عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی سپریم کورٹ نے اسکولوں اور سرکاری عمارتوں میں باجماعت نماز کی پابندی کو آئین کی پہلی ترمیم کے منافی قرار دےدیا جو ملازمین کے مذہبی عقائد کے احترام کو یقینی بناتی ہےاور عقائد کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے۔6ججز نے باجماعت نماز کی اجازت دینے کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ3نے مخالفت کی، جسٹس نیل گورسچ نے لکھا کہ آئین اور ہماری بہترین روایات باہمی احترام اور رواداری کا مشورہ دیتی ہیں، نہ کہ سنسر شپ اور دباؤ کا۔

واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ کے قدامت پسند ججوں نے منگل کو ایک بار پھر آئینی ترمیم کی دوبارہ تشریح کی جو سرکاری ملازمین کو کام کی جگہ اپنے عقیدے کے اظہار سے متعلق ہے۔

٭…سری لنکا میں ایندھن کی شدید قلت پیدا ہوگئی جس کے بعد ملک میں 10؍جولائی تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی عام فراہمی بند کر کے صرف ایمرجنسی شعبوں کو ایندھن فراہم ہوگا جبکہ سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔ گذشتہ ہفتے سری لنکا میں پیٹرول 22 اور ڈیزل 15 فیصد مہنگا کیا گیا تھا۔رعایتی قیمت پر ایندھن حاصل کرنے کے لیے سری لنکن حکومتی وفد نے قطر اور روس کا دورہ بھی کیا ہے۔دوسری جانب ملک میں ایندھن کی قلت کے علاوہ غذائی بحران بھی شدید تر ہونے کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

٭…سعودی عرب نے1 ارب 74کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال کی بیرون ملک منی لانڈرنگ کے الزام میں 17 ملزمان کو قید کی سزائیں سنائی گئیں ہیں ۔ پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق عدالت نے ملزمان پر 80 کروڑ 6 لاکھ سعودی ریال جرمانہ بھی عائد کیا۔ ملزمان میں سعودی اور غیرملکی شہری شامل ہیں۔ غیرملکیوں کو سزا مکمل ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

٭…یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے مرکزی ترجمان پیٹر اسٹانو نےپریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور ان کے ایران سے گفتگو کے لیے چیف مذاکرات کار اینرک مورا اپنی ٹیم کے ہمراہ دوحہ میں ہیں جہاں ایک اہم پیش رفت میں امریکہ اور ایران ابتدائی مذاکرات کر رہے ہیں۔ہمیں امید ہے کہ یہ ابتدائی مذاکرات ایران کے ساتھ نیوکلئیر ڈیل کے لیے JCPOA مذاکرات میں امریکہ کی واپسی میں مدد گار ثابت ہوگا۔ترجمان نے وضاحت دی کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر ڈیل کے مذاکرات کے لیے گفتگو کا مرکز ویانا سے تبدیل نہیں ہورہا لیکن دوحہ میں مذاکرات ایک عارضی عمل ہے۔

٭…روس نے 8یونانی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کرملک چھوڑنے کا حکم دے دیا، جبکہ ماسکو میں متعین یونانی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے روس کے خلاف اقدامات پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔نیٹو اور یورپی یونین کا رکن ملک یونان، روس کے خلاف پابندیوں اور یوکرین کو ہتھیار اور فوجی ساز وسامان کی فراہمی میں شامل ہے۔دوسری جانب روس نےمزید 43کینیڈین شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے جبکہ دو ماہ قبل روس نے61 کینیڈین اہلکاروں اور صحافیوں پر ملک میں داخلے پر پابندی لگائی تھی۔

٭…امریکی حکومت کودہائیوں بعد فوج میں بھرتیوں کے معاملے پرشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےاور توقعات کے مطابق بھرتیاں نہیں ہو پا رہیں۔دیگر سروسز برانچز کے مقابلے میں فوج کی کارکردگی سب سے زیادہ خراب بتائی گئی ہے۔محکمہ دفاع کو اس معاملے پر تشویش ہے اور اس نے نئی کوششیں شروع کر دی ہیں تاکہ مختلف برانچز میں بھرتیوں کے اصل اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

