عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزہ کی مدت 30 سے 90 دن کے درمیان ہے۔مکہ مکرمہ آنے والے زائرین کو عمرہ ویزہ کی مدت پر عمل کرنا ہوگا۔ وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین ویزہ میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی اپنے ملک روانہ ہوجائیں۔

٭… ترک وزیر دفاع ہولوسی آکار کا کہنا ہے کہ اناج معاہدے کی معطلی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔معاہدہ معطل کرنے سے کسی فریق کو فائدہ نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ روس گذشتہ ہفتے یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے سے دستبردار ہوا ہے۔ اقوام متحدہ اور ترکیہ کی ثالثی میں یوکرین اناج برآمدگی معاہدہ اس سال 22 جولائی کو ہوا تھا جس کی مدت وسط نومبر میں ختم ہونا تھی۔ اس معاہدے سے جنگ کے باعث یوکرینی بندرگاہوں سے رُکی ہوئی اناج برآمدگی ممکن ہوئی تھی۔

٭… اناج معاہدے سے دستبرداری پر کریملن نے کہا ہے کہ یوکرین کے اقدامات نے اناج معاہدے کو نقصان پہنچایا۔ اناج ترسیل کی حفاظت کی اب ضمانت نہیں دے سکتے۔ اناج برآمدات معاہدے پر عملدرآمد اب مشکل ہے۔ کریملن نے اناج معاہدے میں واپسی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ روس گزشتہ ہفتے یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے سے دستبردار ہوا ہے۔

٭… اناج برآمدگی کے معاہدے کے تحت 31 اکتوبر کو 12 جہاز یوکرین سے روانہ ہوئے، اقوام متحدہ، ترک انسپیکشن ٹیموں نے معاہدے کے تحت جہازوں کا معائنہ دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی اناج برآمدگی معاہدہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ روس کی دستبرداری کے باوجود انسانیت کی خدمت کے لیے پوری کوششیں جاری رکھیں گے۔ روس گزشتہ دنوں یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کرچکا ہے۔

٭… روس کی جانب سے یوکرین پر ڈرٹی بم کی تیاری کے الزام کے بعد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی ٹیم نے یوکرین میں 2 جوہری سائٹس کا دورہ کیا ہے۔ ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا ہے کہ یوکرین میں دو جوہری سائٹس پر معائنہ شروع کردیا ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام پر اپنے ابتدائی نتائج فراہم کریں گے۔ دوسری جانب یوکرین نے روس کے ڈرٹی بم الزامات کی تردید بھی کردی ہے۔یوکرین نے روسی الزامات پر عالمی ادارے سے معائنے کی درخواست کی تھی ۔ روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن نے بھی عالمی ادارے سے یوکرین کی جوہری تنصیبات کے معائنےکا مطالبہ کیا تھا۔

٭… وائٹ ہاؤس سے ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ جی 20 کانفرنس میں دونوں صدور کی ملاقات کے لیے امریکی اور چینی حکام کام کر رہے ہیں۔ دونوں صدور کی ممکنہ ملاقات کے لیے عملے کی سطح پر کام جاری ہے۔ اس متعلق امریکی اور چینی عملہ طریقہ کار کے ذریعے کام کر رہا ہے۔ جی 20 کانفرنس انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں رواں ماہ کے آخر میں ہوگی۔

٭… ٹرمپ کے ٹیکس ریٹرن کانگریس کمیٹی کو دینے سے متعلق عدالتی فیصلہ معطل کردیا گیا ہے جس سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔ امریکی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جب تک میرٹ پر حکم کے لیے درکار معلومات نہ ہوں، فیصلہ معطل رہے گا۔ ایوان کی کمیٹی 10 نومبرتک اپنے دلائل دے، اس کے فوری بعد فیصلہ سنائے۔ گزشتہ ہفتے فیڈرل اپیل کورٹ نے انٹرنل ریونیو سروس ( Internal Revenue Service) کو دستاویزات کمیٹی کو دینے کی اجازت دی تھی۔ عدالتی حکم سے 8 نومبر کے مڈٹرم الیکشن سے پہلے دستاویزات جاری ہونے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ اپیل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ٹرمپ نے سپریم کورٹ میں ایمرجنسی اپیل دائر کی تھی۔

