاء لگانے کا مطالبہ کیا۔ سابق صدر عالمی راہنماؤں کی طرف سے استعمال کیے جانے والے ویزے پر امریکہ آئے تھے جس کی گذشتہ روز میعاد مکمل ہوتے ہی انہوں نے سیاحتی ویزے کی درخواست جمع کروائی۔ امریکی صدر بائیڈن پر دباؤ ہے کہ وہ بولسونارو کی خود ساختہ جلا وطنی ختم کریں۔ بولسونارو کے خلاف برازیل کی سپریم کورٹ میں جمہوریت مخالف احتجاجی مظاہرے کروانے پر تحقیقات جاری ہیں۔

٭… عراق میں قائم ترکی کے فوجی اڈے پر راکٹوں سے حملے کے دوران دو راکٹ بیس کے اندر گرے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شمالی عراق کے صوبہ نائنویح میں ترکی کے زیلکان اڈے پر صبح ۷ بج کر ۵۴ منٹ پر حملہ ہوا۔ ایران کے حمایت یافتہ مذہبی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ دو راکٹ فوجی اڈے کے اندر گرے جبکہ باقی چھ اطراف میں گر کر تباہ ہوئے، تاحال کسی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔ ترکی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ترک وزیر دفاع حلوسی آکر نے انقرہ میں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقتاً فوقتاً ہمارے فوجی اڈوں پر حملے ہوتے ہیں اور ہم ان کے خلاف کارروائی بھی کرتے ہیں۔ ترکی کے سیکیورٹی ذرائع کا موقف ہے کہ حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن عراقی سیکیورٹی ذرائع بتا رہے ہیں کہ فوجی اڈے میں موجود ایک عراقی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ حملے کے کچھ دیر بعد ’لوا احرار العراق‘ نے ذمہ داری قبول کی لیکن تفصیلات نہیں بتائیں۔

٭… برطانیہ آنے والے بین الاقوامی مسافروں کےلیے بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹس پر بڑی تبدیلیاں متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت نے ایک نئی سکیم کی منظوری دے دی۔ نئی سکیم میں غیرملکی مسافر کو سفری اجازت لینے کی ضرورت ہوگی۔ برطانیہ میں ویزا فری رسائی والے افراد کو بھی ایک فارم بھرنا ہوگا۔ نئی سیکم کے تحت فری ویزا ممالک والوں کو بھی فیس ادا کرنا ہوگی۔

٭… جاپان کے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا ایک ری ایکٹر خود بخود بند ہوگیا لیکن کسی قسم کی تابکاری سامنے نہیں آئی۔ نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق تخاما پاور پلانٹ کا ری ایکٹر دوپہر ۳ بج کر ۲۰ منٹ پر رک گیا جب نیوٹرونز کی تعداد میں انتہائی کمی کا ایک الارم بجا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ری ایکٹر معمول کے مطابق اپنا درجہ حرارت کم کر رہا ہے اور اطراف کے ماحول پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے کیونکہ تابکار مادوں کی سطح میں کوئی فرق نہیں پایا گیا۔ تخاما پلانٹ پر کُل چار ری ایکٹرز ہیں جن میں سے ایک بند ہوا تھا۔ جاپان میں کُل ۳۳ ری ایکٹرز ہیں لیکن مارچ ۲۰۱۱ء میں سونامی سیلاب کے بعد صرف ایک تہائی سے کچھ کم ری ایکٹرز کی دوبارہ کام شروع کرسکے ہیں۔

٭… افغانستان میں سردی کی شدید لہر جاری ہے، جس کے باعث رواں ماہ اموات کی تعداد ۱۶۶؍ہوگئی۔ افغانستان میں گذشتہ ہفتے کے دوران مرنے والوں کی تعداد میں ۸۸؍کا اضافہ ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ افغانستان کے کچھ علاقوں میں پارہ منفی ۳۳؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔امدادی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کے ۳۸؍ملین میں سے نصف آبادی کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے جبکہ تقریباً چالیس لاکھ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

٭… میلبورن میں سکھ فار جسٹس کے زیر اہتمام خالصتان کی آزادی کےلیے ریفرنڈم ختم ہوگیا۔خالصتان کی آزادی کےلیے ریفرنڈم میں بین الاقوامی اداروں کے مبصرین موجود رہے۔ ۵۵؍ ہزار سے زائد سکھوں نے خالصتان کی آزادی کے حق میں ووٹ دیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ۵۰؍ہزار افراد خالصتان ریفرنڈم کے وقت فیڈریشن اسکوائر میں تھے۔ وقت ختم ہونے پر بھی بڑی تعداد میں ووٹر ووٹ دینے کے منتظر تھے۔ کثیر تعداد میں لوگ خالصتان ریفرنڈم میں ووٹ کا حق استعمال نہ کرسکے۔

٭… پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ’توہین آمیز مواد ‘کو بلاک نہ کرنے کی وجہ سے ملک میں وکی پیڈیا سروسز ڈی گریڈ کردی ہیں۔ اس قابل اطلاق قانون اور عدالتی معلم (احکامات) کے تحت نوٹس جاری کرکے مذکورہ مواد کو بلاک کرنے کےلیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا۔ وکی پیڈیا کو سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا لیکن پلیٹ فارم نے نہ مواد ہٹانے کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔ ہدایات پر عدم تعمیل کے پیش نظر وکی پیڈیا کی سروسز کو ۴۸گھنٹوں کےلیے ڈی گریڈ کر دیا گیا ہے اور ر پورٹ کردہ مواد کو بلاک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وکی پیڈیا کی جانب سے تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پاکستان کے اندر بلاک کر دیا جائے گا۔ رپورٹ کردہ غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے کے بعد ویب سائٹ پر سے پابندیاں اٹھائے جانے پر دوبارہ غورکیاجائےگا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button