عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی صدرجو بائیڈن نے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید کی وفات پر تعزیت کے لیے ابوظبی بھیجا ہے جس کا مقصد سردمہری کا شکار دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے بات چیت بھی ہے۔ یوکرائن پر روس کے حملے کے بعد خلیجی عرب ممالک کی اہمیت ایک مرتبہ پھر اجاگر ہوئی ہے جبکہ یورپ روس پر توانائی کاانحصار کم کرنا چاہتا ہے۔خلیجی ریاستوں نے اب تک یوکرائن تنازع میں فریق بننے سے انکار کیا ہے۔یاد رہےتیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے دوبڑے رکن سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں مدد کے لیے پیداوار میں اضافے کے مطالبے کی مزاحمت کی جس سے دنیا بھر میں افراطِ زر میں اضافہ ہوا ہے۔

٭…پاکستانی سپریم کورٹ نے منحرف اراکین کے صدراتی ریفرنس پر 2-3کی نسبت سے فیصلہ سنا دیا۔ چیف جسٹس اور دو ججز نے اکثریتی فیصلہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہیں ہوسکتا۔عدالت نے مزید کہا کہ انحراف کینسر ہے اور سیاسی جماعتوں کو استحکام کی ضرورت ہے۔ پارٹی پالیسی سے ہٹ کر کوئی بھی ممبر ووٹ دے گا تو شمار نہیں ہوگا۔اس حوالے سے پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنی چاہیے۔عدالت نے صدرِ پاکستان کے تین سوالوں کے جواب دیے ہیں۔یاد رہے کہ آرٹیکل 63A کی تشریح کا صدارتی ریفرنس 21؍ مارچ کو سپریم کورٹ بھیجا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر 58 دنوں میں20 سماعتوں کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ۔

٭…یورپ اور بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپین فارن افئیرز کونسل برائے دفاع کا اجلاس جاری ہے۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں یورپین ڈیفنس ایجنسی کی رپورٹ زیر غور لائی جائے گی۔ اس رپورٹ کی جزئیات میں بتایا گیا ہے کہ یورپین دفاع میں کہاں کہاں کمزوریاں ہیں اور انہیں کیسے دور کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یورپین پیس فیسیلیٹی EPFکے تحت یوکرین کی مزید مدد کرنے اور وہاں کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ افریقی ملک مالی کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

٭…برطانیہ میں خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم شائستہ گوہر کو ہاؤس آف لارڈز کا رکن بنادیا گیا۔ وہ کراس بینچز پر بیٹھیں گی اور کسی پارٹی کا حصہ نہیں ہوں گی۔

شائستہ گوہر کو لارڈز کا رکن بنانے کی سفارش انڈیپینڈنٹ ہاؤس آف لارڈز اپوائنمنٹ کمیشن نے کی۔ جس کے بعد انہیں بیرونس بنانے کی منظوری ملکہ برطانیہ اور وزیراعظم بورس جانسن نے دی۔ انہیں ہاؤس آف لارڈز میں باضابطہ متعارف کرایا جائے گا۔ وہ چیرٹی مسلم ویمنز نیٹ ورک یوکے کی سربراہ بھی ہیں اور انہوں نے 2017ء میں 16، 17 برس کے جبری شادیوں کے متاثرین کی برطانیہ واپسی کی فیس ختم کرائی تھی۔

٭…فن لینڈ کی پارلیمنٹ میں نیٹو میں شمولیت سے متعلق تجویز پر پارلیمنٹ کے 200 میں سے 188 اراکین نے نیٹو میں شمولیت کے حق میں ووٹ دیا۔ سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو رکنیت کی باضابطہ درخواست دینے کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ فن لینڈ کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ نیٹو رکنیت سے متعلق خط پر باضابطہ دستخط کے بعد سویڈن کے ساتھ مل کر فن لینڈ کے سفیر اس خط کو نیٹو کو پیش کریں گے۔

٭…ترک صدر رجب طیب ایردوان نے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کےمتعلق کہا کہ فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت ناقابلِ قبول ہے۔ ترکی کبھی بھی سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری نہیں دے گا اور دونوں ممالک ترکی کو منانے کےلیےوفود بھیجنے کی زحمت بھی نہ کریں۔انہوں نے دونوں ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے اپنے ایوان بالا تک دہشت گردوں کو جگہ دی ہوئی ہے۔ سویڈن اور فن لینڈ ایسے لوگوں کو پناہ دیتے ہیں جو ان تنظیموں سے منسلک ہیں جنہیں ترکی دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

٭…روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سویڈن اور فن لینڈ کو خبردار کیا ہے کہ اگر خطے میں امریکی اتحادیوں کے فوجی انفراسٹرکچر کی توسیع کی گئی تو سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیوٹن نے کریملن میں سویڈن اور فن لینڈ کے نیٹو میں شمولیت کے فیصلے پر کہا کہ ہمیں سویڈن اور فن لینڈ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی ان دونوں ممالک کی نیٹو میں شمولیت سے روس کو براہ راست کوئی خطرہ ہے۔ خطے میں امریکی اتحادیوں کے فوجی انفراسٹرکچر کی توسیع پر ماسکو کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

٭…فرانس کے صدر عمانویل میکرون نے وزیر محنت الزبیتھ بورن کو فرانس کا نیا وزیراعظم نامزد کردیا۔ وہ گزشتہ 30برسوں میں پہلی خاتون ہیں جنہیں اس اہم عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان سے قبل ایڈتھ کریسن 1991ء میں 11 ماہ تک فرانس کی وزیراعظم رہی تھیں۔خیال رہے کہ موجودہ وزیراعظم جین کاسٹیکس نے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔

٭…بھارتی سپریم کورٹ نے راجیو گاندھی قتل کیس میں 30سال سے زائد عمر قید کاٹنے والے مجرم پیراریولن کی رہائی کا حکم دے دیا۔ مجرم پر راجیو گاندھی کے قتل کے ماسٹر مائنڈ کے لیے بیٹریاں خریدنے کا الزام تھا، جو خودکش بم میں استعمال کی گئی تھیں۔اس سے قبل رواں سال مارچ میں راجیو گاندھی کے قتل میں ملوث مجرم پیراریولن کو 32سال سزا پانے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ عدالت نے ریماکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجرم پہلے ہی 30سال سے زیادہ کی سزا کاٹ چکا ہے، وہ ضمانت کا حقدار ہے۔یاد رہے کہ سابق بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی کو 1991ء میں بھارتی ریاست تامل ناڈو میں انتخابی ریلی کے دوران خود کش حملے میں قتل کردیا گیا تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button