تاریخ احمدیت

نومبر 1982ء: لندن مشن میں کمپیوٹر مع پرنٹر نصب کر دیا گیا

حضور ؒنے خطبہ جمعہ میں اس تحریک کا ذکر کرکے جماعت کو بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے سوا دو لاکھ پاؤنڈ کے وعدے آچکے ہیں

جماعت احمدیہ کی لندن کی تاریخ کی جدت کے آغاز کا ایک پہلو لندن مشن میں کمپیوٹر کی تنصیب بھی ہے۔ اس حوالے سے الفضل ربوہ کے ایک شمارے میں اس تاریخی سنگِ میل کا اعلان ان الفاظ میں درج ہے۔

’’لندن:۔ مبلغ سلسلہ برطانیہ مکرم مبارک احمد ساقی صاحب نے بذریعہ ٹیلی گرام یہ خوشکن اور ایمان افروز اطلاع بھجوائی ہے کہ لندن مشن میں جدید ترین کمپیوٹر بمعہ پرنٹر نصب کر دیا گیا ہے۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ ۔ تار میں بتایا گیا ہے کہ یہ کمپیوٹر مکرم عباس خان صاحب نے نصب کیا۔چنانچہ اس کمپیوٹر کے ذریعہ احباب جماعت کی جامع فہرستیں ، پتہ جات وغیرہ اکٹھے کرنے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ دور حاضر کی اس جدید ترین مشین کے نظام سلسلہ کے لئے استعمال ہونے کی تقریب کا افتتاح برطانیہ کے امیر و مشنری انچارج مکرم مولانا شیخ مبارک احمد صاحب نے کیا۔

تار میں جملہ احباب کرام کی خدمت میں استدعا کی گئی ہے کہ وہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ جدید سائنس کی اس ایجاد کو دینِ اسلام کی خدمت کے لئے بہتر سے بہتر رنگ میں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین‘‘

(روزنامہ الفضل ربوہ 18؍نومبر 1982ء صفحہ اول)

نستعلیق کتابت کے لیے کمپیوٹر کی تحریک

جماعت کے لٹریچر کی اشاعت اور طباعت کا مسئلہ ایک اہم کام ہے۔ اس بڑھتی ہوئی ضرورت کے تحت ایک دقت کتابت کی تھی۔ کمپیوٹر پر نوری نستعلیق کتابت کا کام کرنے کے لیے ایک کمپنی نے ایک کمپیوٹر ایجاد کیا ہے جس میں خط نستعلیق پر کتابت کی جاسکتی ہے اور دوسری زبانیں بھی داخل کی جاسکتی ہیں۔ 12؍جولائی 1985ء کو مسجد فضل لندن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے ہوئے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے فرمایا:

’’سلسلہ کا کام اب اتنا بڑھ گیا ہے کہ ہم زیادہ انتظار نہیں کرسکتے۔ گو مشین کی قیمت زیادہ ہے یعنی صرف اردو نستعلیق کے لئے مکمل حالت میں اگر اس کو خریدا جائے تو ایک لاکھ پاؤنڈ خرچ آئے گا لیکن جو ضرورتیں ہیں ان کے مقابل پر ایک لاکھ کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے چند ضروری اور اہم زبانوں کے لئے زائد رقم دینی پڑے گی اس طرح ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ تک صرف پریس کا خرچ ہے اس کے علاوہ اس پرماہانہ اخراجات بھی اٹھیں گے کیونکہ یہ بہت ہی Complex یعنی باریک اور الجھی ہوئی مشین ہے جسے ہر آدمی آسانی سے سمجھ نہیں سکتا۔ پس اشاعت لٹریچر کی اہمیت کے پیش نظر سردست میں ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ کی تحریک کرتا ہوں۔‘‘

صرف لندن کی جماعت کے امیر صاحب نے لندن کی جماعت کی طرف سے پچاس ہزار پاؤنڈکے وعدے کیے اور ان کی طرف سے چونتیس ہزار پونڈ کے انفرادی وعدے ہوئے۔ انگلستان کی دیگر جماعتوں کی طرف سے چودہ ہزار پاؤنڈ کے وعدے آئے۔ 30؍اگست 1985ء کو حضور ؒنے خطبہ جمعہ میں اس تحریک کا ذکر کرکے جماعت کو بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے سوا دو لاکھ پاؤنڈ کے وعدے آچکے ہیں اور ابھی بہت سے ممالک کی طرف سے وعدے آرہے ہیں۔ خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے 6؍اپریل 1987ء کو پیر کے روز اس کمپیوٹرائزڈ پریس کا افتتاح ہو گیا اس تحریک کے ایک ذیلی حصہ کے طور پر حضورؒ نے اعلیٰ درجہ کے ٹائپسٹوں کو بھی زندگی وقف کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

(ماخوذ از خلفاء احمدیت کی تحریکات اور ان کے شیریں ثمرات،صفحہ487)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button