عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا متنازع خاکہ بنانے والے سویڈن کے کارٹونسٹ ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ لارس ولکس مبینہ طور پر ایک سادہ پولیس گاڑی میں سفر کر رہے تھے جب جنوبی سویڈن کے قصبے مارکیریڈ کے قریب وہ ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔اس حادثے میں دو پولیس اہلکار بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ٹرک ڈرائیور کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔75 سالہ کارٹونسٹ متنازع خاکہ بنانے کے بعد پولیس کی حفاظت میں رہ رہے تھے کیونکہ ان کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔

٭…بی بی سی کے مطابق عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور ارب پتی افراد کی خفیہ دولت اور مالی لین دین کی تفصیلات ایک اور بڑے مالی سکینڈل سے متعلق دستاویزات کے سامنے آنے سے بےنقاب ہو گئی ہیں۔

مالی معاملات سے متعلق ان دستاویزات میں جن افراد کی خفیہ دولت اور مالی معاملات کا انکشاف ہوا ہے ان میں 35 موجودہ اور سابق عالمی رہنماؤں سمیت تقریباً تین سو ایسے عوامی نمائندے شامل ہیں جن کی آف شور کمپنیاں تھی۔ ان دستاویزات کو پینڈورا پیپرز کا نام دیا گیا ہے۔

ان دستاویزات میں اردن کے بادشاہ کی خفیہ طور پر امریکہ اور برطانیہ میں 70 ملین پاؤنڈز کی جائیدادوں کا انکشاف کیا ہے۔

اس کے علاوہ ان دستاویزات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے قریبی حلقے میں شامل افراد، جن میں ان کی کابینہ اور ان کے خاندان کے کچھ افراد شامل ہیں، خفیہ طور پر لاکھوں ڈالر کی کمپنیوں کے مالک ہیں۔جبکہ سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر اور ان کی اہلیہ اور روسی صدر ولادمیر پوتن سمیت کئی راہنماؤں کے نام شامل ہیں ۔

گذشتہ سات برسوں کے دوران فن سین فائلز، دی پیراڈائز پیپرز، پانامہ پیپرز اور لکس لیکس جیسے لیک ہونے والے دستاویزات کی کڑی میں یہ تازہ ترین ہے۔

ان دستاویزات کاجائزہ اور چھان بین انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹیگیٹو جرنلسٹ (آئی سی آئی جے) نے کی ہے جس میں دنیا بھر سے 650 سے زائد رپورٹروں نے حصہ لیا۔

گارڈین اور دیگر میڈیا شراکت داروں کے ساتھ اس مشترکہ تفتیش میں بی بی سی پینوراما نے برٹش ورجن جزائر، پاناما، بیلیز، قبرص، متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور سوئٹزرلینڈ کی 14 مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے 12 ملین دستاویزات تک رسائی حاصل کی ہے۔

٭…ترک صدر رجب طیب اردگان اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان لڑاکا طیاروں اور آبدوزوں پر تعاون سے متعلق صحافیوں سے گفتگو میں ترک صدر نے کہا کہ روس کے ساتھ لڑاکا طیاروں اور آبدوزوں سمیت مزید مشترکہ دفاعی صنعت کے اقدامات پر غور کررہے ہیں۔ انہوں نے روس کے ساتھ دو مزید ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر پر کام کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ صدر پیوٹن نے خلائی راکٹ لانچ کرنے کے لیے پلیٹ فارم تیار کرنے کی تجویز دی۔ صدر اردگان نے کہا کہ اگلے ماہ ان کی امریکی صدر جو بائیڈن سے متوقع ملاقات میں فوجی، سیاسی اور معاشی تعلقات پر بات ہوگی۔

٭…یورپین یونین کا کہنا ہے کہ طالبان کے لیے پانچ شرائط واضح ہیں وہ ان پر عمل کریں۔ شرائط میں وسیع البنیاد حکومت، انسانیت کا احترام، خواتین کے حقوق اور دہشتگردی کی حمایت نہ کرنا شامل ہے۔ دوسری جانب افغانستان کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد لے کر پہلا طیارہ کابل پہنچ گیا۔

