آسٹریلیا (رپورٹس)

ایڈیلیڈ، آسٹریلیا کے قریب Moana مارکیٹ میں قرآن کی نمائش اور بکسٹال

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 13؍مارچ 2022ء کو جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ویسٹ کے چھ احباب پر مشتمل ایک گروپ کو موآنہ (Moana)مارکیٹ میں قرآن کریم کی نمائش اور بکسٹال لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ موآنہ، ایڈیلیڈ شہر سے تقریباً36 کلومیٹر جنو ب میں واقع ہے اور ساؤتھ آسٹریلیا سٹیٹ کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔ موآنہ مارکیٹ کا انعقاد مہینے میں ایک بار موآنہ beachکے قریب واقع پایونئیر میموریل ہال اور اس سے ملحقہ گراؤنڈ ز میں کیا جاتا ہے۔

چنانچہ ہمارا گروپ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد محمود سے موآنہ کے لیے روانہ ہوا اور تقریباً پچاس منٹ کی مسافت کے بعد وہاں پہنچا۔ وہاں پہنچ کرہم نے مارکیٹ کے مین ایریا میں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگایا۔ جماعتی پیغام Love for all Hatred for None، Muslims for Peace، اور Muslims for Loyalty کے بینرز سے مزین مارکی نے خاص طور پر لوگوں کی توجہ کو اپنی جانب مرکوز کیا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کسی بھی مسلم کمیونٹی کی جانب سے اس مارکیٹ میں پہلی بار سٹال لگایا گیا اور الحمدللہ یہ سعادت جماعت احمدیہ کے حصہ میں آئی۔

تبلیغی مساعی کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا۔ سب سے پہلے دیگر سٹال لگانے والے احباب کوجماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔ اس کے بعد صبح نو بجے مارکیٹ کو عوام کے لیے کھولا گیا۔ چنانچہ مقامی آبادی کی جانب سے بہت اچھا response ملا اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ قرآن کریم کی نمائش اور بکسٹال کو دیکھنےکے لیے تشریف لائے۔ ہم نے ان کو اسلام کی پرامن تعلیم سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں کافی لوگوں کےساتھ مندرجہ ذیل موضوعات پر تفصیلی بحث بات چیت ہوئی:

٭…آنحضور ﷺ کی حیات مبارکہ

٭…اسلام میں عورتوں کے حقوق

٭…روس اوریوکرائن کے مابین جنگ

٭…اسلامی شریعت

٭…آسٹریلیا میں ملٹی کلچرازم

الحمدللہ اس سٹال کے دوران ہمیں متعدد نئے تبلیغی روابط بنانے کی توفیق ملی۔ کل دس جماعتی کتب اور کثیر تعداد میں جماعتی لٹریچر بھی پڑھنے کے لیے تقسیم کیا گیا۔

نمائش کو دیکھنے کے لیے آنے والے لوگوں کے چند تاثرات درج ذیل ہیں:

مسٹرRichard Shawنے ہمارے سٹال کو وزٹ کیا اور بتایا کہ انہوں نے آنحضورﷺ کی سیرت وسوانح پر ایک کتا ب پڑھی ہوئی ہے۔ انہوں نے آنحضورﷺ کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ کرۂ ارض پر سب سے عظیم شخص تھے۔ آپﷺ میری فہرست میں سرِفہرست ہیں۔

موصوف کو ہم نے آنحضورﷺ کی حیات مبارکہ کے متعلق مزید پڑھنے کے لیے کتاب Life of Muhammad saw دی۔

ایک مقامی عورت نے کہا کہ یہ سٹال بہت اچھا ہے۔ یہ بہت معلوماتی ہے۔ یہاں کھڑے ہو کر اچھا محسوس ہورہا ہے۔ یہاں صرف کھڑے ہونے سے ہی مثبت vibesآرہی ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی مساعی میں برکت ڈالے اور ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ ایڈیلیڈ،آسٹریلیا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button