ادبیات

ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور فارسی ادب (قسط نمبر91)

(محمود احمد طلحہ ۔ استاد جامعہ احمدیہ یو کے)

مصری اخبار اللواء کے اعتراض کا جواب

مصر کے اخبار اللواء نے کشتی نوح میں مندرجہ آیت

[لَّنۡ یُّصِیۡبَنَاۤ اِلَّا مَا کَتَبَ اللّٰہُ لَنَا ۚ ہُوَ مَوۡلٰٮنَا ۚ وَ عَلَی اللّٰہِ فَلۡیَتَوَکَّلِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ]

کا ذکر کرکے اعتراض کیا تھا کہ یہ لوگ قرآن کو نہیں سمجھتے اور ان کو پتہ نہیں کہ مامن داء الا ولہ دواءحدیث میں ہے اس پر ایمان نہیں لاتے۔حضور نے فرمایا کہ

’’اس نے ہمارے مطلب کو نہیں سمجھا اور پہلی آیت کو دیکھ کر صرف اپنے اندرونی بغض کی وجہ سے ایک شاعرانہ مذاق میں مضمون لکھنا شروع کر دیا۔ہم دواؤں سے کب انکار کرتے ہیں، ہم توقائل ہیں کہ اﷲ تعالیٰ نے ہر ایک شئے میں فوائد رکھے ہیں لیکن چونکہ اللہ تعالیٰ نے اس (طاعون)کے متعلق ہمیں قبل از وقت سمجھا دیا ہے کہ یہ اس کا حقیقی علاج ہے اور یہ امر اس نے ہمیں بطور نشان کے دیا ہے تو اب ہم نشان کو کیسے مشتبہ کریں جب اللہ تعالیٰ کوئی نشان دے تو اس کی بے قدری کرنا صرف معصیت ہی نہیں بلکہ کفر تک نوبت پہنچا دیتا ہے ۔؂

گرحفظ مراتب نہ کنی زندیقی

حفظ مراتب کا لحاظ ان لوگوں کے وہم وگمان میں بھی کبھی نہیں آتا یا افراط ہے یا تفریط ۔ خیر اب اس کے مقابلہ میں بھی لکھنے کا عمدہ موقعہ مل گیا ہے بہتر ہے کہ ایک اشتہار میں مختصراً اپنے دعاوی اور دلائل لکھ دیئے جائیں۔معلوم ہوتا ہے کہ اﷲ تعالیٰ اب بہانے ڈھونڈتا ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں جب تبلیغ کا کوئی عمدہ ذریعہ نہ تھا تو اﷲ تعالیٰ اسی طرح دشمنوں کے ہاتھوں سے تبلیغ کراتا تھا کوئی شاعر آتا تو شعر کہہ جاتا لوگ برے برے پیراؤں میں آپؐ کا ذکر کرتے مگر سعید روحیں انہیں کے الفاظ سے آپﷺ کی طرف کھچی چلی آتیں۔یہ ہمیشہ سنت اﷲ ہے۔‘‘

(ملفوظات جلد چہارم صفحہ 228،229)

اس حصہ ملفوظات میں فارسی کا یہ مصرع

گَرْحِفْظِ مَرَاتِبْ نَہْ کُنِیْ زَنْدِیْقِیْ

آیا ہے جس کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

تفصیل:۔عبدالرحمان جامی جن کا پورا نام مولانا نورالدین عبد الرحما ن جامی ہے اور ایک معروف صوفی شاعر ہیں کی رباعی کا یہ ایک مصرع ہے ۔پو ر ی رباعی کچھ یوں ہے۔

اَےْ بُرْدِہْ گُمَانْ کِہْ صَاحِبِ تَحْقِیْقِیْ

وَنْدَرْصِفَتِ صِدْقُ ویَقِیْن صِدِّیْقِیْ

اے وہ (شخص)جو اپنے آپ کو دانشمند ومحقق، صدق اور یقین کی صفت میں کامل سمجھتا ہے ۔

ھَرْمَرْتَبِہْ اَزْوُجُوْد حُکْمِیْ دَارَدْ

گَرْحِفْظِ مَرَاتِبْ نَکُنِیْ زِنْدِیْقِیْ

ہر مرتبہ اپنی ذات میں (احترام بجا لانے کا )حکم رکھتا ہے۔ اگر تو حفظ مراتب نہیں کرتا ،توبے دین ہے ۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button