٭…فرانس کی عدالت نے سابق صدر نکولس سرکوزی کو 2012ء کی انتخابی مہم میں ناجائز رقوم خرچ کرنے کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنا دی۔ ان کے وکیل کے مطابق سابق صدر فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ رواں سال مارچ میں نکولس سرکوزی کو کرپشن کے الزام میں 3 سال قید کی سزا بھی دی جاچکی ہے۔ جس میں سے دو سال کی سزا معاف کر دی گئی تھی۔سابق صدر کو الیکٹرانک ٹیگ لگاکر گھر میں سزا پوری کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ وہ 2007ء سے 2012ء تک فرانس کے صدر رہے تھے۔

٭…قطر میں پہلی قانون ساز شوریٰ کونسل کے ہونے والے انتخابات میں 26 خواتین امیدواروں نے حصہ لیا۔ 45رکنی شوریٰ کونسل کی 30نشستوں کے لیے کوئی بھی خاتون امیدوار کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ شوریٰ کونسل کے 15 ارکان کا انتخاب قطر کے امیر خود کریں گے۔خیال رہے کہ قطر میں حالیہ سالوں میں خواتین کے حقوق سے متعلق اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور حالیہ برسوں میں قطر میں پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا شروع ہوا ہے۔

٭…برازیل کے شہر ساؤ پالو میں نکلنے والی ریلی میں ہزاروں افراد نے پلے کارڈز اٹھائے شرکت کی۔ مظاہرین کا موقِف تھا کہ صدر بولسونارو کی حکومت کورونا وبا سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے، پٹرول کی قیمت بڑھ چکی ہے جبکہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ہے۔ مظاہرین نے صدر بولسونارو کے مواخذے کا بھی مطالبہ کیا۔

٭…جاپان کے سابق وزیر خارجہ “فومیو کشیدا” حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر اور جاپان کے نئے وزیر اعظم منتخب کرلیے گئے۔ نئے لیڈر کے لیے چار ارکان کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔ یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم سوگا نے کورونا وبا کے حوالے سے تنقید کے بعد عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔

٭…افریقن مسلم ملک تیونس کے صدر نے پہلی بار ایک خاتون نجلاء بودن کو وزیر اعظم کے طور پر حکومت بنانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ نئی تعینات ہونے والی وزیر اعظم پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں اوروہ ورلڈ بینک میں کام کرچکی ہیں۔خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں صدر قیس سعید نے سابق وزیراعظم کو برطرف کرنے کے بعد پارلیمنٹ کو معطل کرتے ہوئے انتظامی اختیارات حاصل کر لیے تھے جس کی وجہ سے ان پر نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے ملکی اور عالمی دباؤ میں بدستور اضافہ ہو رہا تھا جبکہ اپوزیشن نے صدر کے اقدام کو بغاوت قرار دے کر مظاہروں کا آغاز کر دیا تھا۔

٭…فرانسیسی کیتھولک چرچ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سال 1950ء سے اب تک بچوں کے ساتھ زیادتی کے ہزاروں ملزمان کا تعلق فرینچ کیتھولک چرچ سے رہا۔ اس چرچ کے 2900 سے 3200 پادری اور دیگر ارکان بچوں سے زیادتی میں ملوث تھے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے 2018ء میں ایک خودمختار کمیشن بنایا گیا تھا، کمیشن کی تفصیلی رپورٹ منگل کو جاری کی جائے گی۔

٭… امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کی جانب سے چاقو اور بیس بال بیٹ کی مدد سے کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے حملہ آور شان رنیون کو اسپتال سے حراست میں لے لیا۔

٭… افغان صوبے ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہو گئے جن میں افغان صحافی اور لیکچرر سید معروف سعادت بھی شامل ہیں۔

٭… افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید گاہ مسجد کے دروازے پر بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ یہ دھماکا اُس وقت ہوا جب طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی جاری تھی۔

