افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

جامعہ احمدیہ انڈونیشیا اور مدرسۃ تحفیظ القرآن کے فارغ التحصیل طلباء کے لئے آن لائن تقریب تقسیمِ اسناد

(فضلِ عمر فاروق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل انڈونیشیا)

اللہ تعالیٰ کے بے حد فضل و احسان اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سے حضرت مسیح موعودؑ کی قائم کردہ دینی درس گاہ کی ایک شاخ جو مشرق بعید میں واقع ہے یعنی جامعہ احمدیہ انڈونیشیا سے اس سال4شاہدین اور 7 مبشرین فارغ التحصیل ہوئے۔ کورونا وبا کی حالیہ صورتحال کی وجہ سے تقسیم اسناد کا پروگرام آن لائن مورخہ 15؍جولائی 2021ء بروز جمعرات گیسٹ ہاؤس کے ہال میں منعقد ہوا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل امیر مکرم مولانا عبد الباسط صاحب اور مشنری انچارج مکرم مولانا معراج الدین صاحب تھے۔ جامعہ احمدیہ انڈونیشیا کے اساتذہ و طلباء، ممبران مجلس عاملہ اور فارغ التحصیل مربیان کرام کے والدین بھی اس پروگرام میں آن لائن شامل ہوئے۔

اس بابرکت تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو احمد حسن صاحب نے کی۔ اس کے بعد انوار احمد صاحب نے خوش الحانی سے نظم پیش کی۔ مکرم معصوم احمد شاہد  صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ انڈونیشیا نے دورانِ سال ہونے والی سرگرمیوں کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم مشنری انچارج صاحب نے وقفِ زندگی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے تبلیغی میدان کے بعض ایمان افروز واقعات کا ذکرکیا اور مبلغین کرام کو قیمتی نصائح کیں۔  مکرم نیشنل امیر صاحب نے نظام خلافت سے کامل وابستگی، توکل علی اللہ  اور مجاہدات کے موضوعات پر مختصر تقریر کی۔ تقسیمِ اسناد کے بعد دورانِ تعلیمی سال تمام کلاسز میں اول، دوم اور سوم  پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے اسماء پڑھ کر سنائے گئے۔ آخر پر مکرم نیشنل امیر صاحب  نے  پرنسپل صاحب اور جملہ اساتذہ کو مبارک باد پیش کی اور اجتماعی دعا سے اس تقریب کا اختتام کیا۔

اس سال درج ذیل شاہدین فارغ التحصیل ہوئے: مکرم محمد فخر الرجال صاحب، مکرم ابرار احمد صاحب، مکرم احمد حسن صاحب اور مکرم فاتح احمد صاحب۔

جامعہ احمدیہ انڈونیشیا کے فارغ التحصیل مبشرین مکرم نیشنل امیر صاحب کے ہمراہ

جبکہ اس سال درج ذیل مبشرین فارغ التحصیل ہوئے: مکرم احمد ظفر اللہ صاحب، مکرم یوسف احمد صاحب، مکرم انوار احمد صاحب، مکرم مصلح الدین احسان صاحب، مکرم ہادیت ہُدیٰ صاحب، مکرم مبارک احمد صاحب اور مکرم بلال احمد صاحب۔


جامعہ احمدیہ انڈونیشیا کے فارغ التحصیل شاہدین مکرم نیشنل امیر صاحب کے ہمراہ

اسی طرح مدرسہ تحفیظ القرآن جو جامعہ احمدیہ انڈونیشیا کے تحت  ہے میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے تین سالہ کورس مکمل کرنے کے بعد  اس سال 6 طلباء فارغ التحصیل ہوئے۔ ان طلباء کے اسماء درج ذیل ہیں: عزیزم حافظ کاشف احمد، عزیزم حافظ عبد الباسط، عزیزم عبد الباسط، عزیزم مسرور نور عرفان، عزیزم بلال مفتاح الزمان اور عزیزم رجال احمدی۔

مدرسہ تحفیظ القرآن انڈونیشیا کے فارغ التحصیل طلباء مکرم نیشنل امیر صاحب کے ہمراہ

احباب جماعت سے دعا کی  درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس دینی درسگاہ سے  ہمیشہ ایسے وجود عطا کرتے رہے جو قرآن کریم کے عاشق ہوں اور مقبول خدمت دین کرنے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی مہمات میں غیر معمولی  برکات عطا کرے تا انڈونیشیا کے طول و عرض میں پاک فطرت انسان احمدیت یعنی حقیقی اسلام میں داخل ہوں۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button