ڈیفنس ڈپارٹمنٹ کے سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ 17؍ سے 24؍ برس کے اہل نوجوانوں کی صرف 9؍ فیصد تعداد نے فوج میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے، یہ 2007ء کے بعد پہلی مرتبہ پیش آنے والا واقعہ ہے۔جبکہ مجموعی طور پر یہ شرح پہلے 29؍ فیصد ہوا کرتی تھی اور اب یہ 23؍ فیصد ہو چکی ہے۔

سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ لوگوں کی اکثریت اس وجہ سے فوج میں بھرتی ہونے سے ہچکچا رہی ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ انہیں جذباتی اور نفسیاتی سطح پر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ کچھ نے طبعی مسائل پیش آنے کے خوف کا اظہار کیا۔اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ سروے میں شامل صرف 13؍ فیصد افراد کے والدین سابق فوجی تھے، یہ تعداد 1995ء میں 40؍ فیصد تھی۔

٭…ہولوکاسٹ کے دوران نازی جرمن فوج کے جنگی جرائم میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے والے سب سے زائد العمر مجرم 101 سالہ جوزف کو جرمنی کی عدالت نے 5 سال قید کی سزا سنا دی۔اس وقت وہ ایک ڈیتھ کیمپ میں بطور گارڈ تعینات تھے۔

عدالت نے ملزم جوزف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تین سال تک زیکزن ہاؤسن کیمپ میں تعینات تھے اور آپ نے قتل عام میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔آپ کو معلوم تھا کہ یہاں قیدیوں کو قتل کیا جارہا ہے، جو بھی قیدی فرار کی کوشش کرتا اسے گولی مار دی جاتی، تو اس طرح بطور کیمپ گارڈ آپ نے بھی اس قتل عام میں حصہ لیا۔

ملزم جوزف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تقریباً 80 برس قبل ہونے والے جرائم پر اب ٹرائل کرنا درست نہیں۔ ان کا موکل نازی جرمن فوج میں کوئی اعلیٰ افسر نہیں تھا۔خیال رہے کہ برلن کے شمال میں واقع زیکزن ہاؤسن کیمپ میں 3 ہزار 518 قیدیوں کو قتل کیا گیا تھا۔

٭…بھارت کے دارالحکومت دہلی کی پولیس نے 2018ء کے ایک ٹوئٹ کو بہانہ بنا کر مسلمان صحافی محمد زبیر کو گرفتار کر لیا۔ محمد زبیر پر لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ محمد زبیر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں جبکہ نہ ایف آئی آر دکھائی گئی ہے، نہ حراست کا مقام ظاہر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ محمد زبیر گذشتہ دنوں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی جانب سے ایک ٹی وی میں پیغمبر اسلام کے بارے میں نازیبا بیانات کو منظر عام پر لانے اور ٹوئٹر کے ذریعے اس خبر کو عام کرنے کے بعد خبروں میں رہے۔ایڈیٹرزگلڈ آف انڈیا کی جانب سے مسلمان صحافی محمدزبیر کی گرفتاری کی مذمت اور فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافی محمدزبیر نے غلط معلومات پھیلانے والی مہموں کےخلاف حقیقت پرمبنی کام کیا۔پولیس فوری طور پرصحافی محمد زبیر کو رہا کرے۔پریس کلب آف انڈیا کا کہنا ہے کہ فیکٹ چیکنگ سائٹ کے شریک بانی محمد زبیر کو غلط معلومات کی ویجیلنس کی قیمت چکانا پڑ رہی ہے، جو نہایت افسوسناک ہے۔واضح رہے کہ پیغمبر اسلامﷺکے حوالے سے تبصرہ کرنے والی بے جے پی راہنما نوپور شرما نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد زبیر کی جانب سے ٹویٹس کیے جانے کے بعد سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

٭…بھارت کے شہر ممبئی میں 4 منزلہ عمارت گرنے سے 11افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔ عمارت کے ملبے تلے مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور دیگر امدادی کام جاری ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق گرنے والے عمارت کو کافی عرصے پہلے مخدوش قرار دے کر مکینوں کو اُسے خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

