افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

ہیومنٹی فرسٹ اور IAAAE کے وفود کی جامعۃ المبشرین برکینافاسو آمد

جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر تربیتی پروگرام بھی جاری رہتے ہیں۔ سیمینارز جلسہ جات اور اجلاسات کے انعقاد کے لیے مجلس ارشاد قائم ہے جس کے تحت ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ چنانچہ مختلف مواقع پر متفرق مہمانان گرامی جامعہ تشریف لاتے رہتے ہیں۔ ان پروگراموں سے طلبہ کو مختلف النوع موضوعات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

ماہ جولائی میں مرکز سے برکینافاسو کے دورے پر ہیومینٹی فرسٹ اور IAAAEکے وفود تشریف لائے۔ ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر صاحبزادہ ولید خان صاحب از امریکہ اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اور انجینئرز (IAAAE) کی طرف سے یورپین چیپٹر کے چئیر مین مکرم اکرم احمدی صاحب اپنے وفد کے ساتھ تشریف لائے۔ دونوں وفود کو جامعہ آنے اور طلبہ کو اپنی اپنی تنظیموں کا تعارف کروانے کی درخواست کی گئی۔

مورخہ 03؍ جولائی 2022ء کو صبح دس بجے جامعہ کے ہال میں تلاوت کے ساتھ پروگرام کا آغاز ہوا۔ تلاوت عزیزم ابراہیم چہ تینگے صاحب طالب علم سال اول نے کی۔ اس کے بعد خاکسار نے معزز مہمانوں کا تعارف کروایا۔

نمائندہ ہیومنٹی فرسٹ

مکرم صاحبزادہ ولید خاں صاحب نے بتایا کہ وہ 2014ء سے مستقل طو رپر ہیومینٹی فرسٹ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ آپ ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کے وائس چئیرمین بھی ہیں۔ ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کے تحت چودہ ممالک آتے ہیں جن میں برکینافاسو بھی ہے۔ برکینافاسو میں ہیومینٹی فرسٹ تعلیم کے میدان میں خدمت کی توفیق پا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ واٹر فار لائف کا پراجیکٹ IAAAEکے اشتراک سے ساتھ چل رہا ہے۔ آپ نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہیومینٹی فرسٹ آنکھوں کے عطیات، سکول، ہسپتال، قدرتی آفات، واٹر فار لائف اور دیگر پراجیکٹس پر کامیابی کے ساتھ خدمت سرانجام دے رہی ہے۔

نمائندہ IAAAE

مکرم اکرم احمدی صاحب 2004ء میں ایسوسی ایشن کے چئیرمین منتخب ہوئے۔ یورپ میں تقریباً پانچ صد انجینئرز اور آرکیٹکٹس اس تنظیم کے ممبرز ہیں۔ براعظم افریقہ بھی یورپین چیپٹر کے تحت آتا ہے۔ اس تنظیم کے تحت افریقہ میں تیس ماڈل ویلجز بن چکے ہیں۔ افریقہ کے مختلف ممالک میں سولر سسٹم کے ساتھ ایم ٹی اے کے ڈش اینٹینا لگائے جاچکے ہیں۔ واٹر فار لائف پراجیکٹ کے تحت تین ہزار نلکے ٹھیک کیے جاچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مرکزی ہدایات کے مطابق مختلف جماعتی عمارات، مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر اور نگرانی بھی یہ تنظیم کر چکی ہے۔

آپ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ سیدنا حضرت امیر المومنین کی ہدایات کے مطابق اب افریقہ میں فوڈ پراجیکٹ پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔ حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی خواہش ہے کہ افریقہ خوراک کے معاملہ میں خود کفیل ہو۔ اور عالمی سطح پر بدلتے حالات کے مطابق کسی مشکل کی صورت میں نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی خوراک پیدا کرنے کی صلاحیت پیدا کرے۔

آخر پر مہمانوں نے طلبہ کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس نشست سے طلبہ نے بہت فائدہ اٹھایا آخر پر خاکسار نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ: چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینافاسو)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button