٭… امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے گھر پر حملہ کے حوالے سے پراسیکیوٹر نے حملہ آور پر باقاعدہ الزامات عائدکرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم ڈیوڈ ڈی پیپ نینسی پلوسی کو اغوا کرکے ان سے پوچھ گچھ کرنا چاہتا تھا۔ نینسی پلوسی سچ بتائیں گی تو انہیں جانے دے گا اور اگر ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے جھوٹ بولا تو ان کے گھٹنے کی ہڈی توڑ دے گا تاکہ دیگر ڈیموکریٹس کو سبق سکھایا جاسکے۔ کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے حملہ آور ڈیوڈ ڈی پیپ پر اغوا اور حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈیوڈ ڈی پیپ نے نینسی پلوسی کے گھر پر پچھلے ہفتے حملہ کیا تھا اور اُن کے شوہر پال کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

٭… اسرائیل میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے چار سالوں سے بھی کم عرصے میں پانچویں انتخابات ہو ئے ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے سیاسی عدم استحکام کے بعد اسرائیل میں نئے انتخابات ہو رہے ہیں، حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو اسرائیلی پارلیمنٹ کی 61 نشستوں پر اکثریت حاصل کرنا ضروری ہے۔کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے سابق وزیر اعظم نیتن یاہو انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں کے ساتھ واپسی کی کوششوں میں ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں 8 جماعتی اتحاد گزشتہ سال نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے میں کامیاب ہوا تھا۔

٭… اسرائیل کے انتخابات میں سابق وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی اتحادی جماعتوں نے برتری حاصل کرلی ہے۔ اسرائیل میں انتخابات کے سرکاری نتائج آنے سے پہلے ہی امکان ظاہر کیا گیا کہ نیتن یاہو اور ان کے اتحادی جیت کے قریب ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایگزٹ پولز کے نتائج بتا رہے ہیں کہ 12 سال تک اقتدار میں رہنے والے نیتن یاہو ایک مرتبہ پھر بازی پلٹنے والے ہیں۔ یروشلم میں اپنے حامیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم ایک بڑی فتح کے قریب ہیں۔ دوسری جانب نیتن یاہو کے حریف اور موجودہ وزیراعظم یائر لاپڈ کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں چار سال سے بھی کم عرصے کے دوران پانچویں مرتبہ انتخابات ہوئے ہیں، اس الیکشن میں ٹرن آؤٹ 2015ءکے بعد سے بلند ترین سطح پر رپورٹ ہوا ہے۔

٭… لبنان کے 89 سالہ عیسائی صدر مشعل عون کی مدت صدارت مکمل ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے صدارتی محل خالی کر دیا۔ ملک میں شدید مالیاتی بحران جاری ہے، صدر کے استعفے کے بعد نگران کابینہ پر ذمہ داری آگئی ہے۔ نگران وزیراعظم گزشتہ چھ ماہ سے حکومت سازی کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر مشعل عون کا کہنا تھا کہ ان کے صدارتی اختیارات محدود ہیں، جن سے معاشی بحران کا تدارک نہیں ہوسکتا۔ مشعل عون 2016ءمیں لبنان کے صدر بنے تھے، دورِ صدارت کے آخری دنوں میں انہوں نے امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ سمندری حدود سے متعلق تاریخی معاہدہ کیا۔ 1975ء سے 1990ء کی خانہ جنگی میں وہ لبنان کی فوج کے کمانڈر تھے۔

٭… برطانیہ کے علاقے ڈوور میں بارڈر فورس کے مائیگرنٹ پروسیسنگ سینٹر پر پیٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔جس کے بعد پیٹرول بم پھینکنے والے شخص نے خودکشی کرلی۔ واقعہ کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی۔