٭…جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے جنوب مغربی علاقے کے شہر ٹولوا کی جیل میں قیدیوں کے درمیان ہنگامہ آرائی و لڑائی کے دوران قیدیوں نے پولیس کو اپنے انکلوژرز میں آنے سے روکنے کے لیے آگ لگادی۔ نیشنل پینیٹینشری اینڈ پریزن انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کے مطابق منگل کو پیش آنے والے واقعے میں آگ کے خطرناک شکل اختیار کرنے کی وجہ سے 49 قیدی ہلاک اور 30افراد زخمی بھی ہوئے۔دارالحکومت بوگوٹا سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ ملک ٹولوا میں پیش آیا۔ جیل حکام کے مطابق ہنگامہ آرائی کے وقت جیل میں 1267 قیدی موجود تھے۔ جیل حکام نے ہنگامہ آرائی کا سبب نہیں بتایا۔ تاہم اس کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ جائزہ لیا جارہا ہے کہ قیدیوں نے جیل سے فرار کے لیے اپنے میٹریسس (اپنے بستر) کو آگ لگائی تھی یا پھر یہ لڑائی سے پیدا شدہ اشتعال کا نتیجہ تھا۔

٭…امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹرک سے برآمد 50 لاشوں کی شناخت کرلی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ٹرک سے برآمد 50 لاشوں میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق میکسیکو اور وسطی امریکا سے تھا۔ ٹرک میں موجود انتہائی بیمار 16 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 3 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ ٹرک کا ایئرکنڈیشن کام نہیں کررہا تھا اور نہ ہی ٹرک میں پینے کے لیے پانی موجود تھا۔ تمام افراد ممکنہ طور پر بہتر مستقبل کی تلاش میں انسانی اسمگلروں کی مدد سے امریکا آئے تھے۔

٭…اردن کی عقبہ بندرگاہ پر موجود مہلک گیس سے بھرا ہوا ٹینک بحری جہاز کے عرشے پر منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران گر کر پھٹ گیا۔ زہریلی گیس خارج ہونے کی وجہ سے 10افراد ہلاک اور 251زخمی ہوگئے۔ سرکاری حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور گھر سے باہر نہ نکلیں۔ عقبہ بندرگاہ سے لوگوں کے انخلا کے لیے طیارے بھیج دیے گئے ہیں، جبکہ خصوصی ٹیمیں گیس لیکیج سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

٭…جنوبی افریقہ کے شہر ایسٹ لندن کے نائٹ کلب میں 22 افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ان مرنے والوں میں سے بعض کی عمر 13 برس ہے۔ موت کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔تمام 22 افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیےمقامی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہی موت کی وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔

٭…برطانیہ کی کاؤنٹی سفوک میں درآمد شدہ مچھلی کے ڈبے میں ایک نایاب کیڑا ملا ہے جو عام طور پر میکسیکو کے ساحل پر پایا جاتا ہے ۔ برطانیہ پہنچائی جانے والی مچھلیوں کے اندر ملنے والا یہ ’سیموتھوا ایکسیگوا‘ نامی کیڑا ’زبان کھانے والا کیڑا‘بھی کہلایا جاتا ہے۔یہ کیڑے انفیکشن کے ذریعے مچھلیوں میں منتقل ہوکر ان کی زبان میں موجود خون کی شریانوں کو سڑا دیتا ہے جس کی وجہ سے وہ ٹوٹ کر الگ ہوجاتی ہیں بعد ازاں یہ کیڑے خود کو مچھلی کی زبان کے بقیہ حصے کے ساتھ جوڑ لیتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مردہ حالت میں یہ کیڑے انسان کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتے لیکن زندہ حالت میں یہ انسان کو کاٹنے کی وجہ سے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔ کھیپ کے ڈبوں کی جانچ پر معلوم ہوا کہ تمام مچھلیاں متاثر ہیں اس لیے انتظامیہ نے بقیہ کھیپ کو واپس بھجوا دیا گیا۔

٭…اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیویارک سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا کو سمندری ہنگامی صورت حال کا سامنا ہے جس سے انسانیت کو خطرہ ہے۔موسمیاتی تبدیلی نے سمندری خوراک کے تسلسل میں خلل ڈالا اور وسیع ڈیڈ زونز بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال لاکھوں ٹن پلاسٹک کی آلودگی سمندروں میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سمندری آلودگی کی صورت حال کو بدلنا ہوگا۔

٭…انگلینڈ کو پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈکپ چیمپئن بنانے والے کپتان ایون مورگن نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق مورگن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہ تھا لیکن یہ بہترین وقت تھا۔یاد رہے کہ انگلینڈ نے مورگن کی ہی قیادت میں پہلی مرتبہ 2019ءمیں کرکٹ ورلڈکپ ٹائٹل جیتا تھا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button