٭…افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے علاقہ پچیر آگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کالعدم لشکر اسلام کا اہم کمانڈر عمر آفریدی ہلاک ہوگیا۔ دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد پشاور میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عمر آفریدی کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے۔

٭…مغربی افریقی ملک مالی میں دھماکے سے اقومِ متحدہ (یو این) امن مشن کا ایک رکن ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق دھماکا مالی کے شمالی علاقے میں الجیریا کی سرحد کے قریب ہوا۔ مالی میں اقوامِ متحدہ امن مشن کے نمائندے کا واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ ایک بزدلانہ حملہ ہے۔ حملہ امن مشن کے اس عزم کو تقویت دیتا ہے کہ وہ مالی میں رہنے والے لوگوں کی امن اور استحکام کی جدوجہد میں مزید مدد کریں۔

٭… افغان وزارت دفاع کی جانب سے ملک بھر میں ہتھیاروں کی خریدو فروخت پر پابندی لگادی گئی ہے۔ بارودی مواد کے ساتھ ساتھ بغیرکاغذات گاڑیوں کی خریدو فروخت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔افغان وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ کچھ غیرذمہ دار افراد نے سرکاری دفاتر اور اہلکاروں سے ہتھیار اورگاڑیاں لی تھیں، واپسی کےعمل میں ان افراد نے ہتھیار اور گاڑیاں واپس نہیں کیں، اب وہ لوگ ان ہتھیاروں اور گاڑیوں کو بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

٭…متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابوظبی میں ایئر ایمبولنس گرنے کے حادثے میں 2 پائلٹس، ڈاکٹر اور نرس جاں بحق ہوگئی۔

٭…سلطنت عمان کی طرف بڑھنے والے سمندری طوفان شاہین کے ٹکرانے کے باعث عمان اور ایران میں مختلف واقعات میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔طوفان کے زیراثر عمان کے حصوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہواؤں کی رفتار 120 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

٭… اٹلی کے شمالی علاقے میلان میں چھوٹا طیارہ خالی عمارت سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں گلی میں کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ حادثے کے باعث طیارے میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

٭…برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق برطانیہ میں پیٹرول بحران سے نمٹنے کے لیے آرمی ٹینکر ڈرائیورز 4؍ اکتوبرسے عارضی طور پر تعینات کیے جارہے ہیں۔ آرمی ٹینکر ڈرائیور پیٹرول اسٹیشن تک پیٹرول پہنچائیں گے۔ برطانیہ میں لاری ڈرائیورز کی شدید کمی کے باعث پیٹرول کی ترسیل چیلنج بن گئی ہے اور عوام کئی روز سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

٭…دبئی میں دنیا کے بڑے ثقافتی میلے دبئی ایکسپو 2020ء کا افتتاح ولی عہد شیخ حمدان بن محمد المکتوم نے کیا۔ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، یہ میلہ چھ ماہ تک جاری رہے گا۔ یہ افتتاحی تقریب دنیا کی سب سے بڑی 360 ڈگری پروجیکشن سکرین کے ذریعے دکھائی گئی۔

٭…برازیل کے شہر فورٹالیزا سے تعلق رکھنے والی 8سالہ نکول اولیویرا (Nicole Oliveira) نے دنیا کی سب سے کم عمر ماہرِ فلکیات ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ نکول نے ناسا سے وابستہ پروگرام میں شامل ہوکر 18 ایسٹرائیڈز یعنی سیارچوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ ناسا کے اس پروجیکٹ کو ایسٹرائیڈ ہنٹرز (Asteroid Hunters) کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو کائنات میں دریافتوں کے لیے مدد دے کر سائنس سے متعارف کروانا ہے۔

٭…امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بحال کروانے کے لیے عدالت میں درخواست دے دی۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ طالبان کو جنگی فتوحات کے ٹوئٹ کرنے دیے گئے جبکہ انتخابی فتوحات بتانے پر میرا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا گیا اور امریکی کانگریس ارکان نے زبردستی ٹوئٹر سے میرا اکاؤنٹ بند کروایا۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر نے اشتعال انگیز ٹوئٹس کی بنا پر جنوری2021ء میں ٹرمپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button