٭…جنوبی کوریا میں ہیلووین کی تقریب میں بھگدڑ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 151 ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ ہیلووین منانے والے ہزاروں افراد تنگ گلیوں میں جمع ہوگئے تھے جس سے بھگدڑ مچی۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ لوگوں کے کچلے جانے کی وجہ کیا بنی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے 151 افراد کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

٭… جنوبی کوریا میں ہیلووین تقریب میں بھگدڑ کے دوران 156 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس چیف نے کہا ہے کہ تقریب سے قبل متعدد دفعہ خطرے کی اطلاعات ملی تھیں۔معلومات ہونے کے باوجود خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔ ایک مقام پر بڑا ہجوم جمع ہوگیا جو سنگین خطرے کی نشاندہی کررہا تھا۔ حادثہ پیش آنے سے پہلے پولیس کو متعدد کالز موصول ہوئیں۔ پولیس چیف نے حادثے کی مکمل تحقیقات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

٭… مغربی ہندوستان کے علاقے موربی میں مذہبی رسم کی ادائیگی میں مصروف پیدل چلنے والے پل کے دریا میں گرنے کے واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد 137 تک پہنچ گئی ہے۔ 140سال پرانا یہ پل، جو تزئین و آرائش کے بعد کچھ دن پہلے ہی دوبارہ کھولا گیا تھا، اتوار کی شام منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ دریا میں گر گئے ۔سینئر پولیس افسر اشوک کمار یادو نے ایک بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں پیر کو موربی میں پل کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنی سے وابستہ 9 افراد کو گرفتار کر کے مجرمانہ قتل کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔

٭… فلپائن میں سمندری طوفان سے تباہ کاریاں جاری ہیں جبکہ مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 98 ہوگئی جبکہ 63 افراد لا پتہ ہیں۔نصف سے زائد اموات سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں جبکہ اموات کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سول ڈیفنس کے چیف کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات تقریباً صفر ہیں جبکہ طوفان نلگائی ایک ہفتے میں پانچ مرتبہ فلپائن کے مختلف حصوں سے ٹکرایا تھا۔ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں کئی دیہات ڈوب گئے تھے جبکہ فصلیں تباہ ہوگئی تھیں اور کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی تھی۔

٭… یونان کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے درجنوں تارکین وطن لاپتا ہوگئے، یونانی کوسٹ گارڈز ڈوبنے والے افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ 10 مسافروں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ درجنوں لاپتہ مسافروں کی تلاش جاری ہے، بچنے والے مسافر کے مطابق ترکی سے آنے والی کشتی میں 68 تارکین وطن سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر اور دو کشتیاں لاپتا افراد کی تلاش میں حصہ لے رہی ہیں۔

٭… بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں چوری کے الزام پر 2 نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان نوجوانوں کو گاڑی کے ساتھ باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا۔ اس موقع پر سڑک پر موجود بے حس لوگوں پر مشتمل مجمع واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔ سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر تنقید کی ہے۔

٭… سعودی عرب میں فضائی ٹریفک میں سال 2021ءمیں 2020ءکے مقابلے میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مملکت کے محکمہ شماریات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 2021 میں پروازوں تعداد 4 لاکھ 97 ہزار تھی اور 4 کروڑ 90 لاکھ مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔ ان میں سے 4 کروڑ نے سعودی ایئر لائنز کے ذریعے سفر کیا۔ ہوائی سفر کرنے والوں کی یہ تعداد 2020ء کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔ سعودی محکمہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق2021ء میں سعودی عرب میں پروازوں کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار رہی جو 2020ء کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ پروازوں کے ساتھ شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہلے، شاہ عبدالعزیز ایئر پورٹ دوسرے جبکہ شاہ فہد ایئرپورٹ تیسرے نمبر پر رہا۔

٭… تاریخ میں پہلی بار سعودی دارالحکومت ریاض میں ہیلووین منایا گیا جس کی تصاویر او ر ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ سعودی تاریخ میں پہلی بار ہونے والی یہ تقریب آتش بازی، ساؤنڈ ایفیکٹس اور ڈراؤنی سجاوٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اس ایونٹ کے انعقاد پر سوشل میڈیا پر مختلف ممالک کے مسلمانوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button