ایشیا (رپورٹس)

قادیان دار الامان میں ’’مخزنِ تصاویر‘‘ نمائش کی رینوویشن و افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قادیان دار الامان میں البلاغ بلڈنگ میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ’’مخزنِ تصاویرقادیان‘‘ کی نئی نمائش کا دعا کے ساتھ افتتاح عمل میں لایا گیا۔

مخزنِ تصاویر نمائش کے افتتاح کی تقریب مورخہ ۱۷؍دسمبر ۲۰۲۲ء بعد نماز عصر شام چار بجے عمل میں آئی۔ مولانا جلال الدین نیر صاحب صدر انجمن تحریک جدید قادیان نے اجتماعی دعا کے ساتھ اس کا افتتاح کیا۔

اس افتتاحی تقریب میں جماعتی عہدیداران اور جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۲ء میں شمولیت کی غرض سے تشریف لائے بعض غیر ملکی مہمانان کرام نے بھی شرکت کی۔ تلاوت قرآن مجید سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد مکرم انچارج صاحب شعبہ مخزنِ تصاویر قادیان نے قادیان میں شعبہ مخزنِ تصاویر کے قیام اور اس کے رینوویشن کے پس منظر سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں صدر انجمن تحریک جدید نے اجتماعی دعا کروائی۔ اس کے بعد معزز حاضرین نے مخزنِ تصاویر نمائش کا وزٹ کیا۔

جماعتی تصاویر، جماعتی تاریخ کے اہم ماخذ ہیں اور ان تاریخی ونایاب تصاویر کو دیکھ کر ایمان کو بھی تقویت حاصل ہوتی ہے کہ جماعت احمدیہ کو اللہ تعالیٰ نے کس طرح ہر زمانہ میں خلفائے کرام کی عظیم الشان روحانی قیادت میں ترقیات سے نوازا ہے۔ اسی غرض کے لیے قادیان دارالامان میں خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی و منظوری سے ’’البلاغ‘‘ بلڈنگ میں سنہ ۲۰۱۲ء میں پہلی مرتبہ ’’مخزنِ تصاویر‘‘ نمائش کا قیام عمل میں لایا گیاتھا۔ اس نمائش میں تازہ تصاویر کے اضافہ کی ضرورت محسوس ہوئی نیز پرانے فریمز کو جو خراب حالت میں تھے ان کو تبدیل بھی کیاجانا تھا۔ چنانچہ سیدنا حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مخزنِ تصاویر نمائش کی رینوویشن کرتے ہوئے نئی نمائش تیار کی گئی ہے اور مورخہ ۱۷؍دسمبر۲۰۲۲ء کو اس نئی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔

مخزنِ تصاویر قادیان کی اس نئی نمائش میں جماعتی تاریخی تصاویر کو دیدہ زیب طریق پر ترتیب کے ساتھ آویزاں کیا گیا ہے۔ اس نمائش میں مختلف سیکشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپؑ کی مبشر اولاد کی تصاویر، اسی طرح خلفائےکرام اور ان کے بابرکت ادوارِخلافت میں ہونے والے اہم اور تاریخی مواقع کی تصاویر اور خلافت خامسہ کے بابرکت دور کے اہم واقعات کی تصاویر بالخصوص حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے حالیہ دورہ جات اور دیگر مختلف مصروفیات کی تازہ تصاویر بھی اس نئی نمائش کی رونق بنی ہوئی ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ نمائش مقامی احباب اور مہمانان کرام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہی اور جلسہ سالانہ قادیان۲۰۲۲ء کے موقع پر بھی مہمانان کرام نے اس نمائش سے بہت استفادہ کیا اورپسندیدگی کا بھی اظہار کیا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ اس نئی نمائش کے قیام کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس سےاحباب جماعت و غیر از جماعت احباب کوبھی استفادہ کرنے کی توفیق دے۔آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button