افریقہ (رپورٹس)

ساؤتومے میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعودؑ

(انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ساؤتومے)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو مارچ 2021ء میں ملک کی مختلف جماعتوں میں14 جلسہ ہائے مسیح موعود علیہ السلام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تمام جلسوں کی کل حاضری345 رہی۔

ساؤتومے ملک میں اسلام ایک نیا مذہب ہے۔ اس ملک کے تمام احمدی عیسائیت سے جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام میں داخل ہوئے ہیں۔ ان نومبائعین کی تعلیم و تربیت کے لیے جماعت احمدیہ کے مبلغین تربیتی جلسوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ چنانچہ مارچ کے مہینے میں ملک کے طول و عرض میں یوم مسیح موعودؑ کے جلسے منعقد کیے گئے۔ ان جلسوں میں سیرت حضرت مسیح موعودؑ، حضرت مسیح موعودؑ کے بارہ میں قرآنی و انجیلی پیشگوئیاں اور حضرت مسیح موعودؑ بطور کا سر صلیب کے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ ساؤ تومے کے مقامی احمدی چونکہ عیسائیت کو ترک کرکے اسلام احمدیت میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس لیے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا صلیبی موت سے بچ جاناکے موضوع پر سوال و جواب بھی ہوتے رہے۔ احباب جماعت کوعیسائیت میں تبلیغ کرنے کے لیے دلائل بھی سکھائے گئے۔

جماعت پورتو الیگری میں مورخہ 20؍مارچ 2021ء کی رات کو ایک جلسہ یوم مسیح موعودؑ کا انعقاد کیا گیا۔ اس جلسہ میں ملک کی 13 جماعتوں کے 90 احباب نے شرکت کی۔ جلسہ میں تلاوت و نظم کے بعد مبلغین نے تقاریر کیں۔ اس کے بعد دینی معلومات کا مقابلہ کروایا گیا۔ تمام احباب کے لیے جلسے کے بعد رات مسجد میں رہنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ صبح نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ نماز فجر اور درس قرآن کے بعد خدام کی تین ٹیموں (ساؤتومے شہر، نیوش اور پورتوالیگری) کے درمیان فٹبال کے میچز کروائے گئے۔ فٹبال کا فائنل پورتوالیگری کی ٹیم نے جیتا۔ فٹبال کھیلنے کے بعد احباب جماعت نے ناشتہ کیا۔ پورتوالیگری ایک سیاحتی مقام ہے۔ ناشتہ کے بعد پورتوالیگری کے باہر کی جماعتوں سے آنے والے احباب نے اس قصبہ کی سیر کی۔ سیر کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور دوپہر کے کھانے کے بعد تمام احباب اپنی اپنی جماعتوں میں واپس چلے گئے۔

ساؤتومے و پرنسپ ملک دو جزیروں پر مشتمل ہے۔ جزیرہ پرنسپ میں دو سال قبل جماعت کا پودا لگا تھا اور اس جزیرے کی پہلی مسجد (مسجد بشارت) تین ماہ قبل تعمیر ہوئی ہے۔ موجودہ وبا اور سفر کے پیش نظر وہاں جا کر جلسہ کرنا ممکن نہیں تھا اس لیے وہاں کی دو جماعتوں کے افراد مسجد میں جمع ہوئے اور آن لائن جلسہ مسیح موعود کا انعقاد کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس جزیرے پر جماعت کا پیغام بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ یوم مسیح موعود تما م جماعت کے لیے بہت بابرکت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button