یورپ (رپورٹس)

سویڈن میں یوم خلافت کے حوالے سے آن لائن سہ روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

مولانا محمد حمید کوثر صاحب (ناظر دعوت الی اللہ شمالی ہند)، مکرم عابد وحید صاحب (پریس سیکرٹری جماعت احمدیہ) اور صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب کی آن لائن شمولیت

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ازراہ شفقت اجازت سے جماعت احمدیہ سویڈن کو امسال یوم خلافت کے حوالے سے تین دن پروگرامز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ نے ازراہ شفقت تینوں دن مہمان مقررین کی شمولیت کی بھی اجازت عطا فرمائی ۔ الحمد للہ

سہ روزہ پروگرام میں مبلغین اور مہمانوں کی تقاریر کے علاوہ نوجوانوں سے مختلف موضوعات پر سویڈش اور انگلش زبان میں Presentations بھی تیار کروائی گئیں۔ اسی طرح چھوٹے بچے اور بچیوں سے خلفاء حضرت مسیح موعودؑ کے قبولیت دعا کے واقعات اور خلافت کے بارے میں مختلف اشعار ریکارڈ کروائے گئے۔ اسی طرح سویڈش زبان میں ایک ڈسکشن پروگرام بھی رکھا گیا جس میں تین ممبرز نے خلافت امن عالم کی ضمانت ہے کہ عنوان پر گفتگو کی۔ پروگرام میں حضور انور ایدہ اللہ کے اپنے الفاظ میں خلافت کی اہمیت اور برکت کے حوالے سے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے جو کہ تمام شاملین کے ایمانوں میں ترقی کا باعث بنے۔

پروگرام روزانہ 2 گھنٹے کا رکھا گیا۔ جس میں تقاریر کے درمیانی وقفہ میں بچے بچیوں اور خدام کے ریکارڈ کیے ہوئے دعائیہ واقعات اور اشعار چلائے جاتے رہے۔ جس سے پروگرام میں دیکھنے والوں کی دلچسپی بہت بڑھی۔ اسی طرح ان پروگرامز کو تیار کرنے والے بچے، بچیوں اور نوجوانوں کی تربیت بھی ہوئی۔

پروگرام کا آغاز جمعہ کے روز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد محترم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نےافتتاحی تقریر میں پروگرام کے انعقاد کے مقصد کو بیان کیا اوربتایا کہ جماعت میں یوم خلافت بہت جوش و جذبے سے ہر سال منایا جاتا ہےتاکہ ہم خدا تعالیٰ کی اس نعمت کا شکر انہ ادا کرنے کی کوشش کریں اور ہماری آنے والی نسلیں بھی اس سے فیضیاب ہوتی رہیں۔ اور انہیں بار بار یاددہانی کروائی جاتی رہے کہ آپ دنیا کے خوش قسمت ترین لوگ ہیں جنہیں اللہ نے خلافت کی اس عظیم نعمت سے نوازا ہے۔ نیز آپ نے پروگرام سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔

پہلے دن کے مہمان مقرر مولانا محمد حمید کوثر صاحب ناظر دعوت الی اللہ شمالی ہند تھے۔ آپ نے ایم ٹی اے سٹوڈیو قادیان سے اس جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ آپ نے نظام خلافت کی اہمیت اور اس کے ثمرات کے عنوان پر تقریر کی۔ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں بتایا کہ خدا تعالیٰ کی پہلی قدرت نبوت ہوتی ہےاور دوسری قدرت یعنی قدرت ثانیہ سے مراد خلافت ہوتی ہے ۔آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی دعاؤں کے مختلف ثمرات کا بھی ذکر کیا۔ آخر میں آپ نے حضور انور کی خدمت میں بار بار دعائیہ خطوط لکھنے کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ دعائیہ خط لکھنے کے بعد ہمیں چاہیے کہ ہم کثرت سے حضور انور کے لیے دعاؤں میں لگ جائیں۔

دوسرے دن کے مہمان خصوصی مکرم عابد خان صاحب پریس سیکرٹری جماعت احمدیہ تھے۔ آپ نے افراد جماعت کے حضرت خلیفۃ المسیح سے محبت کے مختلف واقعات بیان کیے۔ آپ نے بتایا کہ ہماری جو بھی پہچان ہے وہ خلافت کے ساتھ تعلق کا نتیجہ ہے اگر خلافت کے ساتھ یہ تعلق نہ ہو تو تمام برکات ختم ہو جاتی ہیں۔ جتنا ہم خلیفۃ المسیح کے قریب روحانی طور پر ہوں گے اتنا ہی ہم اپنی زندگی کا مقصدپورا کر رہے ہوں گے۔ ہماری خلیفۃ المسیح سے قربت جسمانی طور پر ہونا کافی نہیں ہے بلکہ اصل قربت اور تعلق خلافت کی اطاعت ، اس کے مقام کو سمجھنا اور اس کی حفاظت کےلیے کوشش کرنا ہے۔

تیسرے دن کا اجلاس محترم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن کی صدارت میں ہوا۔ آج کے مہمان خصوصی مکرم صاحبزادہ میاں وقاص احمد صاحب تھے۔ آپ نے خلیفہ وقت اور جماعت کے باہمی تعلق کے عنوان پر بہت مؤثر انداز میں تقریر کی۔ مختلف واقعات کے ذریعہ آپ نے خلیفۃ المسیح اور جماعت کے باہمی تعلق اور اس کی مضبوطی کو بیان کیا۔ جماعت احمدیہ اور خلیفہ وقت ایک وجود کے دو نام ہیں۔ خلیفہ وقت وہ وجود ہے جو جماعت کے ہر رنج میں شریک ہوتا ہے اور ان کے خوشیوں میں بھی شامل ہوتاہے۔ خلیفہ وقت جماعت کےلیے دعائیں کرتا ہے اور جماعت خلیفہ وقت کی صحت و سلامتی کےلیے خدا کے حضور دعا گو رہتی ہے۔

اس کے علاوہ مبلغین کرام سویڈن کی طرف سے خلیفہ خدا بناتا ہے، نظام خلافت اور تزکیہ نفس، خلافت اور نونہالان جماعت اور ضرورت خلافت اور خلافت کے قیام کےلیے دنیاوی کوششیں ان کی ناکامی اور خلافت احمدیہ کی صداقت کے لیے خدا تعالیٰ کی فعلی شہادت کے عناوین پر پراثر تقاریر کی گئیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تین روزہ پروگرام سب احباب جماعت نے بہت پسند کیا۔ یہ پروگرام ایم ٹی اے سویڈن کی ٹیم کی مدد سےیوٹیوب اور فیس بک پر لائیو نشر کیا گیا۔ بچیوں سے ریکارڈنگز کروانے میں نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ اور ان کی ٹیم نے بھرپور تعاون کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزا

یوٹیوب کا لنک احباب جماعت سویڈن کو روزانہ بھجوایا جاتا رہا۔ جس کے نتیجہ میں کثیر تعداد میں احباب جماعت نے یوٹیوب پر لائیو پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ یوٹیوب پر اس پروگرام کو تقریباً چار ہزار چار سو سے زائد لوگوں نے دیکھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ پروگرام کے بعد بہت سے احباب نے میسج کر کے اور فون کے ذریعہ پروگرام کو پسند کرنے کے بارے میں بتایا۔ الحمد للہ علی ذالک۔

قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ سب احمدیوں کو خلافت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری آئندہ نسلیں بھی اس ذمہ داری کو سمجھیں اور نظام خلافت کی حفاظت کے لیےہر قربانی کے لیے ہر دم تیار رہیں۔ آمین

(رپورٹ۔ رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button